جماعت کا فرض ہے کہ مبلغین کی قدر کریں ۔ خطبہ جمعہ فرمودہ 25 ستمبر 1942ء

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد دوم۔ 1940 تا 1947)

تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔جلد دوم
اقتباس از خطبه جمعه فرموده 25 ستمبر 1942ء
جماعت کا فرض ہے کہ مبلغین کی قدر کرے
خطبہ جمعہ فرمودہ 25 ستمبر 1942ء
اللہ تعالیٰ نے بعض دعائیں ایسی رکھی ہیں جو ہر شخص مانگ سکتا ہے اور نہ صرف مانگ
سکتا ہے بلکہ اسے مانگنی چاہئیں مثلاً اسلام اور احمدیت کی ترقی کی دعا، تقوی اللہ کے حصول کی دعا، سلسلہ کی
اشاعت اور اس کے نظام کے استحکام کی دعا، یہ دعا کہ ہم سب کو اللہ تعالیٰ کے منشاء اور اس کی مرضی کے
مطابق کام کرنے کی توفیق ملے اور ہمارا کوئی قدم اس کے احکام کے خلاف نہ اٹھے، اسی طرح جو لوگ
سلسلہ کی خدمت کر رہے ہیں، ان کے لئے دعا، یہ دعا ئیں ہیں جو ہم میں سے ہر شخص کو ہر روز کرنی چاہئیں
اور کبھی بھی ان سے غافل نہیں ہونا چاہیے۔ہمارے کئی مبلغ قید ہیں یا قید نما حالت میں ہیں۔ان میں سے دس بارہ تو مشرقی ایشیا
میں ہی ہیں مثلاً مولوی رحمت علی صاحب مولوی شاہ محمد صاحب، ملک عزیز احمد صاحب، مولوی محمد صادق
صاحب، مولوی غلام حسین صاحب۔ان کے علاوہ کچھ لوکل مبلغ ہیں، جو پانچ سات ہیں۔جن میں سے
بعض کو یہاں سے مقرر کیا گیا تھا اور بعض کو وہاں کی جماعتوں نے اپنا مبلغ بنا لیا تھا۔ان تمام مبلغین کے
متعلق نہ ہمیں کوئی خبر ہے، نہ اطلاع۔اس لئے ہمارا فرض ہے کہ ہم ان سب کو اپنی اپنی دعاؤں میں یاد
رکھیں۔کیونکہ وہ ہماری طرف سے ان ممالک میں تبلیغ اسلام کے لئے گئے تھے۔اللہ تعالیٰ نے بعض باتوں کو فرض کفایہ قرار دیا ہے اور تبلیغ بھی انہی میں سے ایک ہے۔یعنی اگر
قوم میں سے کوئی شخص بھی تبلیغ نہ کرے تو ساری قوم گناہگار اور اللہ تعالیٰ کے عذاب کی مورد ہوگی۔لیکن اگر
کچھ لوگ تبلیغ کے لئے کھڑے ہو جائیں تو باقی قوم گناہگار نہیں ہوگی۔پس اگر یہ لوگ تبلیغ کے لئے غیر ممالک میں نہ جاتے تو احمد یہ جماعت اللہ تعالیٰ کی نگاہ میں
گناہگار ٹھہرتی اور وہ اس کے عذاب کی مورد بن جاتی۔کیونکہ وہ کہتا کہ اس قوم نے تبلیغ کو بالکل ترک کر دیا
ہے۔جیسے مسلمانوں کی حالت ہے کہ جب انہوں نے فریضہ تبلیغ کی ادائیگی میں کوتاہی سے کام لیا اور ان
میں ایسے لوگ نہ رہے جو اپنے وطنوں کو چھوڑ کر، اپنے بیوی بچوں کو چھوڑ کر اور اپنے آرام و آسائش کے
سامانوں کو چھوڑ کر غیر ممالک میں جائیں اور لوگوں کو داخل اسلام کریں تو وہ مورد عذاب بن گئے۔183

