سورة النَّازعَات

تفسیر حضرت مسیح موعودؑ (جلد ۷)

Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.

کے ساتھ کھڑا کر دیتا ہے۔ وہ دقیق در دقیق وجود جس نے عقلی طاقتوں کو خیرہ کر رکھا ہے اور تمام حکیموں کی عقل
اور دانش کو سکتہ میں ڈال دیا ہے وہ الہام ہی کے ذریعہ سے کچھ اپنا پتہ دیتا ہے اور انا الموجود کہہ کر سالکوں کے
دلوں کو تسلی بخشتا ہے اور سکینت نازل کرتا ہے اور انتہائی وصول کی ٹھنڈی ہوا سے جان پژمردہ کو تازگی
بخشتا ہے۔
(ازالہ اوہام، روحانی خزائن جلد ۳ صفحه ۳۲۷)
خدا نے اپنے بدیہی کاموں کو نظری کاموں کے کھولنے کے لئے بطور گواہ کے پیش کیا ہے۔ گویا وہ فرماتا
ہے کہ اگر تم ان خواص سے شک میں ہو جو نفس ناطقہ انسانی میں پائے جاتے ہیں تو چاند اور سورج وغیرہ میں
غور کرو کہ ان میں بدیہی طور پر یہ خواص موجود ہیں اور تم جانتے ہو کہ انسان ایک عالم صغیر ہے جس کے نفس
میں تمام عالم کا نقشہ اجمالی طور پر مرکوز ہے۔ پھر جب کہ یہ ثابت ہے کہ عالم کبیر کے بڑے بڑے اجرام یہ
خواص اپنے اندر رکھتے ہیں اور اسی طرح پر مخلوقات کو فیض پہنچا رہے ہیں تو انسان جوان سب سے بڑا کہلا تا
ہے اور بڑے درجہ کا پیدا کیا گیا ہے وہ کیوں کر ان خواص سے خالی اور بے نصیب ہوگا۔ نہیں بلکہ اس میں بھی
سورج کی طرح ایک علمی اور عقلی روشنی ہے جس کے ذریعہ سے وہ تمام دنیا کو منور کر سکتا ہے اور چاند کی طرح وہ
حضرت اعلیٰ سے کشف اور الہام اور وحی کا نور پاتا ہے اور دوسروں تک جنہوں نے انسانی کمال ابھی تک
حاصل نہیں کیا اس نور کو پہنچاتا ہے۔ پھر کیوں کر کہہ سکتے ہیں کہ نبوت باطل ہے اور تمام رسالتیں اور شریعتیں
اور کتابیں انسان کی مکاری اور خود غرضی ہے۔ یہ بھی دیکھتے ہو کہ کیوں کر دن کے روشن ہونے سے تمام راہیں
روشن ہو جاتی ہیں۔ تمام نشیب و فراز نظر آ جاتے ہیں۔ سو کامل انسان روحانی روشنی کا دن ہے۔ اس کے
چڑھنے سے ہر ایک راہ نمایاں ہو جاتی ہے ، وہ سچی راہ کو دکھلا دیتا ہے کہ کہاں اور کدھر ہے کیونکہ راستی اور سچائی
کا وہی روز روشن ہے۔ ایسا ہی یہ بھی مشاہدہ کر رہے ہو کہ رات کیسی تھکوں ماندوں کو جگہ دیتی ہے۔ تمام دن
کے شکستہ کوفتہ مزدور رات کے کنار عاطفت میں بخوشی سوتے ہیں اور محنتوں سے آرام پاتے ہیں اور رات ہر
ایک کے لئے پردہ پوش بھی ہے۔ ایسا ہی خدا کے کامل بندے دنیا کو آرام دینے کے لئے آتے ہیں۔ خدا
سے وحی اور الہام پانے والے تمام عقلمندوں کو جانکاہی سے آرام دیتے ہیں۔ ان کے طفیل سے بڑے بڑے
معارف آسانی کے ساتھ حل ہو جاتے ہیں۔ ایسا ہی خدا کی وحی انسانی عقل کی پردہ پوشی کرتی ہے جیسا کہ
