۱۰۱۔ سورۃ القارعة
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
(دنیا پر) ایک شدید مصیبت (آنے والی ہے)
اور تجھے کیا معلوم کہ وہ مصیبت کیسی ہے۔
اور (پھر ہم کہتے ہیں کہ اے مخاطب)! تجھے کیا معلوم ہے کہ یہ (عظیم الشان) مصیبت کیا چیز ہے۔
(یہ مصیبت جب آئے گی) اس وقت لوگ پراگندہ پروانوں کی طرح (حیران پھر رہے) ہوں گے۔
اور پہاڑ اُس پشم کی مانند ہو جائیں گے جو دُھنکی ہوئی ہوتی ہے۔[1]
[1] جیسا کہ ہم پہلے کئی بار بتا چکے ہیں، پہاڑ کے معنے عربی لغت میں بڑے آدمی کے بھی ہیں اور اس جگہ وہی مراد ہیں اور مطلب یہ ہے کہ جب وہ عظیم مصیبت آئے گی یعنی کفار کی شکست کی، تو اس وقت بڑے بڑے آدمی بجائے اکٹھے ہو کر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر حملہ کرنے کے اِدھر اُدھر بھاگتے پھریں گے۔ کوئی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بیعت کے لئے دوڑ پڑے گا جیسے عمرو بن العاص اور ابوسفیان وغیرہ جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بیعت کرنے کے لئے روانہ ہو گئے۔ اور کوئی مکّہ سے باہر بھاگ جائے گا جیسے عکرمہ بن ابی جہل جو جان بچانے کے لئے حبشہ بھاگ گیا۔ پس اس طرح سارے رؤساء عرب دھنکی ہوئی اون کی طرح ہو گئے۔
اس وقت جس کے (اعمال کے) پلڑے بھاری ہوں گے۔
وہ تو (بہترین اور) پسندیدہ حالت میں ہوگا۔
اور جس کے (اعمال کے) پلڑے ہلکے ہوں گے۔
اس کا ٹھکانا ہاویہ[2] (یعنی جہنّم) ہوگا۔
[2] قرآن کریم میں اُمٌّ کا لفظ ہے جس کے معنے ماں کے ہوتے ہیں۔ مگر ہم نے اس کا ترجمہ ٹھکانا کیا ہے۔ اس لئے کہ قرآن کریم نے ماں کو بھی انسان کے ٹھہرنے کی جگہ قرار دیا ہے جیسا کہ وہ فرماتا ہے جَعَلْنٰـہُ نُطْفَۃً فِیْ قَرَارٍ مَّکِیْنٍ (مومنون: ۶) پس ہم نے ٹھکانا کا لفظ استعمال کر دیا ہے۔ ماں کا نہیں جس کو اردو جاننے والے سمجھ نہیں سکتے تھے۔
اور (اے مخاطب)! تجھے کیا معلوم ہے کہ یہ (ہاویہ) کیا ہے۔
یہ ایک دہکتی ہوئی آگ ہے۔