دنیاوی جنگ کے مقابلے میں دینی جنگ کے لیے زیادہ قربانیاں کریں ۔ خطبہ جمعہ فرمودہ 8 مئی 1945ء
تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد دوم۔ 1940 تا 1947)
تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد دوم
اقتباس از خطبه جمعه فرموده 08 مئی 1945ء
دنیوی جنگ کے مقابلہ میں دینی جنگ کے لئے زیادہ قربانیاں کریں
ملفوظات فرمودہ 08 مئی 1945ء
”یہاں ہمارے نوجوان کا لجوں کے بھی اور سکولوں کے بھی بیٹھے ہیں۔میں ان کو توجہ دلاتا ہوں
کہ اللہ تعالیٰ نے وہ حیرت انگیز تغیر ظاہر فرما دیا ہے، جس کی بنیاد آج سے دس سال پہلے تحریک جدید کے
ذریعہ رکھی گئی تھی۔دنیا کی لڑائی کا اب خاتمہ ہو چکا ہے اور خدا تعالیٰ نے دین کی لڑائی کا راستہ کھول دیا ہے۔ہمارے نو جوانوں کو چاہئے کہ جو قربانیاں دنیا والوں نے اس جنگ میں کی ہیں ، ان کا بغور مطالعہ کریں اور
اپنے آپ کو دین کی بڑائی کے لئے اس سے زیادہ قربانیاں کرنے کے لئے تیار کریں۔دنیوی جنگ کو دیکھ لو، یہ کس رنگ میں اچانک ختم ہوئی ہے؟ دنیوی جنگ میں انسان کو بسا اوقات
فتح کی امید نہیں ہوتی مگر پھر بھی وہ قربانی کرتا ہے۔مگر دین کی جنگ کے بارے میں مومنوں
کو اپنی فتح اور
کامیابی کا یقین ہوتا ہے۔قرآن مجید میں خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ مومنوں کو بعض دفعہ تکلیف پہنچتی ہے تو بعض
مومن گھبرا جاتے ہیں اور منافق طبع لوگ شور مچانا شروع کر دیتے ہیں۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:۔وَلَا تَهِنُوا فِى ابْتِغَاءِ الْقَوْمِ اِنْ تَكُونُوا تَأْلَمُونَ فَإِنَّهُمْ يَأْلَمُوْنَ كَمَا تَأْلَمُوْنَ
وَتَرْجُونَ مِنَ اللهِ مَا لَا يَرْجُونَ وَكَانَ اللهُ عَلِيمًا حَكِيمًان
(نساء رکوع 15)
تم دیکھو جو تکلیف تم کو پہنچ رہی ہے، یہ صرف تمہیں ہی نہیں بلکہ تمہارے دشمنوں
کو بھی پہنچ رہی
ہے۔یہ نہیں کہ تمہارا مال خرچ ہوتا ہے اور ان کا نہیں ہوتا یا تمہارے آدمی مرتے ہیں اور ان کے نہیں
مرتے۔بلکہ مال ان کا بھی خرچ ہوتا ہے اور تمہارا بھی۔آدمی ان کے بھی مرتے ہیں اور تمہارے بھی۔پس
جہاں تک دنیوی تکلیف کا سوال ہے، اس میں تم دونوں برابر ہو۔مگر ایک چیز میں فرق ہے اور وہ یہ کہ
تمہارے دشمنوں کے اندر شک ہے اور انہیں اپنی فتح کا یقین نہیں مگر تمہیں یقین ہے کہ فتح تمہاری ہوگی۔تو
جب باوجود شک کے وہ قربانیاں کرتے ہیں تو تم اپنی کامیابی کے متعلق یقین رکھتے ہوئے قربانیوں سے
کیوں گھبراتے ہو ؟ پس تم دونوں میں یہ امتیاز ہے کہ وہ لڑتے ہیں مایوسی کے ساتھ اور تم لڑتے ہو یقین کے
