اخلاق فاضلہ کا پیالہ دلوں میں رکھو ۔ خطبہ جمعہ فرمودہ 28 فروری 1941ء

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد دوم۔ 1940 تا 1947)

تحریک جدید- ایک الہی تحریک۔۔۔۔جلد دوم
اقتباس از خطبه جمعه فرمود و 28 فروری 1941ء
اخلاق فاضلہ کا پیالہ دلوں میں رکھو
خطبہ جمعہ فرمودہ 28 فروری 1941ء
میں دیکھتا ہوں کہ مسلمانوں میں اخلاق کی طرف بہت کم توجہ ہے بلکہ ابھی احمدیوں نے
بھی اخلاق کی اہمیت کو پوری طرح نہیں سمجھا۔میرے سامنے اس وقت بچے بیٹھے ہیں جو تحریک جدید کے
بورڈنگ میں رہتے ہیں۔میں نے تحریک جدید کے مطالبات میں ایک شق اخلاق فاضلہ کی بھی رکھی ہوئی
ہے۔مگر میں نہیں سمجھتا کہ ان بچوں کے سپرنٹنڈنٹ اور اساتذہ وغیرہ اخلاق کی اہمیت کو ان پر پورے طور پر
ظاہر کرتے ہوں۔اس لئے تحریک جدید کے بورڈنگ سے نکل کر جو طالب علم باہر گئے ہیں ، ان کے متعلق
کوئی زیادہ اچھی رپورٹیں نہیں آرہیں۔حالانکہ ان کے ماں باپ کی اپنے بچوں کو تحریک جدید کے بورڈنگ
میں داخل کرنے کی اصل غرض یہ تھی کہ تعلیم کی علاوہ ان کی اعلیٰ تربیت ہو، ان میں محنت کی عادت ہوتی ، ان
میں اعلیٰ درجہ کی دیانت پائی جاتی، ان میں ہمدردی کا مادہ ہوتا ، ان میں سچ کا مادہ ہوتا، ان میں قربانی اور
ایشیار کا مادہ ہوتا۔اس طرح وہ ہر کام کے کرتے وقت عقل سے کام لیتے اور وقت کی پابندی کرتے۔اور یہ
تمام باتیں ایسی ہیں کہ جب تک ان کو بار بار دہرایا نہ جائے اور جب تک بچوں کو ان باتوں پر عمل نہ کرایا
جائے۔اس وقت تک وہ قوم اور دین کے لئے مفید ثابت نہیں ہو سکتے۔یہ اخلاق ہی ہیں جو ان کو کہیں کا کہیں پہنچا دیتے ہیں۔جن لوگوں کو محنت سے کام کرنے کی
عادت ہوتی ہے، وہ خواہ کسی بھی ملک چلیں جائیں، انہیں کامیابی ہی کامیابی حاصل ہوتی چلی جاتی ہے۔مگر
جوست ہوتے ہیں، انہیں گھر بیٹھے بھی کوئی کام نظر نہیں آتا۔میں نے دیکھا ہے بعض افسر سارا دن فارغ
بیٹھے رہتے ہیں اور کہ دیتے ہیں کہ ہمارے
محکمہ میں کوئی کام ہی نہیں۔انہیں کبھی یہ سوچنے کی توفیق ہی نہیں
ملتی کہ ہمارے سپر د جو کام ہوا ہے، اس کی کیا کیا شاخیں ہیں اور کس طرح وہ اپنے کام کو زیادہ وسیع طور پر
پھیلا سکتے اور اس کے شاندار نتائج پیدا کر سکتے ہیں؟ وہ صرف اتنا ہی کام جانتے ہیں کہ رجسٹروں اور
کاغذات پر دستخط کئے اور فارغ ہو کر بیٹھ رہے۔لیکن اس جگہ اور اسی دفتر میں جب کوئی کام کرنے والا افسر
آتا ہے تو وہ اپنے کام کی ہزاروں شاخیں نکالتا چلا جاتا ہے اور اسے ہر وقت نظر آتا رہتا ہے کہ میرے
سامنے یہ کام بھی ہے، میرے سامنے وہ کام بھی ہے۔73

اقتباس از خطبه جمعه فرموده 28 فروری 1941ء
تحریک جدید - ایک البی تحریک۔۔۔جلد دوم
یور بین قوموں
کو دیکھ لو، یہ جہاں جاتی ہیں انہیں کام نظر آجاتا ہے۔ہندوستانی کہتے ہیں کہ ہم
