تم کو ہر وقت تین محاذوں پر شیطان کے حملوں کا مقابلہ کرنا پڑے گا ۔ خطبہ جمعہ فرمودہ 2 فروری 1968ء
تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد چہارم ۔ 1965ء تا 1973ء)
تحریک جدید - ایک الہبی تحریک۔۔۔۔جلد چہارم
اقتباس از خطبه جمعه فرموده 02 فروری 1968ء
تم کو ہر وقت تین محاذوں پر شیطان کے حملوں کا مقابلہ کرنا پڑے گا
خطبہ جمعہ فرمودہ 02 فروری 1968ء
" اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کے شروع میں ایک نہایت ہی لطیف اور نہایت ہی شاندار دعا
ہمیں سکھائی ہے، سورہ فاتحہ کی شکل میں۔اور اس طرح ابتداء ہی میں ایک عظیم دعا سکھا کر ہمیں اس طرف
متوجہ کیا کہ ایک مسلمان کی زندگی کا انحصار دعا اور صرف دعا پر ہی ہے۔اس کے بعد سورہ بقرہ میں پہلے
قرآن کریم کو ایک عظیم ، ایک کامل، ایک مکمل کتاب کی شکل میں ہمارے سامنے رکھا اور یہ اعلان کیا کہ یہ
عظیم کتاب ہر قسم کے شکوک و شبہات اور نقائص سے مبرا اور پاک ہے۔اور اس کے بعد امت مسلمہ کو بیدار
اور چوکس کیا ، یہ کہہ کر کہ تم کو ہر وقت تین محاذوں پر، تین فرنٹیرز پر ہوشیاری کے ساتھ شیطان کے حملوں کا
مقابلہ کرنا پڑے گا۔اور اس کے لئے تمہیں ہر وقت تیار رہنا چاہیے۔ایک محاذ ، جس کی طرف ہمیں متوجہ کیا، وہ اندرونی محاذ ہے۔تربیت کا محاذ۔تربیت کے محاذ کے دو پہلو ہیں۔ایک تربیت یافتہ کو تربیت کے اعلیٰ مقام پر قائم رکھنے کی کوشش کرنا۔اور یہ کوشش کرنا کہ وہ مزید
ترقیات روحانی راہوں پر کرتا چلا جائے۔تربیت کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ وہ جو امت مسلمہ میں نئے نئے شامل ہوں بیعت کر کے یا ولادت
کے نتیجہ میں ، ان کو اسلام کے رنگ میں صحیح طور پر رنگنا اور سچا مسلمان بنانے کی کوشش کرنا۔اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ یہ کتاب
هُدًى لِلْمُتَّقِينَ
ہے۔اس میں اس طرف اشارہ کیا کہ تقویٰ کے بلند مقام پر پہنچنے کے باوجود انسان
کو اللہ تعالیٰ کی
ہدایت کی ضرورت رہتی ہے۔اور اس ضرورت کو یہ قرآن پورا کر رہا ہے۔متقیوں کے لئے ہدایت کا سامان
اس کے اندر پایا جاتا ہے۔اللہ تعالیٰ نے اسی مضمون کو دعائیہ الفاظ میں دوسری جگہ اس طرح بیان کیا ہے کہ
رَبَّنَا لَا تُزِغْ قُلُوْبَنَا بَعْدَ إِذْ هَدَيْتَنَا
347
اقتباس از خطبه جمعه فرموده 02 فروری 1968ء
تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔۔جلد چہارم
کہ ہدایت تیرے فضل سے ہمیں حاصل ہو جائے۔پھر بھی یہ خطرہ لاحق رہے گا کہ ہمارے دلوں
میں کسی قسم کی کبھی نہ پیدا ہو جائے۔پس ہم تیرے حضور عاجزانہ دعا کے ذریعہ جھکتے ہیں اور یہ التجا کرتے ہیں
