۱۱۳۔ سورۃ الفلق
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
(ہم ہر زمانہ کے مسلمان سے کہتے ہیں کہ) تو (دوسرے لوگوں سے) کہتا چلا جا کہ میں مخلوقات کے رب سے (اس کی) پناہ طلب کرتا ہوں۔
اس کی ہر مخلوق کی (ظاہری و باطنی) برائی سے (بچنے کے لئے)
اور اندھیرا[1] کرنے والے کی ہر شرارت[2] سے (بچنے کے لئے) جب وہ اندھیرا کر دیتا ہے۔
[1] غَاسِق کے معنے عربی زبان میں چاند کے بھی ہوتے ہیں اور غَسَقَ کے معنے ہوتے ہیں جب وہ اندھیرا کر دے۔ اور چاند تبھی اندھیرا کرتا ہے جب اس کو گرہن لگے۔ پس اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ اے خدا تو ہم کو اس زمانہ کی خرابیوں سے بچا جس میں چاند کو گرہن لگے گا۔ یہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اس حدیث کی طرف اشارہ ہے جس میں آتا ہے کہ اِنَّ لِمَھْدِیِّنَا اٰ یَـَتیْنِ۔۔۔ یعنی ہمارے مہدی کے لئے دو نشان ضرور مقرر ہیں کہ اس کے زمانہ میں سورج اور چاند کو گرہن لگے گا (دار قطنی) پس اس آیت میں مہدی کے زمانہ کی طرف اشارہ کیا گیا ہے اور مسلمانوں کو دعا سکھائی گئی ہے کہ ہمیں اس بات سے بچائیو کہ ہم مہدی کا انکار کر دیں۔
[2] یعنی ایسا کر کہ جو لوگ ہمیں مہدی سے دور رکھیں ہم ان کے فریب میں نہ آئیں۔
اور تمام ایسے نفوس کی شرارت سے (بچنے کے لئے بھی) جو (باہمی تعلقات کی) گرہ میں (تعلق تڑوانے کی نیت سے) پھونکیں مارتے ہیں۔
اور ہر حاسد[3] کی شرارت سے (بھی) جب وہ حسد پر تل جاتا ہے۔
[3] اس میں یہ اشارہ ہے کہ مہدیٔ معہود کے ذریعہ سے اسلام کو جلد جلد ترقی حاصل ہوگی اور مخالفینِ مہدی اس پر بڑا حسد کریں گے۔ پس اس زمانہ کے مسلمان کو دعا سکھائی گئی ہے کہ ہر ایسے حاسد کی شرارت سے مجھے بچائیو۔