بھوکے مر گئے مگر یورپین لوگوں کو ہندوستان میں بھی دولت نظر آرہی ہے اور وہ اس دولت کو سمیٹتے چلے
جاتے ہیں۔اسی طرح سیلونی کہتے ہیں کہ ہم بھوکے مر گئے مگر انگریزوں کو سیلون میں بھی دولت دکھائی دیتی
ہے۔افغانی کہتے ہیں کہ ہم بھوکے مر گئے مگر انگریزوں کو افغانستان میں بھی دولت دکھائی دیتی ہے۔پھر
عرب جیسے سنگلاخ خطہ اور اس کے جنگلوں میں بھی انگریزوں کو دولت دکھائی دیتی ہے۔مصر جیسی وادی میں
بھی انہیں دولت دکھائی دیتی ہے۔چین جاتے ہیں تو وہاں بھی دولت کمانے لگ جاتے ہیں۔مگر چینی کہتے
ہیں کہ ہمیں کچھ نہیں ملتا۔تو یہ انگریزوں کی نظر کی تیزی کا ثبوت ہے کہ وہ جہاں جاتے ہیں انہیں دولت
دکھائی دینے لگ جاتی ہے اور یہ نظر کی تیزی اخلاق فاضلہ سے ہی حاصل ہوتی ہے۔اگر کسی قوم میں اخلاق
فاضلہ پیدا ہو جائیں تو اس کے افراد کی نظر اسی طرح تیز ہو جاتی ہے۔غرض قربانی اور ایثار کا مادہ ایسی چیز ہے جو انسان کی ہمت کو بڑھاتا ہے اور سچ بولنا ایک ایسا
وصف ہے جو انسان
کا اعتبار قائم کرتا ہے اور محنت کی عادت ایک ایسی چیز ہے جو کام کو وسعت دیتی ہے اور
جب کسی شخص میں یہ اخلاق فاضلہ پیدا ہو جائیں تو ایسا آدمی ہر جگہ مفید کام کر سکتا ہے اور ہر شعبہ میں ترقی
حاصل کر سکتا ہے۔پس میں تحریک جدید کے کارکنوں کو خصوصیت سے اس امر کی طرف توجہ دلاتا ہوں کہ وہ یہ امر
طالب علموں کو ذہن نشین کراتے رہیں کہ انہیں ہمیشہ سچائی سے کام لینا چاہیے اور محنت کی عادت اپنے اندر
پیدا کرنی چاہئے اور اس امر کو ان کے انفاذ ہن نشین کریں کہ یہ امر ان کے دل کی گہرائیوں میں اتر جائے کہ
ان باتوں کا چھوڑ نا ایسا ہی ہے جیسے طاعون میں گرفتار ہونا۔آخر وجہ کیا ہے کہ ایک چورمل جاتا ہے تو وہ دوسرے کے دل میں چوری کی محبت پیدا کر دیتا ہے،
ایک جھوٹا اور کذاب انسان مل جاتا ہے تو وہ دوسرے کو جھوٹ اور کذب بیانی کی عادت ڈال دیتا ہے،ایک
سست اور غافل انسان کسی دوسرے کے پاس رہتا ہے تو اسے بھی اپنی طرح سست اور غافل بنا دیتا ہے؟ اگر
ان بدیوں کے مرتکب اثر پیدا کر لیتے ہیں تو کیا وجہ ہے کہ کارکنوں کے دلوں میں سوز اور گداز پیدا ہو جائے
اور وہ اخلاق کی اہمیت کو سمجھ جائیں تو بچوں میں سچ بولنے کی عادت پیدا نہ کر سکیں ، ان میں محنت کی عادت
پیدا نہ کرسکیں اور کیوں بچے ان اخلاق فاضلہ سے دوری کو ایک عذاب نہ سمجھنے لگیں؟
اگر متواتر طالب علموں کو بتایا جائے کہ جھوٹ بولنا ایک عذاب ہے اور ایسا ہی ہے جیسے طاعون
اور ہیضہ میں مبتلاء ہو جانا، اگر متواتر طالب علموں کو یہ بتایا جائے کہ ستی اور غفلت ایک عذاب ہے اور ایسا
74

اقتباس از خطبه جمعه فرموده 28 فروری 1941ء
تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد دوم
ہی ہے جیسے طاعون اور ہیضہ میں گرفتار ہونا یا بھڑکتی ہوئی آگ میں گر جانا۔اسی طرح تمام اخلاق فاضلہ ان کو