رات پردہ پوشی کرتی ہے۔ اس کی ناپاک خطاؤں کو دنیا پر ظاہر ہونے نہیں دیتی ۔ کیونکہ عقلمند وحی کی روشنی کو
پاکر اندر ہی اندر اپنی غلطیوں کی اصلاح کر لیتے ہیں اور خدا کے پاک الہام کی برکت سے اپنے تئیں پردہ

دری سے بچا لیتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ افلاطون کی طرح اسلام کے کسی فلاسفر نے کسی بت پر مرغ کی قربانی
نہ چڑھائی۔ چونکہ افلاطون الہام کی روشنی سے بے نصیب تھا۔ اس لئے دھوکا کھا گیا اور ایسا فلاسفر کہلا کر یہ
مکروہ اور احمقانہ حرکت اس سے صادر ہوئی ۔ مگر اسلام کے حکماء کو ایسی نا پاک اور احمقانہ حرکتوں سے ہمارے
سید و مولی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی نے بچا لیا۔ اب دیکھو کیسا ثابت ہوا کہ الہام عقلمندوں کا رات
کی طرح پردہ پوش ہے۔
اسلامی اصول کی فلاسفی ، روحانی خزائن جلد ۱۰ صفحه ۴۲۶ تا ۴۲۸)
۔
وہ نور جس سے انسان کی آنکھ کھل کر اس کو ایقان تام حاصل ہو جاوے وہ صرف الہام ہی پر منحصر
ہے۔ الہام سے انسان کو ایک نور ملتا ہے جس سے وہ ہر تاریکی سے مبرا ہو جاتا ہے اور ایک قسم کا
اطمینان اور تسلی اسے ملتی ہے ۔ اس کا نفس اس دن سے خدا میں آرام پانے لگتا ہے اور ہر گناہ فسق و فجور
سے اس کا دل ٹھنڈا ہوتا جاتا ہے۔ اس کا دل امید اور بیم سے بھر جاتا ہے اور خدا تعالیٰ کی حقیقی معرفت
کی وجہ سے وہ ہر وقت ترساں لرزاں رہتا ہے اور زندگی کو نا پائیدار جانتا اور سفلی لذات کی ہوس اور خواہش
کو ترک کر کے خدا تعالیٰ کی رضا کے حصول میں لگ جاتا ہے اور در حقیقت وہ اسی وقت گناہ کی آلودگی
سے علیحدہ ہوتا ہے ۔
جب تک تازہ نور انسان کو آسمان پر سے نہ ملے اور خدا تعالیٰ کا مشاہدہ نہ ہو جاوے تب تک پورا ایمان
نہیں ہوتا ۔ جب تک ایمان کمال درجہ تک نہ پہنچا ہو تب تک گناہ کی قید سے رہائی ناممکن ہے۔ بجز الہام کے
ایمان کی تصویر لوگوں کے پاس ہوتی ہے اس کی ماہیت سے لوگ بے بہرہ اور خالی محض ہوتے ہیں۔
الحکم جلدے نمبر ۱۴ مورخہ ۱۷ را پریل ۱۹۰۳ء صفحہ ۵ )
اس مسلمان سے کون زیادہ بد نصیب ہے جس کو خدا تعالیٰ وعدہ دیتا ہے کہ میں اپنے کلام سے مشرف
کروں گا مگر وہ اس کی طرف توجہ نہ کرے۔ یہ خدا تعالیٰ کا بڑا فضل ہے اور اسلام سے خاص ہے کسی آریہ سے
پوچھو کہ تم وعدہ ہی دکھاؤ وہ یہ بھی نہیں دکھا سکتے ۔ ماتم زدہ اور مردہ وہ مذہب ہے جس کے الہام پر مہر لگ گئی اور
ویران اور اُجڑا ہوا وہ باغ ہے جس پر خزاں کا قبضہ ہو چکا لیکن ربیع کا اثر اس پر نہیں ہو سکتا ۔
کیسے افسوس اور تعجب کا مقام ہے کہ انسانی فطرت پر تو مہر نہ لگی۔ اس میں تو معرفت حقیقی کی وہی بھوک
