احمدی بچوں کی تعلیم و تربیت

زرّیں ہدایات (جلد سوم برائے طلباء۔1916ء تا 1931ء)

زریں ہدایات (برائے طلباء)
106
جلد سوم
,,
احمدی بچوں کی تعلیم وتربیت
29 جون 1923ء کو بعد نماز مغرب محلہ دار الفضل قادیان کے بچوں کے جلسہ میں حضرت
خلیفہ اسیح الثانی نے تشہد، تعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حسب ذیل خطاب فرمایا:۔یہ سوال ایسا اہم سوال ہے کہ کسی قوم کی بہتری کا دارو مدار اسی پر ہوتا ہے۔ہمیشہ جو تو میں
تباہ ہوئی ہیں اسی وجہ سے ہوئی ہیں کہ پہلے لوگ مرگئے اور پچھلے ان کے قائم مقام نہ بن
سکے۔اگر حضرت ابوبکر کا قائم مقام ابوبکر پیدا ہو جاتا ، اگر حضرت عمر کا قائم مقام عمر پیدا ہو جاتا،
اگر حضرت عثمان کا قائم مقام عثمان پیدا ہو جاتا، اگر حضرت علیؓ کا قائم مقام علی پیدا ہو جاتا، اسی
طرح طلحہ زبیر اور دوسرے صحابہ کے قائم مقام پیدا ہوتے اور پھر ان کے قائم مقام ہوتے ، پھر
ان کے اور یہی سلسلہ چلتا رہتا تو آج اسلام میں یہ نا خلف مولوی کیوں پیدا ہوتے جنہوں نے
حضرت مسیح موعود پر کفر کے فتوے دیئے اور آپ کے رستہ میں روکیں ڈالیں۔کیا شروع سے
مسلمان ایسے ہی تھے؟ ہر گز نہیں۔ان کے پیدا ہونے کی وجہ یہی ہے کہ پہلوں کی نسلیں ان کی
قائم مقام نہ پیدا ہوئیں۔پس کسی قوم میں جس قدر خرابیاں پیدا ہوتی ہیں ان کی وجہ یہی ہوتی
ہے کہ آئندہ اولادیں ماں باپ کے نقش قدم پر نہیں چلتیں۔اور یہ عجیب بات ہے کہ ہر علم کے متعلق ہم دیکھتے ہیں کہ بعد میں آنیوالے پہلوں کی نسبت
اس میں زیادہ ترقی کرتے ہیں۔مثلاً پہلے جو حساب ہوتا تھا آج اس سے بڑھا ہوا ہے۔اور
آجکل کے حساب دان پہلے حساب دانوں سے بڑھے ہوئے ہیں۔اسی طرح تاریخ کا حال
ہے۔اس زمانہ میں پہلے سے زیادہ عمدگی کے ساتھ تاریخیں مدون ہو چکی ہیں جو نہ صرف اس
زمانہ کے حالات کی بلکہ اُس زمانہ کے حالات کی بھی جس میں وہ واقعات ہوئے۔اس وقت
اُس زمانہ کے حالات اس سے زیادہ اچھی طرح لکھے گئے جیسے کہ پہلے زمانہ میں لکھے گئے تھے۔

زریں ہدایات (برائے طلباء)
107
جلد سوم
مثلاً ساتو میں آٹھویں صدی کے حالات اس زمانہ کے لوگوں کو زیادہ عمدگی کے ساتھ معلوم ہیں
به نسبت اُس زمانہ کے لوگوں کے۔اسی طرح جغرافیہ کا حال ہے۔پہلے سے زیادہ لوگوں کو اس کا
علم ہے۔پہلے جن ملکوں کے کسی کو نام بھی معلوم نہ تھے آج ان کو سب لوگ جانتے ہیں۔مثلاً |
امریکہ۔اور ہمارے تو بچے بھی امریکہ کا نام خوب جانتے ہیں کیونکہ مفتی ( محمد صادق ) صاحب |
وہاں گئے ہوئے ہیں اور ان کے حالات پڑھتے سنتے رہتے ہیں۔مگر عجیب بات یہ ہے کہ جہاں ان میں بعد میں آنے والے ترقی کرتے ہیں وہاں دین
کے معاملہ میں تنزل اختیار کرتے ہیں۔حساب جانتے ہیں۔اولا د اپنے باپ دادوں سے بڑھ کر
ہوتی ہے۔تاریخ میں زیادہ علم رکھتی ہے۔جغرافیہ زیادہ جانتی ہے۔اسی طرح لوہار، ترکھان، سنار
جو پہلے مر گئے اب ان سے بہتر کام کرنے والے موجود ہیں مگر دینی معاملات میں یہ مثال نہیں
ملتی۔اس کی وجہ کیا ہے حالانکہ دین دنیا کے ہر ایک کام اور ہر ایک پیشہ سے زیادہ اہم اور ضروری
ہے اور چاہئے تھا کہ اس میں زیادہ ترقی کرنے والے ہوتے۔اس کی وجہ ایک ہی ہے اور وہ یہ کہ
جب تاریخ دان تاریخ دانی میں فائدہ دیکھتا ہے تو کوشش کرتا ہے کہ اس کے متعلق اپنا جانشین
چھوڑ جائے تا کہ یہ علم مٹ نہ جائے۔اسی طرح حساب دان جب حساب دانی میں فائدہ دیکھتا
ہے تو کوشش کرتا ہے کہ اپنا قائم مقام پیدا کرے۔اسی طرح جغرافیہ والا جب اس علم کو نفع رساں
پاتا ہے تو اپنے بعد اسے جاری رکھنے کے لئے اپنا قائم مقام بنانے کی کوشش کرتا ہے۔لیکن دین
کے معاملہ میں لوگوں میں بہت کم خواہش ہوتی ہے کہ اپنے سے زیادہ جاننے والے پیچھے
چھوڑیں۔گو کسی قدر یہ خواہش ان لوگوں میں پائی جاتی ہے جو رسمی دین کے پابند نہیں ہوتے بلکہ
اس کو سمجھتے ہیں۔مگر خرابی یہ ہے کہ کسی امر کی صرف خواہش ہی کافی نہیں ہوتی بلکہ یہ بھی ضروری
ہوتا ہے کہ اس خواہش کو پورا کرنے میں مدد دینے والے بھی ہوں۔مثلاً ایک حساب دان کی یہ
خواہش ہی کافی نہیں کہ اس کے پیچھے کوئی حساب دان رہے۔اور یہ خواہش اُس وقت تک پوری
نہیں ہو سکتی جب تک ایسے ماں باپ نہ ہوں جو اپنے بچوں کو اس کے سپرد کریں۔یہی حال اور
باتوں کا ہے۔مگر دین کے معاملہ میں ایسا نہیں کرتے۔