کہ جب ہمیں ہدایت حاصل ہو جائے ، صراط مستقیم ہمیں مل جائے ، ہمارے دل سیدھے ہو جائیں۔تو اس
کے بعد ہمارے دلوں میں کوئی کبھی نہ پیدا ہو۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے بھی اسی خطرہ کی طرف بار ہا متوجہ کیا ہے۔میں ایک
مختصر سا اقتباس اس وقت دوستوں کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔آپ فرماتے ہیں:۔بعض ایسے بھی ہیں کہ اول ان میں دل سوزی اور اخلاص بھی تھا مگر اب ان پر سخت
قبض وارد ہے۔اور اخلاص کی سرگرمی اور مریدانہ محبت کی نورانیت باقی نہیں رہی بلکہ
صرف بلعم کی طرح مکاریاں باقی رہ گئی ہیں۔اور بوسیدہ دانت کی طرح اب بجز اس
کے کسی کام کے نہیں کہ منہ سے اکھاڑ کر پیروں کے نیچے ڈال دیئے جائیں۔وہ تھک
گئے اور راندہ ہو گئے اور نابکار دنیا نے اپنے دام تزویر کے نیچے انہیں دبا لیا۔سو میں سچ
سچ کہتا ہوں کہ وہ عنقریب مجھ سے کاٹ دیئے جائیں گے۔بجز اس شخص کے کہ خدا
تعالیٰ کا فضل نئے سرے اس کا ہاتھ پکڑ لیوے۔ایسے بھی بہت ہیں، جن کو خدا تعالیٰ
نے ہمیشہ کے لئے مجھے دیا ہے۔اور وہ میرے درخت وجود کی سرسبز شاخیں ہیں۔(فتح اسلام، روحانی خزائن جلد 3 صفحہ 40)
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے ان الفاظ میں اسی حقیقت کا اظہار کیا ہے کہ ہدایت پا
لینے کے بعد اس وہم میں مبتلا ہو جانا کہ اب ہمارے لئے
ابتلاء آہی نہیں سکتا اور شیطان کا ہم پر کامیاب وار
ممکن ہی نہیں۔یہ غلط ہے۔متقی بن جانے کے بعد بھی انسان کو ہدایت کی ضرورت رہتی ہے۔اور جب اللہ
تعالیٰ نے یہ دعا سکھائی کہ
رَبَّنَا لَا تُزِغْ قُلُوْبَنَا بَعْدَ إِذْ هَدَيْتَنَا
اس میں اس طرف بھی اشارہ کیا کہ کبھی سے بچنے اور ہدایت پر قائم رہنے کے لئے جن ہدایتوں کی ،
جن تعلیمات کی ضرورت ہے، وہ قرآن کریم میں پائی جاتی ہیں۔پس ایسے مواقع کے لئے جو دعائیں قرآن
کریم نے سکھائی ہیں، جو طریق اس نے بتائے ہیں، جو تعلیمیں اس نے دی ہیں، ان سے فائدہ اٹھاؤ۔اور
دعاؤں کے ذریعہ اور تدبیر کے ذریعہ یہ کوشش کرو کہ ہدایت پانے کے بعد پھر پاؤں نہ پھیلے۔اللہ تعالیٰ کی
رضا کی جنت میں داخل ہونے کے بعد کہیں ایسا نہ ہو کہ رضا کی ان جنتوں سے نکال دیئے جاؤ۔348
تحریک جدید - ایک الہبی تحریک۔۔۔۔جلد چہارم
اقتباس از خطبہ جمعہ فرمودہ 02 فروری 1968ء
پس تربیت کا ایک محاذ تو یہ ہے۔ساری جماعت کو اس طرف متوجہ رہنا چاہیے کہ ایک دوسرے
کے مد اور معاون اور ناصر بن کر ایک دوسرے کولغزشوں سے بچائیں۔اور اس طرف متوجہ کرتے رہیں کہ
دیکھنا کسی موقع پر بھی کبر اور نخوت اور غرور اور ابا اور استکبار تمہارے اندر نہ پیدا ہو جائے۔عاجزی کے ساتھ
