۱۰۵۔ سورۃ الفيل
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
(اے محمد)! کیا تمہیں[3] معلوم نہیں کہ تمہارے رب نے ہاتھی (استعمال کرنے) والوں کے ساتھ کیسا سلوک کیا۔[4]
[3] اس آیت میں اَلَمْ تَرَ کے الفاظ ہیں اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم واقعہ فِیْل سے ایک ماہ بعد پیدا ہوئے تھے۔ پس معلوم ہوا کہ قرآنی زبان میں جب اَلَمْ تَرَ کا لفظ آئے تو اس کے معنے دیکھنے کے ضروری نہیں ہوتے، بلکہ کبھی اس کے معنے معلوم کرنے کے ہوتے ہیں۔ کیونکہ ایک ماہ بعد پیدا ہونے والا بچہ واقعہ فِیْل کو دیکھ نہیں سکتا تھا۔ پس لازماً اس کے یہ معنے کرنے پڑیں گے ’’کیا تمہیں معلوم نہیں‘‘ یعنی کیا تم نے لوگوں سے یہ روایتیں نہیں سنیں۔
[4] ابرہہ جو حکومت ایبے سینیا کی طرف سے یمن کا گورنر تھا اور جس نے خانہ کعبہ کو گرانے کی اس لئے قسم کھائی تھی کہ کسی عرب نے عیسائی گرجا میں پاخانہ پھر دیا تھا۔ یہ اس کے واقعہ کی طرف اشارہ ہے کہ اس کے حملہ کے وقت اس کو کیا کیا سزا ملی۔
کیا (ان کو حملہ سے قبل ہلاک کرکے) اُن کے منصوبہ کو باطل نہیں کر دیا۔
اور (اس کے بعد) اُن (کی لاشوں) پر جھنڈ کے جھنڈ پرندے بھیجے۔
(جو) اُن (کے گوشت) کو سخت قسم کے پتھروں پر مارتے (اور نوچتے[1]) تھے۔
[1] یہ فقرہ تقلیب نسبت کے طور پر استعمال ہوا ہے جیسے کہتے ہیں ’’پرنالہ چلتا ہے‘‘ یا ’’نہر چلتی ہے‘‘ حالانکہ نہ نہر چلتی ہے، نہ پرنالہ چلتا ہے۔ بلکہ پانی چل رہا ہوتا ہے۔ اسی لئے ہم نے ترجمہ یہ نہیں کیا کہ پرندے اصحابِ فیل پر پتھر مارتے تھے بلکہ یہ کیا ہے کہ ان کے گوشت کو وہ سخت قسم کے پتھروں پر مارتے تھے اور نوچتے تھے کیوں کہ یہاں تَرْمِیْھِمْ بِحِجَارَۃٍ آتا ہے اور عربی زبان میں بَاء کے معنے عَلٰی کے بھی ہوتے ہیں۔ پس لفظی طور پر عربی کے لحاظ سے یہ ترجمہ ہو جائے گا کہ وہ ان کو پتھروں پر مارتے تھے اور یہی ترجمہ ہم نے کیا ہے۔ چیلیں وغیرہ جب مُردوں کے گوشت کھاتی ہیں تو اسی طرح کھاتی ہیں پہلے مُردے کی ایک بوٹی اٹھا کر لے جاتی ہیں۔ پھر پتھر پر بیٹھ جاتی ہیں۔ پھر چونچ سے اس بوٹی کو پکڑ کر باربار پتھر پر مارتی ہیں اور پھر کھاتی ہیں۔ غالباًاس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ اگر بوٹی کو مٹی یا ریت وغیرہ لگ گئی ہو تو اس کو دور کر دیں۔
سو اس کے نتیجہ میں اس نے انہیں ایسا بھوسا کی طرح کر دیا جسے جانوروں نے کھا لیا [2]ہو۔
[2] یعنی جیسے کھایا ہوا بھوسہ ناکارہ ہو جاتا ہے۔ اسی طرح اصحاب الفیل بالکل ناکارہ ہو گئے۔