کے ذہن نشین کرائے جائیں تو کیا وجہ ہے کہ ان میں بیداری پیدا نہ ہو اور وہ صحیح اسلامی اخلاق کا نمونہ نہ
بنیں؟ مگر اس کے لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ طالب علموں کے سامنے متواتر لیکچر دیئے جائیں اور
انہیں بتایا جائے کہ جھوٹ کیا ہوتا ہے؟ سچ کیا ہوتا ہے؟ سچ بولنے کے کیا فوائد ہیں اور جھوٹ بولنے کے کیا
نقصانات ہیں؟ میرے نزدیک سو میں سے نوے انسان یہ سمجھتے ہی نہیں کہ سچ کیا ہوتا ہے؟
یہ ایک عام قاعدہ ہے کہ جتنا زیادہ کسی بات کو دہرایا جائے۔اتنا ہی لوگ اسے کم سمجھتے ہیں۔تم
کسی شخص سے پوچھو۔حتی کہ کسی گاؤں کے رہنے والے شخص سے بھی دریافت کرو کہ سنیما کیا ہوتا ہے؟ تو وہ
ضرور اس کی کچھ نہ کچھ تشریح کر دے گا۔لیکن اگر تم اس سے پوچھو کہ لا الہ الا الله محمد رسول اللہ کی
کیا تشریح ہے یا اسلام کو تم نے کیوں مانا ہے؟ تو وہ ہنس کر کہہ دے گا کہ یہ باتیں مولویوں سے دریافت
کریں۔آخر یہ فرق کیوں ہے اور کیوں وہ سنیما کی تشریح تو کسی قدر کر سکتا ہے مگر یہ نہیں بتا سکتا کہ اس نے
اسلام کو کیوں قبول کیا؟ اس لئے کہ وہ لا الہ الا الله محمد رسول اللہ کو ہر وقت رہتا رہتا ہے اور خیال
کرتا ہے کہ مجھے اس کے سمجھنے کی ضرورت نہیں مگر سنیما کا لفظ جو کبھی کبھی سنتا ہے اور اس لئے لوگوں سے پوچھ
لیتا ہے کہ یہ کیا چیز ہے؟ مگر لا اله الا اللہ کو چونکہ اس نے بچپن سے سنا ہوتا ہے۔اس لئے وہ خیال کر لیتا
ہے کہ مجھے اس کے متعلق کسی سے پوچھنے کی ضرورت نہیں۔تم میں سے کسی کے بچہ نے اگر ریل کو نہیں دیکھا اور کسی دن تمہیں اسے ریل دکھانے لے جاؤ تو
وہ جاتے ہی تم پر سوالات کی بوچھاڑ کر دے گا۔اگر پنچابی ہوگا تو اپنے باپ سے کہے گا با پوا یہ کس طرح
چلدی ہے؟ کبھی کہے گا کہ کیا یہ دھوئیں کے ساتھ چلتی ہے؟ اور کبھی یہی خیال کرنے لگ جائے گا کہ اس
کے اندر کوئی جن بیٹھا ہے جو اسے حرکت میں لاتا ہے۔غرض وہ تھوڑے سے وقت میں تم سے بیسیوں
سوالات کر دے گا۔لیکن کیا اس نے کبھی تم سے یہ پوچھا کہ سورج کیوں بنا ہے؟ اس کی روشنی کہاں سے آتی
ہے؟ اس کے اندر گرمی کسی طرح پیدا ہوتی ہے اور اس کی روشنی اور گرمی ختم کیوں نہیں ہو جاتی ؟ وہ بھی تم
سے یہ سوالات نہیں کرے گا۔لیکن انجن کے متعلق تم سے بیسیوں سوالات کر دے گا۔اس لئے کہ انجن اس
نے ایک نئی چیز کے طور پر دیکھا ہے اور سورج کو اپنی پیدائش ہی سے وہ دیکھتا چلا آیا ہے اور وہ سمجھتا ہے کہ
مجھے اس کے متعلق کچھ پوچھنے کی ضرورت ہی نہیں۔پس جتنی زیادہ کوئی چیز انسان کے سامنے آتی ہے۔اتنا ہی وہ اس کی حقیقت اور ماہیت سے
نا واقف ہوتا ہے۔یہ ایک قانون ہے جو فطرت
انسانی میں داخل ہے کہ جو چیز کبھی کبھا رسامنے آئے گی ،
75

اقتباس از خطبه جمعه فرموده 28 فروری 1941ء
تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔۔۔جلد دوم