اور نیستی کے ساتھ اپنی زندگی کے دن گزارو۔یہ ایک پہلو ہے تربیت کا۔اور دوسرا پہلو جو ہے، وہ نئے داخل ہونے والوں یا نٹے پیدا ہونے والوں کا محاذ ہے۔جب
ایک کام ایک لمبے زمانہ پر ممتد ہو تو ضروری ہوتا ہے کہ ایک نسل کے بعد دوسری نسل کی صحیح تربیت کی جاتی
رہے۔تو دوسرا پہلو تر بیت کا اطفال کی تربیت، نئے داخل ہونے والوں کی تربیت ہے۔(اس کی تفصیل
میں ، میں اس وقت نہیں جاؤں گا۔)
بهر حال هُدًى لِلْمُتَّقِينَ میں اللہ تعالیٰ نے واضح الفاظ میں ایک تو یہ فرمایا کہ ہدایت پا جانے
کے بعد بھی تمہیں ہدایت پر قائم رہنے کے لئے ایک ہدایت کی ضرورت ہے اور وہ قرآن کریم میں پائی جاتی
ہے۔اور دوسرے اللہ تعالیٰ نے اشارہ یہ فرمایا کہ قرآن کریم ہدایت کا سامان اپنے اندر رکھتا ہے۔(دوسری
جگہ بڑی وضاحت سے اسے بیان کیا ہے۔) اور اشارہ بتایا گیا ہے کہ جو ہدایت یافتہ نہ ہوں، بڑے ہوں،
شعور رکھنے والے ہوں لیکن ابھی ان پر اسلام کی حقیقت واضح نہ ہوئی ہو یا بچپن سے بڑے ہور ہے ہوں
اور ابھی اس قسم کا شعوران میں پیدا نہ ہوا ہو، جو بھی صورت ہو، نئے سرے سے ہدایت دینے کے سامان
قرآن کریم میں پائے جاتے ہیں۔اور قرآن کریم نے بڑا زور دیا ہے کہ تربیت کے اس پہلو کو بھی ہمیشہ مد
نظر رکھو اور اس میں بھی غفلت سے کام نہ لو۔دوسرا محاذ جہاں ہمیں چوکس رہنا چاہیے اور اس کی طرف سورۃ بقرۃ کے شروع میں ہی اللہ تعالیٰ
نے ہمیں متوجہ کیا ہے۔وہ یہ ہے کہ هُدًى لِلْمُتَّقِینَ کے مضمون کے متعلق آیات بیان کرنے کے بعد اللہ
تعالیٰ فرماتا ہے:۔إِنَّ الَّذِيْنَ كَفَرُوْا سَوَاءٌ عَلَيْهِمْ أَنْذَرْتَهُمْ أَمْ لَمْ تُنْذِرُهُمْ لَا يُؤْمِنُوْنَ )
کہ ایک دوسری جماعت یا دوسرا گروہ وہ ہے (اس کامل کتاب کے نزول کے بعد ) کہ جن کے
دل اور دماغ اور روح کی کیفیت یہ ہے کہ تم انہیں انداری پیشگوئیاں بتا کر انذار کردیا نہ کرو، ان کے لئے
برابر ہوگا۔وہ اس کی طرف متوجہ ہی نہیں ہوں گے کہ اللہ تعالیٰ نے ایک عظیم نبی کومحمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ
وسلم کی شکل میں دنیا کی طرف بھیج دیا ہے۔اور قیامت تک دنیا کی قسمت کو آپ کے پاک وجود کے ساتھ
349
اقتباس از خطبه جمعه فرمود و 02 فروری 1968ء
تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔۔جلد چہارم
وابستہ کر دیا ہے۔اور جو شخص آپ کی طرف متوجہ نہیں ہوتا، وہ اس دنیا میں بھی اور آنے والی دنیا میں بھی
گھاٹے میں رہتا اور خسران پانے والا ہے۔تو جب تک ان کے ذہنوں
کی یہ کیفیت رہے کہ تمہارا ڈرانا ،نہ
