۱۰۸۔ سورۃ الكوثر
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
(اے نبی)! یقیناً ہم نے تجھے کوثر[2] عطا کیا ہے۔
[2] کَوْثَر کے معنے ہر چیز کی کثرت کے ہیں نیز ایسے شخص کے جو بہت خیرات کرنے والا اور سخی ہو۔ جیسا کہ حدیثوں میں مسیحؑ کی نسبت آتا ہے کہ وہ آئے گا اور مال لٹائے گا لیکن لوگ اسے قبول نہیں کریں گے۔ پس اس جگہ ایک آنے والے اُمّتی کا ذکر ہے جو روحانی طور پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا بیٹا ہوگا۔ چنانچہ اس سورۃ میں بتایا ہے کہ کافر کہتے ہیں کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اَبتر ہیں۔ وہ کس طرح اَبتر ہو سکتے ہیں جبکہ ان کی روحانی اولاد میں تو ایک ایسا شخص کھڑا ہونے والا ہے جو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی لائی ہوئی تعلیم کے خزانے لٹائے گا۔ یہاں تک کہ لوگ اس کے دئے ہوئے مال کو قبول کرنے سے انکار کر دیں گے اور ایسا مال جس کے لینے سے لوگ انکار کرتے ہیں علمی خزانے ہی ہوتے ہیں ورنہ ظاہری مال کے لحاظ سے تو اگر کسی کے پاس کروڑ پونڈ ہو تو اسے اگر ایک پونڈ بھی دیا جائے تو وہ اسے قبول کر لیتا ہے۔
سو تو (اس کے شکریہ میں) اپنے ربّ کی (کثرت سے) عبادت کر اور اسی کی خاطر قربانیاں کر۔
اور یقین رکھ کہ تیرا مخالف ہی نرینہ اولاد سے محروم ثابت[3] ہوگا۔
[3] یعنی روحانی نرینہ اولاد سے محروم ہے جو قرآن کریم کی رو سے مُلْہم مِنَ اللّٰہ گروہ میں شامل ثابت ہوتی ہے ایسی اولاد صرف محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ملے گی۔ ان کے دشمنوں کو نہیں ملے گی جیسا کہ اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے مَا کَانَ مُحَمَّدٌ اَبَا اَحَدٍ مِّنْ رِّجَالِکُمْ وَلٰـکِنْ رَّسُوْلَ اللّٰہِ وَخَاتَمَ النَّبِیّٖنَ (احزاب: ۴۱) اس آیت میں اشارہ ہے کہ کفار کی اولاد خدا کے فضلوں سے محروم رہے گی اور نرینہ نہیں کہلا سکے گی۔ سوائے اس صورت کے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لے آئیں جیسے عکرمہ بن ابوجہل اور معاویہ بن ابوسفیان۔