اس کے متعلق وہ سوالات کی بوچھاڑ کر دے گا اور جو بار بار سامنے آتی رہے گی، اس کے متعلق وہ کبھی
سوالات نہیں کرے گا۔کیونکہ بار بار سامنے آنے سے دریافت کرنے کی حس ہی ماری جاتی ہے اور انسان
یہ خیال کرنے لگ جاتا ہے کہ مجھے اس کا علم ہے۔حالانکہ اسے علم نہیں ہوتا۔چنانچہ تم کسی سے پوچھ کر دیکھ لو
کہ سچ کیوں بولنا چاہیے؟ وہ کبھی تم کو اس سوال کا صحیح جواب نہیں دے سکے گا۔تم اپنے محلہ میں ہی کسی دن
لوگوں سے دریافت کر کے معلوم کر سکتے ہو کہ آیا وہ اس سوال کا جواب دے سکتے ہیں یا نہیں۔جب تم کسی
سے پوچھو گے کہ سچ بولنا چاہئے یا نہیں ؟ تو وہ کہے گا کہ ضرور سچ بولنا چاہئے۔مگر جب پوچھا جائے گا کہ بیچ
کیوں بولنا چاہیے؟ تو وہ ہنس کر کہہ دے گا کہ یہ بھی کوئی پوچھنے والی بات ہے۔اس کی وجہ یہی ہے کہ بیچ کا
لفظ بار بار سن کر لوگوں کے دلوں میں یہ خیال پیدا ہو گیا ہے کہ یہ چیز کسی دلیل کی محتاج نہیں۔حالانکہ یہ بھی
ویسی ہی دلیل کی محتاج ہے جیسے اور باتیں دلیل کی محتاج ہیں تو لوگ سچ کی تعریف سے بھی واقف نہیں
ہوتے ، وہ سچ کی ضرورت سے بھی واقف نہیں ہوتے ، وہ سچ کے فوائد سے بھی واقف نہیں ہوتے ، وہ سچ کو
چھوڑنے اور جھوٹ بولنے کے نقصانات سے بھی واقف نہیں ہوتے ،مگر جب ان سے سچ کے بارہ میں
پوچھا جائے تو کہہ دیں گے کہ یہ بھی کوئی پوچھنے والی بات ہے۔میرے پاس کئی لوگ آتے ہیں اور کہتے ہیں کہ احمدیت کی صداقت کا کیا ثبوت ہے؟ میں نے
حضرت خلیفہ اول کو دیکھا کہ آپ سے جب بھی کوئی شخص یہ سوال کرتا ہے۔آپ ہمیشہ اسے یہ جواب دیا
کرتے کہ تم نے دنیا میں کسی سچائی کو قبول کیا ہوا ہے یا نہیں ؟ اگر کیا ہوا ہے تو جس دلیل کی بنا پر تم نے اس
سچائی کو قبول کیا ہے، وہی دلیل احمدیت کی صداقت کا ثبوت ہے۔اس کے جواب میں پوچھنے والا
بسا اوقات یا تو ہنس کر خاموش ہو جاتا یا جو دلیل پیش کرتا ، اسی سے آپ اس کے سامنے احمدیت کی
صداقت پیش فرما دیتے۔میرا بھی یہی طریق ہے اور میں نے اپنے تجربہ میں اسے بہت مفید پایا ہے۔چنانچہ مجھ سے بھی جب کبھی کوئی شخص یہ سوال کرتا ہے کہ احمدیت کی صداقت کا کیا ثبوت ہے؟ تو میں اسے
یہی کہا کرتا ہوں کہ تم پہلے یہ بتاؤ کہتم محمدصلی اللہ علیہ والہ وسلم کو کیوں مانتے ہو اور کن دلائل سے آپ کی
صداقت کے قائل ہو ؟ جو دلائل رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی صداقت کے تمہارے پاس ہیں۔وہی
دلائل حضرت مسیح موعود کے میں پیش کرنے کیلئے تیار ہوں۔اس کے جواب میں کئی لوگ تو خاموش ہو جاتے
ہیں اور کئی کہہ دیتے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی صداقت کے دلائل ہم کیا بتا ئیں وہ تو ظاہر ہی
ہیں۔پھر جب ان کے اس جواب پر جرح کی جاتی ہے تو صاف کھل جاتا ہے کہ انہیں پتہ ہی نہیں کہ وہ
رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو کیوں سچا سمجھتے ہیں؟ میرے پاس آج تک اس قسم کے جتنے لوگ آئے
76

تحریک جدید - ایک الہبی تحریک جلد دوم
اقتباس از خطبه جمعه فرموده 28 فروری 1941ء
ہیں ان میں سے نوے فی صدی کا میں نے یہی حال دیکھا ہے۔سو میں سے دو چار ایسے بھی ہوتے
ہیں، جنہوں نے کوئی جواب دیا ہے مگر ان کا وہ جواب بھی بہت ہی ادھورا تھا مثلاً یہی کہہ دیتے ہیں کہ چونکہ
رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی پیشگوئیاں پوری ہوئیں۔اس لئے ہم اسے سچا سمجھتے ہیں اور اس طرح وہ
خود ہی قابو میں آجاتے ہیں کیونکہ ہم کہہ دیتے ہیں کہ حضرت مسیح موعود کی بھی بہت سی پیشگوئیاں پوری ہو
چکی ہیں تو جو سچائی ہر وقت انسان کی سامنے رہتی ہے، اسے وہ کریدنے کا عادی نہیں ہوتا اور نہ اسے اس کے
دلائل معلوم ہوتے ہیں۔اس لئے یہ کہنا کہ سچائی وغیرہ کے بارہ میں کسی کو سمجھانے کی کیا ضرورت ہے؟ یہ
عام باتیں ہیں جو تمام لوگ جانتے ہی ہیں، بہت بڑی غفلت ہے کیونکہ جو چیزیں زیادہ سامنے آتی ہیں وہی
اس بات کا حق رکھتی ہے کہ ان کے متعلق بار بار سمجھا یا جائے اور بار بار ان کے دلائل بیان کئے
جائیں۔کیونکہ لوگ بار بار سامنے آنے والی چیزوں کے متعلق سوال نہیں کیا کرتے بلکہ وہ غیر معروف
چیزوں کے متعلق زیادہ سوال کیا کرتے ہیں۔قادیان میں قرآن کریم کا درس تو اکثر ہوتا ہی رہتا ہے۔تم غور کر کے دیکھ لو کہ وہ لوگ جو رسول
کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے متعلق سوالات کرنے والے ہوں، وہ بہت ہی تھوڑے ہوتے ہیں۔حضرت
عیسی کے متعلق اس سے زیادہ سوال کرتے ہیں اور حضرت موسیٰ" کے معجزوں کا ذکر آجائے تو اور زیادہ ہے
سوالات کرتے ہیں۔لیکن جب آدم کا قصہ آجائے تو بے تحاشہ سوالات کرنے لگ جاتے ہیں اور یوں
معلوم ہوتا ہے کہ گویا دل میں بے اختیار گدگدیاں ہونی شروع ہو گئی ہیں۔اس کی وجہ یہی ہے کہ آدم کا واقعہ
بہت دور کا ہے اور محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے معجزات کا بار بار ذکر سن کر اعتراض کا خیال دل میں پیدا نہیں
ہوتا۔میرا یہ مطلب نہیں کہ ان باتوں کے دلائل موجود نہیں بلکہ یہ مطلب ہے کہ لوگوں کو دلائل سے
ناواقفیت ہے اور اس کی وجہ کسی بات کا بار بار سامنے آتے رہنا ہے۔لوگ اس چیز کے بار بار سامنے آنے کی
وجہ سے دلائل پر غور نہیں کرتے اور اسکی حقیقت معلوم کرنے سے غافل رہتے ہیں۔پس تم مت خیال کرو کہ جب تم کہتے ہو کہ سچ بولنا چاہئے تو تمہارا بچہ بھی جانتا ہے کہ سچ کیوں
بولنا چاہئے ؟ وہ اس بات کو ہرگز نہیں جانتا کہ سچ کیوں بولنا چاہئے؟ بلکہ تم مجھے یہ کہنے میں معاف کرو کہ تم جو
کہتے ہو کہ ہمارا بچہ جانتا ہے کہ اسے سچ کیوں بولنا چاہئیے ؟ تم خود بھی نہیں جانتے کہ سچ کیوں بولنا چاہئیے ؟
