۱۱۱۔ سورۃ المسد

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

شعلہ[1] کے باپ کے دونوں ہاتھ ہی شَل ہو گئے ہیں اور وہ (خود) بھی شَل ہو کر رہ گیا ہے۔

[1] یا تو اَبُوْلَھَب کے رنگ کی طرف اشارہ ہے جو بہت سفید تھا یا اس کی طبیعت کی طرف اشارہ ہے جو بہت غصیلی تھی۔ یا ہر دشمن اسلام کی طرف اس کی باطنی حالت کی وجہ سے اشارہ ہے۔ یا امریکہ اور روس کی طرف اشارہ ہے، جن دونوں نے اپنے دو دو حلیف بنا چھوڑے ہیں تاکہ بوقتِ جنگ کام آئیں۔ اور حلیف ہاتھ کا ترجمہ بھی ہو سکتا ہے کیونکہ ہاتھ سے بھی مدد یا دفاع کا کام لیا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ چونکہ یہ دونوں فریق غلطی پر ہوں گے۔ ایک فریق تثلیث پر قائم ہوگا اور دوسرا فریق دہر ّیت پر، اس لئے ہم نے ان دونوں فریق کے دونوں ہاتھوں کو شل کر دیا ہے۔ یعنی ان کے جودو بڑے بڑے ساتھی ہیں ان کی تباہی کے سامان پیدا کر دئے ہیں اور اسی طرح ان دونوں فریق کی اپنی تباہی کے بھی سامان کر دئے ہیں۔

اس کے مال نے اسے کوئی فائدہ نہیں دیا اور نہ اس کی کوششوں نے (کوئی فائدہ) دیا ہے۔[2]

[2] یعنی وہ بڑے مالدار ہوں گے لیکن ان کا مال ان کو کوئی فائدہ نہیں دے گا۔ بڑے بڑے سائنٹفک سامان ان کو حاصل ہوں گے لیکن وہ بھی ان کو کوئی فائدہ نہیں پہنچائیں گے۔

وہ ضرور آگ میں پڑے[3] گا جو (اسی کی طرح) شعلے مارنے والی ہوگی۔

[3] یعنی وہ آخر میں ضرور دنیوی یا اُخروی عذاب میں پڑ کر رہیں گے جو ویسی ہی شعلہ مارنے والی آگ ہوگی جیسا کہ ان کا دل اسلام کے خلاف بغض سے شعلے مارتا ہے۔

اور اس کی بیوی[4] بھی جو ایندھن اٹھا اٹھا کر لاتی ہے (آگ میں پڑے گی)

[4] بیوی سے اس جگہ تابع لوگ مراد ہیں۔ یعنی ملکی رعیت اور مطلب یہ ہے کہ جو بیرونی دوست وہ بنائیں گے وہ بھی تباہ ہو جائیں گے اور ان کے اموال بھی تباہ ہو جائیں گے اور سامان بھی تباہ ہو جائیں گے اور رعایا بھی تباہ ہو جائے گی اس وجہ سے کہ رعایا بھی ان کی بھڑکائی ہوئی آگ میں مزید ایندھن ڈالتی جاتی تھی اور ان کو جوش دلاتی جاتی تھی۔

اس کی (بیوی کی) گردن میں کھجور کا[1] سخت بٹا ہوا رسا باندھا جائے گا۔

[1] چونکہ یہ جمہوری حکومتیں ہوں گی۔ اس لئے ان کی رعایا اپنے سیاسی سرداروں سے بڑا گہرا جوڑ رکھتی ہوگی۔ ایسا جوڑ جس کو توڑا نہیں جاتا۔ اس لئے یہاں کھجور کے رسّے کا ذکر کیا ہے۔ کیونکہ وہ ٹوٹا نہیں کرتا اور یہ بتایا گیا ہے کہ ان کی رعایا ہمیشہ ان کو اکساتی رہے گی۔ کہ لڑائی کے لئے اور سامان پیدا کرو۔ جس کی طرف حَمَّالَۃَ الْحَطَب میں اشارہ ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی