۱۰۴۔ سورۃ الهمزة

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

ہر غیبت کرنے والے (اور) عَیب چینی کرنے والے کے لئے عذاب (ہی عذاب) ہے۔

جو مال کو جمع کرتا ہے اور اس کو شمار کرتا رہتا ہے۔

وہ خیال کرتا ہے کہ اس کا مال اس (کے نام) کو باقی رکھے گا۔

ہرگز ایسا نہیں (جیسا اس کا خیال ہے بلکہ) وہ یقیناً (اپنے مال سمیت) حُطَمَہ [1]میں پھینکا جائے گا۔

[1] حُطَمَہ سے مراد دوزخ ہے کیونکہ حُطَمَہ کے معنے ہوتے ہیں جس کو توڑا جائے۔ اور قرآن کریم اور احادیث سے ظاہر ہے کہ آخر اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر رحم کرکے دوزخ کو مٹا دے گا۔ چنانچہ قرآن کریم میں بھی آیا ہے کہ اُمُّہٗ ھَاوِیَہ (سورۃ قارعہ) یعنی انسان ہمیشہ دوزخ میں نہیں رہے گا۔ بلکہ جس طرح ماں کے پیٹ میں کچھ عرصہ کے لئے رہتا ہے۔ اس طرح کچھ عرصہ کے لئے وہ دوزخ میں رہے گا۔ پھر باہر کی کھلی ہوا یعنی جنت میں آجائے گا۔ اسی طرح حدیث میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیں یَاْتِیْ عَلٰی جَھَنَّمَ زَمَانٌ لَیْسَ فِیْھَا اَحَدٌ وَّ نَسِیْمُ الصَّبَا تُحَرِّکُ اَبْوَابَھَا (تفسیر مَعَالِمُ التَّنزِیل زیر آیت فَاَمَّا الَّذِیْنَ شَقُوْا سورۃ ہود: ۱۰۷) یعنی جہنم پر ایک ایسا زمانہ آئے گا کہ اس میں کوئی شخص نہیں ہوگا اور ہوا اس کے دروازوں کو کھٹکھٹائے گی اس حدیث سے بھی اس قرآنی آیت کی تصدیق ہوتی ہے۔

اور (اے مخاطب)! تجھے کیا معلوم ہے کہ یہ حُطَمَہ کیا شے ہے؟

یہ (حُطَمَہ) اللہ کی خوب[2] بھڑکائی ہوئی آگ ہے۔

[2] خوب بھڑکائی ہوئی کے صرف اتنے معنے ہیں کہ جہنم کا عذاب بڑا سخت ہوگا۔ یہ مرادنہیں کہ غیر محدود ہوگا۔

جو دلوں کے اندر تک[3] جا پہنچے گی۔

[3] اس کے یہ معنے نہیں کہ وہ آگ سارے جسم کو گھلا کر دل تک پہنچ جائے گی۔ بلکہ مراد یہ ہے کہ انسان کے دل میں جو گند ہوں گے وہ ان کو بھی جلا دے گی۔

پھر وہ (آگ) سب طرف سے بند کر دی جائے گی تا کہ اس کی گرمی ان کو اور بھی زیادہ تکلیف دِہ محسوس[1] ہو۔

[1] کیونکہ بند انگیٹھی کی آگ بہت تیز ہو جاتی ہے۔

اور (وہ لوگ اس وقت) لمبے ستونوں کے ساتھ بندھے[2] ہوئے ہونگے۔

[2] یعنی جب عذاب الٰہی آئے گا تو اللہ تعالیٰ کا رحم چاہے گا کہ ان کو دوزخ سے باہر نکالے لیکن ان کے باپ دادوں کی روایات جس پر وہ چلتے تھے اور ان کی رسوم و عادات ان کو دوزخ میں رکھنے پر مصر ہوں گی۔ کیونکہ انہی کی وجہ سے انہوں نے ایسے عمل کیے جن کے باعث وہ دوزخ کے سخت عذاب کے مستحق بن گئے۔

آج 10 میں سے 10 باقی