اقتباس از خطبه جمعه فرموده 25 ستمبر 1942ء
تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔۔جلد دوم
پس جن لوگوں کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے ہماری جماعت کو اپنی خاص رحمتوں کا مورد بنایا ہوا ہے
یقینا ان کا حق ہے کہ ہم انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ان کے لئے دعا کرنا، اپنی ذاتی دعاؤں پر مقدم
سمجھیں اور متواتر الحاح اور عاجزی سے ان کی صحت اور سلامتی اور ان کے رشتہ داروں کی صحت اور سلامتی
کے لئے دعائیں کریں۔اسی طرح اور بہت سے مبلغ ہیں، جن کی قربانیوں کا صحیح اندازہ ہماری جماعت کے دوست نہیں
لگا سکتے۔بالخصوص دو مبلغ تو ایسے ہیں جو شادی کے بہت تھوڑا عرصہ بعد ہی تبلیغ کے لئے چلے گئے اور اب
تک باہر ہیں۔ان میں سے ایک دوست تو نو سال سے تبلیغ کے لئے گئے ہوئے ہیں۔حکیم فضل الرحمن
صاحب ان کا نام ہے۔انہوں نے شادی کی اور شادی کے تھوڑے عرصہ کے بعد ہی انہیں تبلیغ کے لئے بھجوا
دیا گیا۔وہ ایک نو جوان اور چھوٹی عمر کی بیوی کو چھوڑ کر گئے تھے مگر اب وہ آئیں گے تو انہیں ادھیڑ عمر کی بیوی
ملے گی۔یہ قربانی کوئی معمولی قربانی نہیں۔میرے نزدیک تو کوئی نہایت ہی بے شرم اور بے حیا ہی ہو سکتا
ہے جو اس قسم کی قربانیوں کی قیمت کو نہ سمجھے اور انہیں نظر انداز کر دے۔اسی طرح مولوی جلال الدین
صاحب شمس ہیں، انہوں نے بڑی عمر میں شادی کی اور دو تین سال بعد ہی انہیں تبلیغ کے لئے بھیج دیا گیا۔ان کے ایک بچے نے اپنے باپ کو نہیں دیکھا اور باپ نہیں جانتا کہ میرا بچہ کیسا ہے؟ سوائے اس کے کہ
تصویروں سے انہوں نے ایک دوسرے کو دیکھ لیا ہو۔وہ بھی کئی سال سے باہر ہیں اور اب تو لڑائی کی وجہ
سے ان کا آنا اور بھی مشکل ہے۔قائمقام ہم بھیج نہیں سکتے اور خود وہ آنہیں سکتے۔کیونکہ راستے مخدوش
ہیں۔اس لئے ہم نہیں کہہ سکتے کہ وہ کب واپس آئیں گے ؟ لڑائی ختم ہو اور حالات اعتدال پر آئیں تو اس
کے بعد ان
کا آنا ممکن ہے اور نہ معلوم اس میں ابھی اور کتنے سال لگ جائیں ؟ ان لوگوں کی ان قربانیوں کا
کم سے کم بدلہ یہ ہے کہ ہماری جماعت کا ہر فرد دعائیں کرے کہ اللہ تعالیٰ ان کو اپنی حفاظت اور پناہ میں
رکھے اور ان کے اعزہ اور اقربا پر بھی رحم فرمائے۔میں تو سمجھتا ہوں کہ جو احمدی ان مبلغوں کو اپنی دعاؤں میں یاد نہیں رکھتا، اس کے ایمان میں
ضرور کوئی نقص ہے اور مجھے شبہ پیدا ہوتا ہے کہ اس کے ایمان میں خلل واقعہ ہو چکا ہے۔اسی طرح اور بھی کئی
مبلغین ہیں جن کی قربانی گو اس حد تک نہیں مگر پھر بھی وہ سالہا سال سے اپنے اعزہ اور رشتہ داروں سے
