۱۱۲۔ سورۃ الإخلاص

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

(ہم ہر زمانہ کے مسلمان کو حکم دیتے ہیں کہ) تو (دوسرے لوگوں سے) کہتا چلا[2] جا، کہ (اصل) بات یہ ہے کہ اللہ اپنی ذات میں اکیلا[3] ہے۔

[2] قُلْ کا لفظ جو آخری تینوں سورتوں سے پہلے رکھا گیا ہے اس میں یہ اشارہ کیا گیا ہے کہ ہمارا یہ پیغام آگے دوسرے لوگوں تک پہنچا دو۔ اب یہ لازمی بات ہے کہ جب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خدا کا پیغام لوگوں تک پہنچا دیں گے تو چونکہ اس کے بعد دوسرے لوگ بھی قُلْ کا لفظ پڑھیں گے اس لئے ان پر بھی فرض ہو جائے گا کہ وہ اس کلام کو اور لوگوں تک پہنچائیں۔ پس قُلْ کہہ کر اس طرف توجہ دلائی گئی ہے کہ تم ہماری اس تعلیم کو اپنی ذات تک محدودنہ رکھو، بلکہ اسے دوسروں تک پہنچاؤ۔ اور پھر تم سے سننے والے اور لوگوں کے سامنے اسے بیان کریں اور پھر وہ آگے اور لوگوں تک پہنچائیں یہاں تک کہ ہوتے ہوتے ساری دنیا تک خدا تعالیٰ کا پیغام پہنچ جائے۔ اسی لئے ہم نے اس کا ترجمہ یہ کیا ہے کہ ’’(ہم ہر زمانہ کے مسلمان کو حکم دیتے ہیں کہ) تو (دوسرے لوگوں سے) کہتا چلا جا۔‘‘

[3] مفرد کے لئے عربی زبان میں دو الفاظ استعمال ہوتے ہیں۔ وَاحِدٌ اور اَحَدٌ وَاحِد کے معنے ہوتے ہیں ’’ایک‘‘ لیکن اس کے بولنے سے دوسرے کی طرف ذہن جاتا ہے اور کہنے والا سمجھتا ہے کہ ایک کے بعد دو ہے اور دو کے بعد تین ہے اور تین کے بعد چار ہے۔ پس گو یہ لفظ ایک ہونے پر دلالت کرتا ہے مگر تعدد کے امکان کو ردنہیں کرتا۔ اس کے خلاف اَحَدٌ کے معنے ہوتے ہیں۔ اکیلا اور اکیلے کے بعد کوئی دوکیلا نہیں کہتا۔ پس اس لفظ کے معنے یہ ہوتے ہیں کہ اس وجود کے ساتھ کسی دوسرے ایسے ہی وجود کا کوئی امکان نہیں۔ اس سورۃ میں اللہ تعالیٰ کو اَحَد کہا گیا ہے یعنی اس کی توحید کامل کا ذکر کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی ذات میں اکیلا ہے۔ یہ خیال بھی نہیں کیا جا سکتا کہ اس قسم کی کوئی دوسری ذات ہوگی۔ پس اس سورۃ میں اس لفظ کے لانے سے اللہ تعالیٰ نے اپنی توحیدِ کامل کا اعلان کر دیا ہے۔

اللہ وہ (ہستی) ہے جس کے سب محتاج ہیں[1] (اور وہ کسی کا محتاج نہیں)

[1] عربی لفظ اس جگہ صَمَد ہے اور صَمَد کے معنے ہوتے ہیں جو غنی ہو یعنی کسی کا محتاج نہ ہو مگر کوئی اس سے غنی نہ ہو۔ یعنی کوئی ایسا وجودنہ ہو جو اس کی مدد کے بغیر قائم رہ سکے۔ پس اس لفظ نے بھی توحیدِ کامل کو ظاہر کیا ہے۔ اور بتایا ہے کہ تمام موجودات اس کی مدد کے بغیر گذارہ نہیں کر سکتیں۔ اور اس کو موجودات کی مدد کی کوئی ضرورت نہیں۔ صَمَد کے معنے ہمیشہ قائم رہنے والے کے بھی ہیں اور نہایت بلند شان والے کے بھی ہیں یہ دونوں معنے بھی توحید کامل پر دلالت کرتے ہیں۔ جو ہمیشہ قائم رہے گا موجودات میں سے اس کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا اور جو بلندی میں بہت بڑھ جائے گا کوئی دوسری چیز اس تک پہنچ نہیں سکتی۔ اس کا بھی یہی مفہوم ہے کہ وہ اکیلا ہے۔

نہ اس نے کسی کو جنا ہے اور نہ وہ جنا گیا[2] ہے۔

[2] یہ آیت بھی توحید کامل پر دلالت کرتی ہے کیونکہ جس نے کسی کو جنا نہ ہو وہ یا تو بانجھ ہوتا ہے اور یا پھر ایسی ہستیوں میں سے ہوتا ہے جو کہ تغیر پذیر نہیں ہوتیں جیسے پہاڑیاں اور دریا وغیرہ۔ لیکن خداتعالیٰ کے متعلق کہا گیا ہے کہ وہ رَفِیْعٌ ہے یعنی اپنی شان میں بہت بلند ہے۔ پس پہاڑیوں اور دریاؤں کو اس سے کوئی نسبت نہیں ہو سکتی۔ اور نہ وہ جنا گیا ہے کے الفاظ بھی توحید کامل پر دلالت کرتے ہیں۔ کیونکہ خداتعالیٰ کے سوا کوئی ایسا وجود دنیا میں نظر نہیں آتا جس کو کسی نے نہیں جنا، خواہ وہ معبود کہلاتا ہو یا نہ کہلاتا ہو۔

اور (اس کی صفات میں) اس کا کوئی بھی شریک کار نہیں۔[3]

[3] پہلے توحید ذاتی کا ذکر کیا تھا، اب توحید صفاتی کو بیان کیا ہے۔ یاد رکھنا چاہیئے کہ صفات میں شریک ہونے کے یہ معنے نہیں کہ اس کے مشابہ کوئی حرکت انسان سے نہیں ہوتی۔ انسان بھی بصیر اور سمیع ہے اور خداتعالیٰ بھی بصیر اور سمیع ہے۔ پس بظاہر تو یہ ایک اشتراک نظر آتا ہے۔ لیکن خداتعالیٰ بصیر ہے مگر آنکھوں سے نہیں دیکھتا اور خدا سمیع ہے مگر کانوں سے نہیں سنتا۔ وہ اپنی ذات میں بغیر آلات کے دیکھنے والا اور بغیر آلات کے سننے والا ہے۔ پس گو انسان بصیر اور سمیع ہے مگر اس کی صفات میں شریک قرار نہیں پا سکتا۔

آج 10 میں سے 10 باقی