اسی طرح تم میں سے وہ لوگ جو کہتے ہیں کہ ہمیں اپنے بچوں کو یہ کہنے کی کیا ضرورت ہے کہ وہ محنت کریں؟
یہ بات تو سب جانتے ہیں۔وہ مجھے یہ کہنے میں معاف کریں کہ ان کے بچے تو کیا وہ خود بھی نہیں جانتے کہ
محنت کس قدر ضروری چیز ہے؟
77

اقتباس از خطبه جمعه فرموده 28 فروری 1941ء
تحریک جدید - ایک انہی تحریک جلد دوم
حقیقت یہ ہے کہ ان چیزوں کے متعلق بہت زیادہ زور دینے ، بار بار توجہ دلانے اور زیادہ سے
زیادہ ان کی اہمیت لوگوں کے ذہن نشین کرانے کی ضرورت ہے۔ماں باپ کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں
کے کانوں میں بار بار یہ باتیں ڈالیں۔اسی طرح اساتذہ کا فرض ہے کہ وہ طالب علموں کے دماغوں میں
ان چیزوں کو راسخ کر دیں اور ان باتوں کی کرید، تلاش اور جستجو کا مادہ ان میں پیدا کریں۔کیونکہ لوگ سچائی
کو نہیں جانتے کہ وہ کیا چیز ہوتی ہے؟ وہ صرف سچ کا لفظ جاننا کافی سمجھ لیتے ہیں۔اسی طرح وہ نہیں جانتے
کہ محنت کتنی ضروری چیز ہے؟ بلکہ وہ صرف محنت کے لفظ کورٹ لینا، اپنے لئے اور اپنے بچوں کے لئے کافی
سمجھتے ہیں۔اسی طرح لوگ جھوٹ سے بچنے کے الفاظ تو سنتے ہیں مگر جانتے نہیں کہ جھوٹ کیا ہوتا ہے؟ اسی
طرح انہوں نے بنی نوع انسان کی محبت اور خیر خواہی کے الفاظ سنے ہوئے ہوتے ہیں مگر جانتے نہیں کہ
محبت اور خیر خواہی کیا ہوتی ہے؟ اسی طرح انہوں نے غیبت کا لفظ سنا ہوا ہوتا ہے۔مگر جانتے نہیں کہ غیبت
کیا ہوتی ہے؟ یہ نہیں کہ ہماری شریعت میں ان چیزوں کا حل موجود نہیں ، حل موجود ہے۔قرآن کریم نے
ان امور کی وضاحت کر دی ہے۔احادیث میں رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے تمام باتوں کو کھول کر
بیان کر دیا ہے۔مگر لوگ ہیں کہ ان باتوں کی طرف توجہ ہی نہیں کرتے۔حدیثوں میں آتا ہے کہ ایک دفعہ رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ غیبت نہیں کرنی
چاہئے۔اس پر ایک شخص نے کہا۔یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم اگر میں اپنے بھائی کا وہ عیب بیان
کروں جو اس میں فی الواقعہ موجود ہو تو آیا یہ بھی غیبت ہے؟ رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ
غیبت اس کا تو نام ہے کہ تم اپنے بھائی کا اس کی عدم موجودگی میں کوئی ایسا عیب بیان کرو جو فی الواقعہ اس
میں پایا جاتا ہو اور اگر تم کوئی ایسی بات کہو جو اس میں نہ پائی جاتی ہو تو یہ غیبت نہیں بلکہ بہتان ہوگا۔اب
دیکھو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس مسئلہ کو حل کر دیا اور بتا دیا کہ غیبت اس بات کا نام نہیں کہ تم کسی کا
وہ عیب بیان کرو، جو اس میں پایا ہی نہ جاتا ہو۔اگر تم ایسا کرو تو تم مفتری اور تم جھوٹے ہو تم کذاب ہو،
گر تم غیبت کرنے والے نہیں۔غیبت یہ ہے کہ تم اپنے کسی بھائی کا کوئی سچا عیب اس کی عدم موجودگی میں