دور ہیں اور تم قسم کی تکالیف برداشت کر رہے ہیں۔ان مبلغین میں سے مغربی افریقہ کے دو مبلغ خصوصیت
سے قابل ذکر ہیں۔ایک مولوی نذیر احمد (ابن بابو فقیر علی صاحب) اور دوسرے مولوی محمد صدیق
184

تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد دوم
اقتباس از خطبه جمعه فرموده 25 ستمبر 1942ء
صاحب۔یہ لوگ ایسے علاقوں میں ہیں جہاں سواریاں مشکل سے ملتی ہیں، کھانے پینے کی چیزیں بھی
آسانی سے میسر نہیں آتیں، راستہ میں کبھی ستو پھانک کر گزارہ کر لیتے ہیں اور کبھی کوئی پھل کھا لیتے ہیں۔پھر انہیں سینکڑوں میل کے دورے کرنے پڑتے ہیں اور ان دوروں کا اکثر حصہ وہ پیدل طے کرتے ہیں۔یہ قربانیاں ہیں جو سالہا سال سے یہ لوگ کر رہے ہیں، چیف اور رؤسا ان کا مقابلہ کرتے ہیں۔بعض دفعہ
گو ہمیشہ نہیں ) گورنمنٹ بھی ان کے راستے میں روڑے اٹکاتی ہے، عام پبلک اور مولوی بھی مقابلہ کرتے
رہتے ہیں۔لیکن ان تمام روکوں کے باوجود وہ مختلف علاقوں میں جماعتیں قائم کرتے اور خانہ بدوشوں کی
طرح دین کی اشاعت کے لئے پھرتے رہتے ہیں۔یہ لوگ ایسے نہیں کہ جماعت ان کی قربانیوں کے واقعات کو تسلیم کرنے سے انکار کر سکے۔میں
قربانیوں کے واقعات کو تسلیم کرنے کی بجائے ان کے احسانات کو تسلیم کرنے“ کے الفاظ استعمال
کرنے لگا تھا۔مگر پھر میں نے لفظ احسان اپنی زبان سے نہیں نکالا۔کیونکہ دین کیلئے قربانی کرنا ہر مومن کا
فرض ہے۔اس لئے میں نے کہا ہے کہ جماعت ، ان لوگوں کی قربانیوں کو تسلیم کرنے سے انکار نہیں کرسکتی۔لیکن بہر حال اس میں کیا شبہ ہے کہ جو کام یہ لوگ کر رہے ہیں، وہ ساری جماعت کا ہے اور اس لحاظ سے
جماعت کے ہر فرد کو اپنی دعاؤں میں ان مبلغین کو یا درکھنا چاہئے۔اسی طرح اور مبلغ دوسرے مختلف ممالک میں اخلاص اور قربانی سے کام کر رہے ہیں۔صوفی مطبع
الرحمان صاحب امریکہ میں کام کر رہے ہیں اور بعض مشکلات میں ہیں۔مولوی مبارک احمد صاحب مشرقی
افریقہ میں کام کر رہے ہیں۔مولوی رمضان علی صاحب ساؤتھ امریکہ میں کام کر رہے ہیں۔چوہدری محمد
شریف صاحب فلسطین اور مصر میں کام کر رہے ہیں۔حکیم فضل الرحمن صاحب کا ذکر میں پہلے کر چکا ہوں
ان کے علاوہ مولوی نذیر احمد صاحب مبشر سیالکوئی آج کل گولڈ کوسٹ میں کام کر رہے ہیں۔یہاں گو
جماعتیں پہلے سے قائم ہیں مگر وہ اکیلے کئی ہزار کی جماعت کو سنبھالے ہوئے ہیں۔پھر ان کی قربانی اس لحاظ
سے بھی خصوصیت رکھتی ہے کہ وہ آنریری طور پر کام کر رہے ہیں ، جماعت ان کی کوئی مدد نہیں کرتی۔وہ بھی