پیاس موجود ہے لیکن الہام پر مہر لگا دی گئی جو معرفت الہی کا سر چشمہ تھا۔ افسوس بھوک میں غذا پھینک دی گئی
الحکم جلد ۱۱ نمبر ۳ مورخہ ۲۴ جنوری ۱۹۰۷ ء صفحہ ۷ )
اور پیاس کی حالت میں پانی لے لیا گیا۔

کوئی قانون عاصم ہمارے پاس ایسا نہیں ہے کہ جس کے ذریعہ سے ہم لزوما غلطی سے بچ سکیں۔ یہی
باعث ہے کہ جن حکیموں نے قواعد منطق کے بنائے اور مسائل مناظرہ کے ایجاد کئے اور دلائل فلسفہ کے
گھڑے وہ بھی غلطیوں میں ڈوبتے رہے۔ اور صدہا طور کے باطل خیال اور جھوٹا فلسفہ اور نکمی باتیں اپنی
نادانی کے یادگار میں چھوڑ گئے ۔ پس اس سے یہ ثبوت ملتا ہے کہ اپنی ہی تحقیقات سے جمیع امور حقہ اور عقائد
صحیحہ پر پہنچ جانا اور کہیں غلطی نہ کرنا ایک محال عادی ہے۔ کیونکہ آج تک ہم نے کوئی فرد بشر ایسا نہیں دیکھا اور
نہ سنا اور نہ کسی تاریخی کتاب میں لکھا ہوا پایا کہ جو اپنی تمام نظر اور فکر میں سہو اور خطا سے معصوم ہو۔ پس بذریعہ
قیاس استقرائی کے یہ صحیح اور سچا نتیجہ نکلتا ہے کہ وجود ایسے اشخاص کا کہ جنہوں نے صرف قانون قدرت میں فکر
اور غور کر کے اور اپنے ذخیرہ کانشنس کو واقعات عالم سے مطابقت دے کر اپنی تحقیقات کو ایسے اعلیٰ پایہ
صداقت پر پہنچادیا ہو کہ جس میں غلطی کا نکلنا غیر ممکن ہو۔ خود عادتاً غیر ممکن ہو ۔۔۔۔۔ صاف ظاہر ہے کہ جس
حالت میں نہ خود انسان اپنے علم اور واقفیت سے غلطی سے بچ سکے اور نہ خدا ( جو رحیم اور کریم اور ہر ایک سہو و
خطا سے مبرا اور ہر امر کی اصل حقیقت پر واقف ہے ) بذریعہ اپنے سچے الہام کے اپنے بندوں کی مدد کرے تو
پھر ہم عاجز بندے کیوں کر ظلمات جہل اور خطا سے باہر آویں اور کیوں کر آفات شک و شبہ سے نجات
پائیں۔ لہذا میں مستحکم رائے سے یہ بات ظاہر کرتا ہوں کہ مقتضاء حکمت اور رحمت اور بندہ پروری اس قادر
مطلق کا یہی ہے کہ وقتاً فوقتاً جب مصلحت دیکھے ایسے لوگوں کو پیدا کرتا رہے کہ عقائد حقہ کے جاننے اور اخلاق
صحیحہ کے معلوم کرنے میں خدا کی طرف سے الہام پائیں اور تفہیم تعلیم کا ملکہ وہی رکھیں تا کہ نفوس بشر یہ کہ سچی
ہدایت کے لئے پیدا کئے گئے ہیں اپنی سعادت مطلوبہ سے محروم نہ رہیں ۔
پرانی تحریریں، روحانی خزائن جلد ۲ صفحہ ۲۱،۲۰)
انسان ہمیشہ چشم دید ماجرا اور ذاتی بصیرت کا محتاج ہے۔ مذہب اسی زمانہ تک علم کے رنگ میں رہ سکتا
ہے جب تک خدا تعالیٰ کی صفات ہمیشہ تازہ بتازہ تجلی فرماتی رہیں ورنہ کہانیوں کی صورت میں ہو کر جلد مرجاتا
ہے۔ کیا ایسی نا کامی کو کوئی انسانی کانشنس قبول کر سکتا ہے۔ جب کہ ہم اپنے اندر اس بات کا احساس پاتے
ہیں کہ ہم اس معرفت تامہ کے محتاج ہیں جو کسی طرح بغیر مکالمہ الہیہ اور بڑے بڑے نشانوں کے پوری نہیں