بیان کرو۔یہ بھی منع ہے اور اسلام نے اسے سختی سے روکا ہے۔مگر باوجود اس کے کہ محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم
نے اس بات کو ساڑھے تیرہ سو سال سے حل کر دیا اور قرآن میں اس کا ذکر موجود ہے اور اگر اب بھی کوئی
غیبت کر رہا ہو اور اسے کہا جائے کہ تم غیبت مت کرو۔تو وہ جھٹ کہہ دے گا کہ میں غیبت تو نہیں کر رہا۔میں تو بالکل سچا واقعہ بیان کر رہا ہوں حالانکہ ساڑھے تیرہ سو سال گزرے، رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم
78

تحریک جدید - ایک الہبی تحریک۔۔۔جلد دوم
اقتباس از خطبهہ جمعہ فرمودہ 28 فروری 1941ء
یہ سنا چکے ہیں اور علی لاعلان اس
کا اظہار فرما چکے ہیں مگر اب بھی اگر کسی کو روکو تو وہ کہہ دے گا کہ یہ غیبت
نہیں یہ تو بالکل سچی بات ہے۔حالانکہ کسی کی عدم موجودگی میں سچا عیب بیان کرنا ہی غیبت ہے اور اگر وہ
جھوٹ ہے تو تم غیبت کرنے والے نہیں بلکہ مفتری اور کذاب ہو۔یہ چیزیں ہیں جن کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔مگر بوجہ اس کے کہ بار بار ان کے الفاظ
کانوں میں پڑتے رہتے ہیں ، لوگ حقیقت معلوم کرنے کی جستجو نہیں کرتے۔پس ان باتوں پر بار بارز وردو
اور اس امر کو اچھی طرح سمجھ لو کہ جب تک یہ جسم مکمل نہیں ہو گا۔اس وقت تک مذہب کی روح بھی قائم نہیں
رہ سکتی۔گویا ایمان ایک روح ہے اور اخلاق فاضلہ اس روح کا جسم ہیں۔پس میں تحریک جدید کے تمام کارکنوں اور خدام الاحمدیہ کو توجہ دلاتا ہوں کہ وہ نو جوانوں میں ان
باتوں کو پیدا کرنے کی کوشش کریں۔سپرنٹنڈنٹ کو چاہئے کہ وہ بچوں کے کانوں میں یہ باتیں بار بار
ڈالیں اور ماں باپ کو چاہئے کہ وہ اپنی اولاد کو ان باتوں پر پختگی کے ساتھ قائم کریں اور کوشش کریں کہ ان
میں جھوٹ کی عادت نہ ہو، غیبت کی عادت نہ ہو، چغل خوری کی عادت نہ ہو ظلم کی عادت نہ ہو، دھو کہ اور
فریب کی عادت نہ ہو۔غرض جس قدر اخلاق ہیں وہ ان میں پیدا ہو جائیں اور جس قدر بدیاں ہیں ان سے
وہ بچ جائیں تا کہ وہ قوم کا ایک مفید جسم بن سکیں۔اگر ان میں یہ بات نہیں تو وفات مسیح پر لیکچر دینا یا منہ سے
احمدیت زندہ باد کے نعرے لگاتے رہنا کوئی فائدہ نہیں پہنچا سکتا۔کیونکہ کوئی روح بغیر جسم کے نہیں رہ سکتی
اور کوئی جسم بغیر روح کے مفید کام نہیں کر سکتا۔جسم کی مثال ایک پیالے کی سی ہے اور روح کی مثال دودھ کی
سی۔جس طرح دودھ بغیر پیالے کے زمین پر گر جاتا ہے۔اسی طرح اگر اخلاق فاضلہ کا جسم تیار نہیں ہو گا تو
تمہارے لیکچر اور تمہاری تقریریں زمین پر گر کر مٹی میں جنس جائیں گی۔لیکن اگر اخلاق فاضلہ کا پیالہ تم ان
کے دلوں میں رکھ دو گے تو پھر وعظ بھی انہیں فائدہ دے گا اور تقریریں بھی ان میں نیک تغیر پیدا کر دیں گی۔(مطبوعہ الفضل 14 مارچ 1941ء)
79

آج 10 میں سے 10 باقی