سات آٹھ سال سے اپنے عزیزوں اور رشتہ داروں سے جدا ہیں بلکہ تبلیغ پر جانے کی وجہ سے بیوی کا
رخصتانہ بھی نہیں کرا سکے۔ہمارے دوست بعض دفعہ مختلف لوگوں کے اعتراضات سے ڈر کر اور بعض دفعہ پیغامیوں کے
اس اعتراض سے گھبرا کر کہ جماعت احمد یہ قادیان تبلیغ نہیں کرتی، خیال کرنے لگ جاتے ہیں کہ شاید یہ
185

اقتباس از خطبہ جمعہ فرموده 25 ستمبر 1942 ء
تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔جلد دوم
اعتراض درست ہے۔حالانکہ ہماری جماعت کے مبلغین کی قربانیوں کو اگر دیکھا جائے تو ان کی مثال
سوائے قرون اولیٰ کے اور کہیں دکھائی نہیں دے سکتی۔پیغامیوں کی تبلیغ تو اس کے مقابلہ میں ایسی ہے جیسے
سورج کے مقابلہ میں ذرہ۔میں نے جو مثالیں پیش کی ہیں، ان کے مقابلہ میں پیغامی کوئی ایک ہی مثال
پیش کر کے دکھا ئیں۔ان میں کہاں جرات ہے کہ وہ ہندوستان سے بغیر خرچ کے غیر ممالک میں تبلیغ کے
لئے جائیں اور اپنا گزارہ تجارت وغیرہ کے ذریعہ کریں؟ اسی طرح ان میں کوئی ایسی مثال نہیں مل سکتی کہ
کسی شخص کی نئی نئی شادی ہوئی ہو اور وہ اپنی بیوی کو چھوڑ کر اعلائے کلمہ اسلام کے لئے نکل گیا ہو اور پھر اسے
واپس آنے کا اس وقت موقع ملا ہو جب اس کی بیوی ادھیڑ عمر کے قریب پہنچ چکی ہو۔اس قسم کی قربانیوں کا
موقع اللہ تعالیٰ نے صرف ہماری جماعت کو ہی دیا ہے۔پس نہایت ہی بے شرم وہ لوگ ہیں، جو ہماری جماعت پر یہ اعتراض کرتے ہیں
کہ ہم تبلیغ نہیں
کرتے اور نہایت ہی بیوقوف وہ لوگ ہیں، جو اس اعتراض سے ڈر کر اپنے مبلغوں کی قربانیوں کو نظر انداز
کر دیتے ہیں۔یہ وہ لوگ ہیں، جن سے سلسلہ کی عزت ہے۔یہ وہ لوگ ہیں، جو حقیقی ایمان کا مظاہرہ کرنے
والے ہیں اور یہ وہ لوگ ہیں، جن کے متعلق جماعت کا فرض ہے کہ ان کی قدر کرے۔میں یہ
نہیں کہتا کہ آپ
لوگوں میں اور ایسے نہیں ہیں۔ممکن ہے آپ لوگوں میں سے بھی سینکڑوں ایسے ہوں ، جو اسی رنگ میں اپنے
ایمان کا مظاہرہ کرنے کے لئے تیار ہوں اور وقت آنے پر وہ لوگ ثابت کر دیں کہ وہ بھی اپنے بھائیوں سے
اخلاص اور قربانی میں کم نہیں۔مگر اپنے ایمان اور اخلاص کا نمونہ دکھانے کا ان کو موقعہ ملا ہے، آپ کو نہیں۔اس
لئے دنیا کے سامنے آپ کی مثال پیش نہیں کی جاسکتی، انہی لوگوں کی پیش کی جاسکتی ہے۔پس ان ایام میں ان
لوگوں کے لئے خصوصیت سے دعا ئیں کرنی چاہئیں۔اسی طرح احمدیت کی عظمت اور ترقی اور جماعت کے
اندر سے ہر قسم کی منافقت کے دور ہونے کے متعلق دعائیں کرنی چاہئیں۔( مطبوعه الفضل مورخہ یکم اکتوبر 1942ء)
186

آج 10 میں سے 10 باقی