ہو سکتی تو کس طرح خدا تعالیٰ کی رحمت ہم پر الہامات کا دروازہ بند کر سکتی ہے۔ کیا اس زمانہ میں ہمارے دل
اور ہو گئے ہیں یا خدا اور ہو گیا ہے۔ یہ تو ہم نے مانا اور قبول کیا کہ ایک زمانہ میں ایک کا الہام لاکھوں کی

معرفت کو تازہ کر سکتا ہے اور فرد فرد میں ہونا ضروری نہیں۔ لیکن یہ ہم قبول نہیں کر سکتے کہ الہام کی سرے سے
صف ہی الٹ دی جائے ۔ اور ہمارے ہاتھ میں صرف ایسے قصے ہوں جن کو ہم نے بچشم خود دیکھا نہیں ۔ ظاہر
ہے کہ جبکہ ایک امرصد ہا سال سے قصے کی صورت میں ہی چلا جائے اور اس کی تصدیق کے لئے کوئی تازہ
نمونہ پیدا نہ ہو تو اکثر طبیعتیں جو فلسفی رنگ اپنے اندر رکھتی ہیں ۔ اس قصے کو بغیر قوی دلیل کے قبول نہیں کر
سکتیں۔ خاص کر جبکہ قصے ایسی باتوں پر دلالت کریں کہ جو ہمارے زمانہ میں خلاف قیاس معلوم ہوں ۔ یہی
وجہ ہے کہ کچھ عرصہ کے بعد ہمیشہ فلسفی طبع آدمی ایسی کرامتوں پر ٹھٹھا کرتے آئے ہیں اور شبہ کی حد تک بھی
نہیں ٹھہرتے۔ اور یہ ان کا حق بھی ہوتا ہے کیونکہ ان کے دل میں گزرتا ہے کہ جب کہ وہی خدا ہے اور وہی
صفات اور وہی ضرورتیں ہمیں پیش ہیں تو پھر الہام کا سلسلہ کیوں بند ہے۔ حالانکہ تمام روحیں شور ڈال رہی
ہیں کہ ہم بھی تازہ معرفت کے محتاج ہیں ۔ اسی وجہ سے ہندوؤں میں لاکھوں انسان دہر یہ ہو ۔ ہو گئے۔ کیونکہ بار
بار پنڈتوں نے ان کو یہی تعلیم دی کہ کروڑ ہا سال سے الہام اور کلام کا سلسلہ بند ہے۔ اب ان کو یہ شبہات دل
میں گزرے کہ وید کے زمانہ کی نسبت ہمارا زمانہ پرمیشر کے تازہ الہامات کا بہت محتاج تھا۔ پھر اگر الہام ایک
حقیقت حقہ ہے تو وید کے بعد اس کا سلسلہ کیوں قائم نہیں رہا۔ اسی وجہ سے آریہ ورت میں دہریت پھیل
گئی۔
( ضرورة الامام، روحانی خزائن جلد ۱۳ صفحه ۴۹۱، ۴۹۲)
بنی نوع انسان کا ایمان تازہ رکھنے کے لئے تازہ الہامات کی ہمیشہ ضرورت ہے اور وہ الہامات اقتداری
قوت سے شناخت کئے جاتے ہیں کیونکہ خدا کے سوا کسی شیطان جن بھوت میں اقتداری قوت نہیں ہے اور
امام الزمان کے الہام سے باقی الہامات کی صحت ثابت ہوتی ہے۔
( ضرورة الامام، روحانی خزائن جلد ۱۳ صفحه ۴۹۳)
وہ خدا جو اس دنیا کا بنانے والا اور آئندہ زندگی کی جاودانی امیدیں اور بشارتیں دینے والا ہے اس کا
قدیم سے یہ قانون قدرت ہے کہ غافل لوگوں کی معرفت زیادہ کرنے کے لئے بعض اپنے بندوں کو اپنی
طرف سے الہام بخشتا ہے اور ان سے کلام کرتا ہے اور اپنے آسمانی نشان اُن پر ظاہر کرتا ہے اور اس طرح وہ
خدا کو روحانی آنکھوں سے دیکھ کر اور یقین اور محبت سے معمور ہو کر اس لائق ہو جاتے ہیں کہ وہ دوسروں کو بھی