ڈرانا ، ان کے لئے برابر ہی ہو تو اس وقت تک وہ ایمان کیسے لا سکتے ہیں؟ اس لئے تم پر یہ فرض عائد کیا جاتا
ہے کہ تم ان کے ذہنوں کی اس کیفیت کو بدلنے کی کوشش کرو۔اس کے متعلق بھی اللہ تعالیٰ نے بڑی تفصیل
سے قرآن کریم میں ہدایتیں دی ہیں۔ہمیں یہ کہا ہے کہ تمہارے دل میں ایسے لوگوں کے لئے رحم کا جذبہ
اس شدت کا پیدا ہو جائے کہ تم ہر وقت ان کے لئے دعائیں کرتے رہو۔وہ اللہ تعالیٰ کی ناراضگی مول لے
رہے ہیں، اس کی آواز پر لبیک نہیں کہہ رہے، ایک جہنم اپنے لئے پیدا کر رہے ہیں۔اے خدا! تو اپنے ان
بندوں کو اس جہنم سے نجات دلا، ان کی آنکھیں کھول، ان کے دلوں کی اس کیفیت کو بدل دے۔اس کے متعلق جیسا کہ میں نے بتایا ہے، بڑی تفصیل سے قرآن کریم نے ہدایتیں ہمیں دی ہیں۔جَادِلُهُمْ بِالَّتِي هِيَ أَحْسَنُ
کہہ سے عملی نمونہ دکھاؤ وغیرہ وغیرہ سینکڑوں ہدایتیں ہمیں دی گئی ہیں۔اس محاذ پر بھی ہمیں ہر
وقت چوکنا رہنا چاہیے۔اس وقت اسلام پر سب سے زبر دست حملہ عیسائیت کر رہی ہے۔اور دوسرے نمبر
پر دہریت یعنی وہ جو خدا کے وجود سے ہی انکار کر رہے ہیں۔عیسائیت کو یہ وہم ہو گیا تھا کہ وہ بیسویں صدی
کے شروع میں ساری دنیا کو اس کے لئے ، جسے وہ خداوند یسوع مسیح کہتے ہیں، جیت لیں گے۔لیکن عین
وقت پر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام
کو اللہ تعالیٰ نے مبعوث فرمایا اور ان کے اس وہ ہم کو دور کر دیا۔لیکن ابھی طاغوتی طاقتوں کا سر جو اس شکل میں اور اس رنگ میں ظاہر ہوا تھا، پوری طرح کچلا نہیں گیا۔اور
ڈیسپریٹ (desperate) ہو کر خائف ہو کر اسلام کے خلاف ہر جائز اور نا جائز طریق کو استعمال کرنے
پر عیسائیت تل گئی ہے۔ایک مثال میں دیتا ہوں۔کچھ عرصہ ہوا ، مغربی افریقہ سے یہ اطلاع ملی تھی کہ عیسائیوں کے ایک
رسالہ میں یہ مضمون شائع ہوا ہے۔ایک بہت بڑے پادری کی طرف سے کہ جوطریق اس وقت تک ہم
عیسائی بنانے کے لئے استعمال کرتے آئے ہیں، وہ ناکام ہو گئے ہیں۔ہمیں سوچنا پڑے گا کہ نئے طریق
اختیار کئے جائیں۔کیونکہ ایک لمبے عرصہ کے تجربہ نے ہم پر یہ ثابت کیا ہے کہ ان راہوں سے ہم کامیابی کا
منہ نہیں دیکھ سکتے۔اور اس نے یہ مشورہ دیا ہے کہ عیسائیت میں مغربی افریقہ کے رہنے والوں کی روایات اور
عادات کے مطابق تبدیلیاں کر دی جائیں۔یہ لوگ بت پرست ہیں، وہم پرست ہیں، جادو اور ٹونے کے
قائل ہیں۔کچھ اس قسم کے خیالات عیسائیت کے اندر لے آنے چاہئیں تا کہ یہ لوگ عیسائی ہو جائیں۔350
تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔جلد چہارم
اقتباس از خطبہ جمعہ فرمودہ 02 فروری 1968ء
ابھی دو، ایک ہفتے ہوئے ، مشرقی افریقہ سے یہ اطلاع ملی ہے کہ وہاں بھی پادریوں نے سر جوڑا
