اپنی نیتوں کو درست کرو، اپنے ارادوں کو نیک بناؤ اور اپنی کمروں کو کس لو ۔ خطبہ جمعہ فرمودہ 9 جنوری 1942ء

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد دوم۔ 1940 تا 1947), حصہ 2

تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد دوم
خطبہ جمعہ فرمودہ 09 جنوری 1942ء
میں تیری نسل کو بھی بڑھاؤں گا اور اسے ہمیشہ سرسبز و شاداب رکھوں گا۔یہ ایک مادی انعام ہے جو روحانی
انعام کے ساتھ آپ کو حاصل ہوا اور جس سے خدا تعالیٰ کی غرض یہ ہوتی ہے کہ جو لوگ روحانی انعام سے
سبق حاصل نہیں کرتے ، وہ مادی انعام سے ہی سبق حاصل کر لیں۔کیونکہ دنیا میں ایک طبقہ ایسے لوگوں کا
بھی ہے جو اللہ تعالیٰ کے روحانی انعامات کو نہیں دیکھتا بلکہ اس کے مادی انعامات کو دیکھتا ہے۔اسی طرح
بعض لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اللہ تعالیٰ کے روحانی عذاب سے فائدہ نہیں اٹھاتے البتہ کسی پر جسمانی
عذاب نازل ہو تو اس سے ان کو بڑی عبرت ہوتی ہے۔ایسے لوگوں کو اللہ تعالیٰ بعض دفعہ جسمانی عذاب کا
نظارہ بھی دکھا دیتا ہے۔جیسے فرعون اس وقت ایک روحانی عذاب میں بھی مبتلا ہے مگر کئی لوگ ہیں جو کہہ دیا کرتے ہیں
کہ ہمیں اگلے جہان کا کیا پتہ ، معلوم نہیں اسے عذاب ہورہا ہے یا نہیں ہو رہا؟ ایسے لوگوں
کو اللہ تعالیٰ نے
جسمانی عذاب کا نظارہ دکھانے کے لیے فرعون کی لاش کی حفاظت کی ، جو آج تک موجود ہے۔اللہ تعالیٰ کا
یہ وعدہ جو فرعون کی لاش کی حفاظت کے متعلق تھا، ایک دنیوی عذاب تھا جوفرعون کو ملا۔چنانچہ آج ہر شخص جو
موسی کو ماننے والا ہے، ہر شخص جو عیسی کو ماننے والا ہے، ہر شخص جو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو
ماننے والا ہے، جب بھی فرعون کی لاش کو دیکھتا ہے، اس پر لعنت ڈالتا ہے۔یہ کتنا بڑا عذاب ہے جو فرعون کو
مل رہا ہے۔پھر اس عذاب کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔جب ہم دیکھتے ہیں کہ فرعون ان بادشا ہوں
میں سے تھا جو اپنے منہ پر ہمیشہ نقاب اوڑھے رہتے تھے اور انہوں نے لوگوں میں یہ مشہور کر رکھا تھا کہ جو
شخص بادشاہ کی شکل دیکھ لے، وہ کوڑھی ہو جاتا ہے کیونکہ وہ اس کی ہتک کرتا ہے۔اسی لیے وہ ہمیشہ اپنے
منہ پر نقاب رکھتے تھے، یہ بتانے کے لئے کہ ہم ایسے عالی شان انسان ہیں کہ ہماری شکل دیکھنا بھی ہر کس و
ناکس کا کام نہیں۔اور اگر کسی شخص کے لئے بادشاہ اپنا نقاب اٹھا دیتا تھا تو وہ بہت بڑا مقرب
سمجھا جاتا تھا اور
وہ اپنی قوم کا سردار بن جاتا تھا۔مگر آج اس کی لاش عجائب گھر میں پڑی ہوئی ہے اور دو دو آنے کا ٹکٹ لے
کر ہر چوڑھا اور بھنگی بھی اسے دیکھ سکتا ہے اور جس طرح بندر کا تماشہ دیکھا جاتا اسی طرح فرعون کی لاش
دیکھی جاتی ہے۔پھر دیکھنے والا کن جذبات کے ماتحت اسے دیکھتا ہے، اچھے جذبات کے ماتحت نہیں بلکہ
ہر دیکھنے والا اس پر لعنت ڈالتا ہے اور کہتا ہے خبیث تو تھا، موسی" کو دکھ دینے والا تو اللہ تعالی کبھی کبھی
روحانی عذابوں کے ساتھ جسمانی عذاب کا سلسلہ بھی جاری کر دیا کرتا ہے اور کبھی کبھی روحانی انعاموں کے
علاوہ جسمانی انعام بھی قربانی کرنے والوں پر نازل کر دیتا ہے۔159