اس زندگی کے چشمہ کی طرف کھینچیں جس سے وہ پیتے ہیں تا غافل لوگ خدا سے پیار کر کے ابدی نجات کے
مالک ہوں اور ہر ایک وقت میں جب دنیا میں خدا کی محبت ٹھنڈی ہو جاتی ہے اور غفلت کی وجہ سے حقیقی پاک پا

باطنی میں فتور آتا ہے تو خدا کسی کو اپنے بندوں میں سے الہام دے کر دلوں کو صاف کرنے کے لئے کھڑا کر دیتا
ہے ۔سواس زمانہ میں اس کام کے لئے جس شخص کو اُس نے اپنے ہاتھ سے صاف کر کے کھڑا کیا ہے وہ یہی
عاجز ہے۔
( کشف الغطاء، روحانی خزائن جلد ۱۴ صفحه ۱۹۱)
ہر ایک آدمی چونکہ عقل سے مدارج یقین پر نہیں پہنچ سکتا۔ اس لئے الہام کی ضرورت پڑتی ہے۔ جو
تاریکی میں عقل کے لئے ایک روشن چراغ ہو کر مدد دیتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ بڑے بڑے فلاسفر بھی محض
عقل پر بھروسہ کر کے حقیقی خدا کو نہ پاسکے۔ چنانچہ افلاطون جیسا فلاسفر بھی مرتے وقت کہنے لگا کہ میں ڈرتا
ہوں ۔ ایک بت پر میرے لئے ایک مرغا ذبح کرو۔ اس سے بڑھ کر اور کیا بات ہوگی ۔ افلاطون کی فلاسفی اس
کی دانائی اور دانشمندی اس کو وہ سچی سکینت اور اطمینان نہیں دے سکے جو مومنوں کو حاصل ۔ ہے۔ یہ خوب یاد
رکھو کہ الہام کی ضرورت قلبی اطمینان اور دلی استقامت کے لئے اشد ضروری ہے۔ میرے کہنے کا مطلب یہ
ہے کہ سب سے پہلے عقل سے کام لو اور یہ یاد رکھو کہ جو عقل سے کام لے گا۔ اسلام کا خدا اسے ضرور ہی نظر
آ جائے گا۔ کیونکہ درختوں کے پتے پتے پر اور آسمان کے اجرام پر اس کا نام بڑے جلی حرفوں میں لکھا ہوا
ہے۔ لیکن بالکل عقل ہی کے تابع نہ بن جاؤ تا کہ الہام الہی کی وقعت کو کھوبیٹھو۔ جس کے بغیر نہ حقیقی تسلی اور نہ
اخلاق فاضلہ نصیب ہو سکتے ہیں ۔
رپورٹ جلسہ سالانہ ۱۸۹۷ء صفحہ ۷۲)
ایک شہر میں پہنچ کر انسان پھر بھی خاص جگہ پر پہنچنے کے واسطے کسی رہبر کا محتاج ہوتا ہے تو کیا دین کی راہ
معلوم کرنے اور خدا کی مرضی پانے کے واسطے انسانی ڈھکو سلے کام آسکتے ہیں؟ اور کیا صرف سفلی عقل کافی ہو
سکتی ہے؟ ہرگز ہر گز نہیں جب تک اللہ تعالیٰ خود اپنی راہ کو نہ بتاوے اور اپنی مرضی کے وسائل کے حصول کے
ذریعہ سے مطلع نہ کرے تب تک انسان کچھ کر نہیں سکتا ۔ دیکھو جب تک آسمان سے پانی نازل نہ ہوز مین بھی
اپنا سبزہ نہیں نکالتی گوبیچ اس میں موجود ہی کیوں نہ ہو۔ بلکہ زمین کا پانی بھی دور چلا جاتا ہے تو کیا روحانی
بارش کے بغیر ہی روحانی زمین سرسبز ہو جاتی اور بار آور ہو سکتی ہے؟ ہر گز نہیں۔ خدا کے الہام کے سوا کچھ نہیں
ہو سکتا۔
الحکم جلدے نمبر ۹ مورخه ۱۰ / مارچ ۱۹۰۳ ء صفحه ۱۳)
خدا تعالیٰ ابتداء زمانہ میں بولا کہ میں تیرا خدا ہوں ایسا ہی اخیر زمانہ میں بھی اس نے فرمایا انا الْمَوْجُود۔
