۱۰۰۔ سورۃ العاديات

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

مَیں شہادت کے طور پر ان جماعتوں کو پیش کرتا ہوں جو گھوڑوں پر چڑھ کر اس طرح بے تحاشا دوڑتی ہیں کہ ان کے گھوڑوں کے منہ سے آوازیں نکلنے لگ جاتی ہیں۔[1]

[1] اس آیت میں اسلام کی صداقت کے ثبوت میں صحابہؓ کو پیش کیا ہے گو الفاظ گھوڑوں کے مناسب حال رکھے ہیں مگر چونکہ گھوڑا خودنہیں چلتا بلکہ اس کو سوار چلاتا ہے اس لئے اس سے مراد گھوڑوں پر چڑھنے والی جماعتیں ہیں یعنی صحابہؓ جو جہاد کرتے تھے۔

نیز ان گھوڑ سواروں کو جن کے مرکب[1] چوٹ مار کر چنگاریاں نکالتے ہیں۔[2]

[1] مرکب: سواریاں۔

[2] اس آیت کی تشریح بھی وہی ہے جو آیت۲ کے نوٹ میں بیان کی گئی ہے۔

پھر صبح ہی صبح [3]حملہ کرنے والوں کو۔

[3] اس آیت نے سارا راز ظاہر کر دیا ہے۔ کیونکہ اس جگہ پر صبح کے وقت حملہ کرنے کا ذکر ہے۔ اور ایسی احتیاط سے حملہ کرنا گھوڑے کا کام نہیں بلکہ سوار کا کام ہے پس ثابت ہو گیا کہ اس جگہ پر صحابہؓ کا ذکر ہے نہ کہ خالی سواریوں کا۔

جس کے نتیجہ میں اس (صبح کے وقت) میں غبار اڑاتے[4] ہیں۔

[4] یعنی جب وہ حملہ کرتے ہیں تو صرف سڑکوں پر سے ہی چنگاریاں نہیں نکلتیں بلکہ ایک ایسا شور پڑ جاتا ہے کہ جس گاؤں پر انہوں نے حملہ کیا ہوتا ہے اس کے لوگ گھبرا کر نکل آتے ہیں اور تمام جَوّ میں غبار اڑنے لگتا ہے۔

اور لشکر میں گھس جاتے ہیں[5]۔

[5] یعنی یہ سواروں کی جماعت جو حملہ کرتی ہے اس قبیلہ کے لوگوں کو دیکھ کر جن پر حملہ کیا گیا ہے ڈر نہیں جاتی بلکہ دلیری کے ساتھ ان کے اندر گھس جاتی ہے جس کے نتیجہ میں لڑائی دست بدست ہونے لگ جاتی ہے۔

انسان یقیناً اپنے رب کا بڑا ہی ناشکر گذار[6] ہے۔

[6] اس آیت میں صحابہؓ سے لڑنے والوں کا ذکر کیا گیا ہے کہ وہ نہایت ناشکر گذار ہیں۔ یعنی صحابہؓ جو خدا کا کلام ان کے آگے پیش کرتے ہیں وہ بجائے ان کا اعزاز کرنے کے ان سے جنگ کرتے ہیں اور اپنے قول اور فعل سے اپنی ناشکری کی گواہی دیتے ہیں۔

اور وہ یقیناً اس پر (اپنے قول اور فعل سے) گواہی دے رہا ہے۔

اور وہ (باوجود اس کے) یقیناً مال کی محبت میں بہت بڑھا [7]ہوا ہے۔

[7] یعنی یہ کفار اتنا بھی نہیں سمجھتے کہ مسلمان جن کے لئے فتح مقدر ہے ان کے ساتھ لڑائی کا نتیجہ تو یہ نکلے گا کہ مال ضائع ہو جائیں گے۔ مگر اپنی حرص کے باوجود وہ اپنی نابینائی کی وجہ سے لڑتے چلے جاتے ہیں محض اس خیال سے کہ شاید کوئی ایسی صورت نکل آئے کہ ہم فاتح ہو جائیں اور مال ہمیں مل جائیں۔

کیا ایسا انسان نہیں جانتا کہ جب وہ (لوگ) جو قبروں میں ہیں اٹھائے جائیں گے۔

اور جو کچھ سینوں میں (چھپا پڑا) ہے نکال لیا جائے گا[1]۔

[1] اگر ان آیات کو دنیا پر محمول کیا جائے تو اس کے معنے یوں ہوں گے کہ وہ کفار جو بظاہر زندہ ہیں۔ لیکن دین کے لحاظ سے قبروں میں دفن ہیں جب ان کو اسلام کے مقابل پر کھڑا کر دیا جائے گا تو ان کے دلوں میں جو راز چھپے پڑے ہیں وہ ظاہر کر دئے جائیں گے۔ یعنی دلوں میں تو وہ اسلام کی بہت سی صداقتیں مان چکے ہیں صرف ظاہر میں اسلام کا مقابلہ کر رہے ہیں اس مضمون کو ایک تاریخی واقعہ نہایت اچھی طرح واضح کرتا ہے۔ جب مکہ فتح ہوا تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اعلان فرمایا کہ جن لوگوں نے مسلمانوں کو جنگ میں نہیں بلکہ جنگ کے بغیر قتل کیا یا کروایا تھا ان کی سزا یہی ہے کہ ان کو معاف نہ کیا جائے بلکہ ان کو قتل کیا جائے۔ چنانچہ ابوسفیان کی بیوی ہندہ بھی انہی لوگوں میں شامل تھی اور وہ سمجھتی تھی کہ میں اگر مسلمانوں کے ہاتھ آگئی تو مار دی جاؤں گی کیونکہ میں نے کئی دفعہ امن کے زمانہ میں مکہ والوں کو مسلمانوں کے خلاف بھڑکایا ہے اور جنگِ اُحد میں باوجود اس کے کہ میں عورت تھی اور میرے خلاف لڑائی کرنے والے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہؓ کو روکا تھا اور فرمایا تھا کہ عورت پر حملہ نہ کیا جائے۔ پھر بھی میں نے ایک حبشی غلام وحشی نامی کو انعام دے کر اس بات کے لئے کھڑا کیا کہ وہ حضرت حمزہؓ کا پیٹ چاک کرکے اس میں سے اس کا کلیجہ نکال لائے اور اسی طرح ان کے کان کاٹ دے۔ جب عورتیں بیعت کرنے کے لئے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئیں تو ہندہ بھی ایک بڑی چادر اوڑھ کر انہی کے ساتھ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آگئی۔ جب آپ نے بیعت لینی شروع کی اور فرمایا کہ کہو ہم شرک نہیں کریں گی تو ہندہ بے اختیار بول اٹھی اور کہا یا رسول اللہ! کیا اب بھی جب کہ آپ کا اکیلا خدا جیت گیا ہے اور ہمارے ہزاروں بت ہار گئے ہیں ہم شرک کر سکتے ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ کیا یہ ہندہ بول رہی ہے۔ اس پر اس نے کہا یا رسول اللہ! اب آپ میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتے کیونکہ مسلمان کا خداتعالیٰ حافظ ہوتا ہے اور اس کے سب پچھلے گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تو ٹھیک کہتی ہے اور اس کو چھوڑ دیا۔

اس دن ان کا رب یقیناً ان کی نگرانی کرنے والا ہوگا۔

آج 10 میں سے 10 باقی