۱۱۴۔ سورۃ الناس

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

(ہم ہر زمانہ کے مسلمان سے کہتے ہیں کہ) تُو (دوسرے لوگوں سے) کہتا چلا جا، کہ مَیں تمام انسانوں کے رب سے (اس کی) پناہ طلب کرتا ہوں۔

(وہ ربّ) جو تمام انسانوں کا بادشاہ[1] (بھی) ہے۔

[1] اس آیت میں اس طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ آخری زمانہ میں کئی بادشاہ اسلام کی مخالفت کے لئے کھڑے ہو جائیں گے۔ جیسا کہ آج کل انگلینڈ کا بادشاہ عیسائیت کا محافظ کہلاتا ہے۔ امریکہ میں گو بادشاہ نہیں مگر پریذیڈنٹ بھی بادشاہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ پس مسلمانوں کو سکھایا گیا ہے کہ دعا کرو کہ ہمارا اصلی بادشاہ یعنی خداتعالیٰ ہمیں انسانی بادشاہوں کی شرارت سے بچائے۔

اور تمام انسانوں کا معبود[2] (بھی) ہے۔

[2] اس آیت میں بتایا کہ ہمارا اصل بادشاہ یعنی خداتعالیٰ دنیا کا حقیقی معبود بھی ہے۔ گو بنی نوع انسان اس کے مقابلہ میں جھوٹے معبود پیش کرتے ہیں۔ مگر میں اپنے اصل معبود سے یہ دعا کرتا ہوں کہ مجھے جھوٹے معبودوں کے شر سے بچائے۔

(مَیں اس کی پناہ طلب کرتا ہوں) ہر وسوسہ ڈالنے والے کی شرارت [3]سے۔ جو (ہر قسم کے وسوسے ڈال کر) پیچھے ہٹ جاتا ہے۔

[3] ان آیات میں بتایا گیا ہے کہ آخری زمانہ میں جب کہ جھوٹے بادشاہوں اور جھوٹے معبودوں کا زور ہوگا، ایسے لوگ بھی پیدا ہو جائیں گے، جو دلوں میں وسوسے ڈالنے والے ہوں گے جیسے پروفیسر وغیرہ۔ پس خداتعالیٰ سے یہ بھی دعا کرتے رہو کہ ایسے فلسفیوں کے شر سے بھی وہ مسلمانوں کو بچاتا رہے۔ اس سے آگے ایسے فلسفیوں کا طریقِ کار بتایا ہے کہ وہ لوگوں کے دلوں میں وسوسے پیدا کرکے آپ پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔ یعنی ایسی کتابیں لکھتے ہیں جن سے مذہب کے خلاف وسوسے تو پیدا ہو جاتے ہیں لیکن بظاہر وہ کتابیں مذہب کے خلاف نظر نہیں آتیں۔

(اور) جو انسانوں کے دلوں میں شُبہات پیدا کر دیتا ہے۔

خواہ وہ (فتنہ پرداز) مخفی [4]رہنے والی ہستیوں میں سے ہو، خواہ عام انسانوں میں سے ہو۔

[4] اس جگہ جِنَّۃ کا لفظ مخفی رہنے والی ہستیوں کے متعلق استعمال ہوا ہے اور اَلنَّاس کا لفظ عام انسانوں کے لئے استعمال ہوا ہے۔ مطلب یہ ہے کہ یہ وسوسے پیدا کرنے والے لوگ کبھی تو غیر ممالک کے ہونگے جو نظر نہیں آتے ہوں گے اور کبھی ملکی عَامَۃُ النَّاس ہوں گے جو اپنے نعروں سے مومنوں کے دلوں میں وسوسے پیدا کریں گے۔

آج 10 میں سے 10 باقی