ہے اور انہوں نے یہ بحث کی ہے کہ جن راہوں
کو ہم کامیابی کی راہیں سمجھتے تھے، وہ تو ناکامی کی طرف نہیں
لے گئی ہیں۔اور یہ لوگ عیسائیت کی طرف متوجہ نہیں ہورہے۔اس واسطے ان کے ذہن اور ان کی عادتوں
اور ان کی روایتوں کے مطابق عیسائی اعتقادات میں تبدیلی کر دینی چاہیے۔تا کہ ان لوگوں کو ہم عیسائی بنا
سکیں۔یعنی عیسائیت کا ان پر لیبل لگ جائے ، چاہے وہ پھر کی پرستش کرنے والے ہوں، چاہے وہ درخت
کی پرستش کرنے والے ہوں، چاہے وہ جادو اور ٹونے کی پرستش کرنے والے ہوں۔لیکن عیسائیت کے
اندر یہ چیزیں لے آؤ لیبل تو لگ جائے گا کہ عیسائی ہو گئے۔تو جو مذہب اس قسم کے ہتھیاروں کو استعمال کرنے کی طرف آجائے ، اس کی حالت کا آپ
اندازہ لگا سکتے ہیں۔بہر حال اس وقت وہ اپنا پور از ور لگانے پر تلے ہوئے ہیں کہ ہر جائز اور ناجائز طریق
سے اسلام کے خلاف عیسائیت کو کامیاب کریں۔دراصل ہماری زندگی کا جماعت احمدیہ کی زندگی کا مقصد
ہی یہ ہے کہ اسلام کو تمام ادیان پر غالب کیا جائے۔اور سب سے بڑا حملہ عیسائیت کے محاذ سے ہو رہا ہے۔ہمیں اللہ تعالیٰ نے باوجود انتہائی کمزور ہونے کے باوجود انتہائی غریب ہونے کے باوجود انتہائی بے کس
ہونے کے، باوجود انتہائی طور پر سیاسی اقتدار سے محروم ہونے کے یہ تو فیق عطا کی، اپنے فضل سے کہ ہم
نے ایک بہت بڑا ریلا عیسائیت کا بیسویں صدی کے شروع میں روک دیا۔لیکن ہمارا کام ابھی ختم نہیں ہوا۔اور نہ وہ وقت آیا ہے کہ ہم سمجھیں کے ہمیں اپنی قربانیوں کی رفتار کو اب تیز کرنے کی ضرورت نہیں رہی ، ہم
کامیاب ہو گئے ہیں یا یہ کہ کامیابی ہمارے سامنے کھڑی ہے، عنقریب ہم کامیاب ہو جائیں گے۔ابھی وہ
وقت نہیں آیا۔اس کے لئے بہت زیادہ اور انتہائی قربانیاں ہمیں دینی پڑیں گی ،محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ
وسلم کے لئے ، اسلام کے لئے اللہ کے لئے۔جب دلوں کے جیتنے کا سوال ہو تو نصف یا چوتھائی دل جیتنے کا
سوال نہیں ہوتا کہ دل آدھے تو شیطان کے رہیں اور نصف خدا کے لئے ہو جائیں۔سارا ہی دل جیتنا ہے۔اور سارے ہی دل کو اللہ تعالیٰ کے قدموں میں لا ڈالنا ہے۔عیسائیت کی طرح ہم یہ تو سوچ بھی نہیں سکتے
کہ اسلام کے اندر مداہنہ کرتے ہوئے کچھ نرمی کر دیں۔پورے کا پورا اسلام انہیں قبول کرنا ہوگا۔انشاء
اللہ۔اور پورے کے پورے دل اور روح کے ساتھ اور پورے ذہن کے ساتھ ان کو اپنے اللہ کے حضور
جھکنا پڑے گا۔یہ ہماری زندگی، ہمارے قیام کا مقصد ہے، جس کے لئے انتہائی قربانیاں نہیں کرنی پڑیں
گی۔اللہ اس کی توفیق عطا کرے۔مطبوع روزنامه افضل 14 مارچ (1968ء
351