خطبہ جمعہ فرمودہ 09 جنوری 1942ء
تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔۔جلد دوم
پس بالکل ممکن ہے کہ جو لوگ تحریک جدید میں حصہ لے رہے ہیں، ان میں سے اعلیٰ درجہ کی
قربانی کرنے والے لوگوں
کو اللہ تعالیٰ صرف اپنے روحانی انعامات ہی نہ دے بلکہ اپنے جسمانی انعامات
سے بھی انہیں حصہ عطا فرمائے۔کیونکہ جس طرح ہم نے قربانی کے مختلف درجے مقرر کیے ہوئے ہیں، اسی
طرح خدا تعالیٰ کے حضور قربانیوں کے مختلف مدارج ہیں۔پس بالکل ممکن ہے کہ جو لوگ اعلیٰ درجہ کی نیت
کے ساتھ قربانی کرنے والے ہیں۔خدا تعالیٰ ان کے متعلق یہ فیصلہ فرمادے کہ ان کے جسمانی نام کو بھی
قائم رکھا جائے گا اور ان کے روحانی نام کو بھی قائم رکھا جائے گا۔مگر اس کا تعلق روپیہ سے نہیں بلکہ نیت کے
ساتھ ہے۔اگر ایک شخص تحریک جدید میں سو روپیہ چندہ دیتا ہے مگر در حقیقت وہ ایک ہزار روپیہ دینے کی
توفیق رکھتا ہے تو خدا تعالیٰ اس کے سو روپیہ چندہ کو کبھی اعلی قربانی قرار نہیں دے گا۔اسی طرح اگر کوئی شخص
دس ہزار روپیہ دینے کی توفیق رکھتا ہے مگر وہ صرف ایک ہزار روپیہ چندہ دیتا ہے تو اس کا ایک ہزار روپیہ
دینا خدا تعالیٰ کے نزدیک ہرگز اعلی قربانی نہیں کہلا سکتا۔کیونکہ اللہ تعالیٰ انسان کی نیت کو دیکھتا ہے اور اس
کے مطابق اس سے سلوک کرتا ہے۔پس اپنی نیتوں کو درست کرو اور ان نیتوں کے مطابق عمل کرنے کی کوشش کرو۔تا کہ اس دس
سالہ جہاد کا اختتام تمہیں اس دس سالہ جہاد کے آغاز سے بہت زیادہ اللہ تعالیٰ کے فضلوں کا وارث
کرے۔اور تا کہ تمہارے بیعت میں داخل ہونے والے دن سے، تمہاری موت کا دن تمہارے لئے زیادہ
شاندار ہو۔بالعموم انسان جب کسی صداقت کو قبول کرتا ہے تو ابتداء میں اس کے اندر بڑا ولولہ اور جوش ہوتا
ہے مگر آہستہ آہستہ کم ہونا شروع ہو جاتا ہے لیکن مومن وہ ہے، جس کی موت کا دن، اس کی بیعت کے دن
سے زیادہ با برکت ہو۔بیعت کیا ہے؟ بیعت ایک انسان کے ہاتھ میں ہاتھ دینے کا نام ہے مگر تم جانتے ہو، زندگی کی
بیعت تو کسی بندے کے ہاتھ میں اپنا ہاتھ دے کر کی جاتی ہے مگر موت کی بیعت خدا تعالیٰ کے ہاتھ میں اپنا
ہاتھ دے کر کی جاتی ہے۔زندگی میں چونکہ انسان خدا تعالیٰ کے ہاتھ میں اپنا ہاتھ نہیں دے سکتا کیونکہ وہ
کوئی جسمانی وجود نہیں، اس لئے خدا تعالیٰ کے نمائندوں کے ہاتھ پر بیعت کی جاتی ہے، جو جسمانی زندگی
کی بیعت کہلاتی ہے۔مگر ایک بیعت وہ ہے جو خدا تعالیٰ کے ہاتھ پر کی جاتی ہے اور وہ بیعت وہی ہے،
جوموت کے وقت مومن اپنے خدا کے ہاتھ پر کرتا ہے۔اس میں کیا شبہ ہے کہ خدا تعالیٰ کے ہاتھ پر بیعت
اس بیعت سے بہت زیادہ شاندار ہونی چاہئے جو اس کے کسی نمائندہ کے ہاتھ پر کی جائے۔پس کامل
160

تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد دوم
خطبہ جمعہ فرمودہ 09 جنوری 1942ء
مومن وہی ہے، جس کی زندگی کی بیعت کے دن سے اس کی موت کا دن زیادہ شاندار ہو اور یہ اسی طرح
ہو سکتا ہے کہ مومن اپنی نیت اور اپنے اعمال کو بڑھاتا چلا جائے ، بڑھاتا چلا جائے اور بڑھاتا چلا جائے،
یہاں تک کہ وہ وفات پا کر اپنے رب کے حضور حاضر ہو جائے۔میں امید کرتا ہوں کہ جماعتیں جلد سے جلد اپنے فرائض کی ادائیگی کی طرف توجہ کریں گی اور اسی
میعاد کے اندر جو تجویز کی گئی ہے، اپنی قربانیوں کا اعلیٰ نمونہ دکھا ئیں گی یعنی ہندوستان کی جماعتیں اپنے
وقت مقررہ کے اندر اس تحریک میں اپنی طاقت کے مطابق حصہ لیں اور بیرونی ممالک کی جماعتیں اس
تاریخ کے اندر اندر حصہ لیں جو ان کے لئے مقرر کی گئی ہے اور اس طرح سب جماعتیں اور افرا دل کر اسلام
اور احمدیت کی اشاعت کے لیے اس مستقل بنیاد کو مضبوط کرنے میں مدد دیں، جو تحریک جدید کے ذریعہ
قائم کی جارہی ہے۔تا کہ اللہ تعالیٰ ہماری ناچیز کوششوں کو بار آور کرے اور دنیا میں اسلام کا درخت ایسی
مضبوطی کے ساتھ قائم ہو جائے کہ اس کو کوئی دشمن اکھاڑ نہ سکے اور اس کے سایہ سے کوئی شخص بھاگ نہ
سکے۔اس کے ساتھ ہی ہمیں اللہ تعالیٰ سے دعائیں بھی کرنی چاہئیں کہ وہ اپنے فضل سے ایسا درخت قائم
کر دے اور اس کی جڑیں ایسی مضبوط کر دے کہ نہ اسے کوئی شخص اکھاڑ سکے اور نہ اس کے سایہ سے کوئی
شخص باہر جا سکے۔(مطبوعہ افضل 14 جنوری 1942 ء)
161

آج 10 میں سے 10 باقی