۱۰۲۔ سورۃ التكاثر
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
تم کو ایک دُوسرے سے بڑھنے کی خواہش نے غفلت میں ڈال دیا [1](اور تم اسی طرح غافل رہو گے)
[1] اس آیت میں اس طرف اشارہ ہے کہ کفار میں نیکیاں تو نہیں تھیں مگر وہ کسی نہ کسی فریب کے ذریعہ سے مسلمانوں سے بڑھنا چاہتے تھے اور اس کا نتیجہ یہ ہوتا تھا کہ وہ اپنے تصنع والے اعمال کو اصلی اعمال سمجھ لیتے تھے اور دین کی روح سے غافل ہو جاتے تھے۔
یہاں تک کہ تم مقبروں میں جا پہنچو گے۔[2]
[2] یعنی موت تک اُن کا یہی حال چلا جاتا تھا۔ سوائے چند ایسے لوگوں کے جن کو خداتعالیٰ ہدایت دے دیتا تھا۔ اور آپ ہدایت پانے اور خداتعالیٰ کی دی ہوئی ہدایت سے فائدہ اٹھانے میں بڑا فرق ہے۔ آپ پائی ہوئی ہدایت خداتعالیٰ کی طرف منسوب نہیں ہو سکتی۔
(خوب یاد رکھو کہ) تم لوگ عنقریب (قرآن کریم کی بیان کردہ حقیقت کو) جان لوگے۔
پھر (ہم کہتے ہیں کہ تمہاری حالت اس طرح نہیں جس طرح تم سمجھتے ہو اور) عنقریب تم کو معلوم ہو جائے گا (کہ تمہاری اندرونی حالت حقیقتہً وہی ہے جو قرآن کریم نے بیان کی ہے)
(اصل حقیقت تمہارے خیالات کے مطابق) ہرگز نہیں (ہے) کاش تم اصل حقیقت علم یقین کی مدد سے جان سکتے۔
(تب تم کو معلوم ہو جاتا کہ) تم ضرور جہنم کو (اسی دنیا میں) دیکھو گے۔
اور اس کے بعد تم اسے یقین کی آنکھ سے (آخرت میں) بھی دیکھ لو گے۔
پھر (یہ بھی یاد رکھو کہ) تم سے اس دن (ہر بڑی) نعمت کے متعلق سوال کیا جائے گا (کہ تم نے اس کا شکر ادا کیا ہے یا نہیں کیا)