ساتھ کہ ہم نے بہر حال جیتنا ہے۔اور تمہارے اندر وہ امید ہے، جوان کے اندر نہیں۔551
اقتباس از خطبہ جمعہ فرموده 08 مئی 1945ء
تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔جلد دوم
موجودہ زمانہ میں یہی فرق ہمارے اور دوسرے لوگوں کے اندر ہے کہ ہمیں خدا تعالیٰ کے
وعدوں کے مطابق اپنی فتح کے متعلق یقین ہے۔مگر ان لوگوں کے اندر مایوسی ہے۔لیکن باوجود مایوسی کے وہ
لوگ قربانیاں کرتے ہیں۔جرمنوں کو ہی دیکھ لو۔ان کی پچھلے چھ ماہ کی لڑائی مایوسی والی تھی۔مگر جتنی قربانی
انہوں نے اس چھ ماہ میں کی ہے، اتنی قربانی انہوں نے پہلی ساری جنگ میں بھی نہیں کی۔وہ جانتے تھے کہ
اس لڑائی کا نتیجہ ہمارے حق میں نہیں ہوگا۔مگر پھر بھی انہوں نے کہا کہ اگر جنگ کا نتیجہ ہمارے حق میں نہ ہوا
تو کیا ہے؟ ہم دشمن کی قید میں رہ کر ذلت کی زندگی گزارنے سے جنگ میں مرجانا بہتر سمجھتے ہیں۔چنانچہ کہا
جاتا ہے، پچھلے چند ہفتوں میں دس لاکھ جرمن مارے گئے اور بعض اس سے بھی زیادہ کہتے ہیں۔بعض دفعہ
ایک ایک محاذ پر ایک ایک دن میں پچاس پچاس، ساٹھ ساٹھ ہزار آدمی مارا گیا۔مگر ان حالات میں بھی وہ
لڑتے گئے کہ اگر ہم مارے گئے تو کیا ہوا؟ ہم مر جانا بہتر سمجھتے ہیں مگر دشمن کے ماتحت رہنا پسند نہیں کرتے۔پس میں سمجھتا ہوں کہ اگر اللہ تعالیٰ کی طرف سے امید نہ بھی دلائی گئی ہو کہ تم نے جیتنا ہے تو
قربانی کے لئے صرف یہی چیز کافی ہے کہ انسان دشمن کی قید اور ماتحتی میں رہنا پسند نہ کرے۔مگر ہمارے
لئے تو ایک زائد چیز ہے کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اگر تم دین کے لئے قربانیاں کرو گے تو تمہاری وہ قربانیاں
رائیگاں نہیں جائیں گی بلکہ ان کے بدلہ میں خدا تعالیٰ اسلام کو دنیا میں پھیلا دے گا۔پس ہمارے لئے تو قربانی کے محرکات اور موجبات بہت زیادہ ہیں اور ہمارا مقصد بہت اعلیٰ ہے
اور ہمیں اپنی کامیابی اور فتح کے متعلق یقین ہے۔پھر کیا وجہ ہے کہ ہم دنیا والوں سے زیادہ یا کم از کم اتنی
قربانیاں نہ کریں۔خدا تعالیٰ ہمارے ساتھ احدی الحسنین کا وعدہ فرماتا ہے کہ اگر تم جیت گئے تو پھر تو
تمہاری فتح ہے ہی لیکن اگر تم دین کی لڑائی میں مارے گئے تو سیدھے جنت میں جاؤ گے۔گویا دونوں
صورتوں میں ہمارے سامنے بہت بڑا مقصد اور دونوں صورتوں میں ہمیں امید اور یقین ہے، غالب ہونے
کی صورت میں بھی اور مرنے کی صورت میں بھی۔پس ہمارے نوجوانوں کو چاہئے کہ اس دنیوی جنگ میں
لوگوں نے جو قربانیاں کی ہیں، ان کا بغور مطالعہ کریں اور پھر اپنے آپ کو دین کی جنگ کے لئے اس سے
بھی زیادہ قربانیاں کرنے کیلئے تیار کریں“۔مطبوع الفضل 06 جون 1945ء)
552