یا درکھو کہ وہ آبادی ہے اگر چھوڑ دے تو سب دہریہ بن جائیں ۔ پس وہ اپنی ہستی کا ثبوت دیتا رہتا ہے اور یہ
زمانہ تو بالخصوص اس بات کا محتاج ہے۔
( بدر جلدے نمبر ۶ مورخہ ۱۳ فروری ۱۹۰۸ ء صفحه ۴، ۵ )

یہ انسان میں ایک فطرتی خاصیت ہے کہ اگر اپنے وجود کے تمام زور اور تمام قوت سے ایک چیز کو
ڈھونڈے اور طلب کرنے میں کوئی دقیقہ اٹھا نہ رکھے اور پھر بھی وہ چیز میسر نہ آوے تو اس چیز کے وجود کی
نسبت اس کا اعتقاد قائم نہیں رہتا بالخصوص اگر کسی ایسے شخص کو ڈھونڈتا ہو جس کی نسبت اس کا یہ اعتقاد بھی ہو
کہ وہ میری اس کوشش اور اضطراب سے واقف ہے اور میری اس بیقراری پر مطلع ہے تو پھر اگر اس کی طرف
سے کوئی پیغام نہ پہنچے تو بلا شبہ انکار اور نومیدی کا موجب ہوگا۔ پس اس تحقیق کی رو سے یہ بات ثابت شدہ
امر ہے کہ خدا تعالیٰ پر سچا یقین بغیر ذریعہ وحی اور الہام کے ہرگز حاصل نہیں ہو سکتا۔
ست بچن ، روحانی خزائن جلد ۱۰ صفحه ۲۷۶)
عقلمند لوگ خدائے تعالیٰ کے فیاض مطلق ہونے پر ایمان لاکر الہامی دروازوں کو ہمیشہ کھلا سمجھتے ہیں اور
کسی ولائت اور ملک سے اُس کو مخصوص نہیں رکھتے ہاں اس صراط مستقیم سے مخصوص رکھتے ہیں جس پر ٹھیک
ٹھیک چلنے سے یہ برکات حاصل ہوتے ہیں کیونکہ ہر یک چیز کے حصول کے لئے یہ لازم پڑا ہوا ہے کہ انہیں
قواعد اور طریقوں پر عمل کیا جائے جن کی پابندی سے وہ چیز مل سکتی ہے۔
سرمه چشم آریہ، روحانی خزائن جلد ۲ صفحہ ۱۷۶ ، ۱۷۷ حاشیہ )
اے غافلو ! اس اُمت مرحومہ میں وحی کی نالیاں قیامت تک جاری ہیں مگر حسب مراتب ۔
(ازالہ اوہام ، روحانی خزائن جلد ۳ صفحه ۳۲۱)
اسلام کے زندہ ہونے کا ثبوت اور نبوت کی یقینی حقیقت جو ہمیشہ ہر ایک زمانہ میں منکرین وحی کو ساکت
کر سکے اُسی حالت میں قائم رہ سکتی ہے کہ سلسلہ وحی برنگ محد ثیت ہمیشہ کے لئے جاری رہے سو اس نے ایسا
ہی کیا۔
( بركات الدعا، روحانی خزائن جلد ۶ صفحه (۲۳)
یقیناً سمجھو کہ خدا تعالیٰ کا اپنے بندوں پر بڑا احسان یہی ہے کہ وہ اسلام کو مردہ مذہب رکھنا نہیں چاہتا بلکہ
ہمیشہ یقین اور معرفت اور الزام خصم کے طریقوں کو کھلا رکھنا چاہتا ہے ۔ بھلا تم آپ ہی سوچو کہ اگر کوئی وحی
نبوت کا منکر ہو اور یہ کہے کہ ایسا خیال تمہارا سراسر وہم ہے تو اس کے منہ بند کرنے والی بجز اس کے نمونہ
دکھلانے کے اور کون سی دلیل ہو سکتی ہے؟ کیا یہ خوشخبری ہے یا بد خبری که آسمانی برکتیں صرف چند سال اسلام
میں رہیں اور پھر وہ خشک اور مُردہ مذہب ہو گیا ؟ اور کیا ایک سچے مذہب کے لئے یہی علامتیں ہونی
چاہئیں!!!
( بركات الدعا، روحانی خزائن جلد ۶ صفحه (۲۵)

آج 10 میں سے 10 باقی