زریں ہدایات (برائے طلباء)
108
جلد سوم
اسی طرح ایک اور خرابی یہ ہے کہ اور تو ساری باتیں بچپن میں سکھانے کی خواہش کی جاتی
ہے مگر دین کے متعلق کہتے ہیں کہ بچہ بڑا ہو کر سیکھ لے گا۔ابھی کیا ضرورت پڑی ہے۔بچہ نے
ابھی ہوش نہیں سنبھالی ہوتی اور ڈاکٹر منع کرتا ہے کہ ابھی اسے پڑھنے نہ بھیجو گر ماں باپ اسے
سکول بھیج دیتے ہیں۔اور گو وہ کہتے ہیں کہ چونکہ آوارہ پھرتا ہے اس لئے سکول میں بیٹھا رہے گا
مگر ان کی خواہش یہی ہوتی ہے کہ وہ سال جو اس کے ہوش میں آنے کے ہیں ان میں بھی کچھ نہ
کچھ پڑھ ہی لے۔مگر نماز کے لئے جب وہ بلوغت کے قریب پہنچ جاتا ہے تب بھی یہی کہتے ہیں
کہ ابھی بچہ ہے بڑا ہو کر سیکھ لے گا۔اگر یہ کہا جائے کہ بچے کو نماز کے لئے جگاؤ تو کہتے ہیں نہ
جگاؤ نیند خراب ہوگی۔لیکن اگر صبح امتحان لینے کے لئے انسپکٹر نے آنا ہو تو ساری رات جگائے
رکھیں گے۔گویا انسپکٹر کے سامنے جانے کا تو اتنا فکر ہوتا ہے مگر یہ نہیں کہ خدا کے حضور جانے کے
لئے جگا دیں۔تو بچہ کو بچپن میں ہی دین سکھانا چاہئے۔جو بچپن میں نہیں سکھاتے ان کے بچے
بڑے ہو کر بھی نہیں سیکھتے۔جس طرح بڑی عمر میں جو شخص علم سیکھنا شروع کرتا ہے وہ کبھی اعلی ترقی
نہیں کر سکتا اسی طرح بڑی عمر میں دین بھی نہیں سیکھا جا سکتا۔مگر مصیبت یہ ہے کہ دنیا کے کاموں
میں جو عمر بلوغت کی سمجھی جاتی ہے دین کے متعلق نہیں سمجھی جاتی۔18،18 سال تک کے لڑکے
کے متعلق کہتے ہیں ابھی بچہ ہے دین کی پابندی کرانے کے لئے سختی کرنے کی ضرورت نہیں۔حالانکہ چھوٹا سابچہ جو چند سال کا ہوتا ہے اگر قلم اٹھا کر کہیں پھینک دیتا ہے تو اسے دھمکایا جاتا
ہے۔اگر کسی کتاب کو پھاڑ دیتا ہے تو ڈانٹا جاتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ اگر ابھی سے اسے نہ سمجھایا
گیا تو چیزیں خراب کرنے کی عادت پڑ جائے گی۔لیکن اگر خدا کے دین کو خراب کرے تو کچھ
نہیں کہا جاتا۔اور دین اُس وقت سکھانے کی کوشش کی جاتی ہے جب لڑکا سمجھتا ہے کہ اب تو میں
استاد ہوں اور میں دوسروں کو سکھا سکتا ہوں۔اور اس وجہ سے کچھ نہیں سیکھ سکتا۔پس جب تک
ماں باپ یہ نہ سمجھیں گے کہ دین سیکھنے کا زمانہ بچپن ہے اور جب تک یہ نہ سمجھیں گے کہ ہمارا اثر
بچپن میں ہی بچوں پر پڑ سکتا ہے تب تک بچے دیندار نہیں بن سکیں گے۔اور پھر جب تک عورتیں
بھی مردوں کی ہم خیال نہ بن جائیں گی بچے دیندار نہیں ہوسکیں گے کیونکہ مرد ہر وقت بچوں کے

زریں ہدایات (برائے طلباء)
109
جلد سوم
ساتھ نہیں ہوتے۔بچے اکثر ماؤں کے ہی پاس رہتے ہیں۔اور دیکھا گیا ہے کہ دیندار مائیں
بھی بچوں کو دین سکھانے میں سستی کر جاتی ہیں۔نماز کا وقت ہو جائے اور بچہ سورہا ہو تو کہتی ہیں
ابھی اور سولے۔پس جب تک ماؤں کے ذہن نشین نہ کریں کہ بچوں کی دینی تربیت بچپن میں
ہی کی جاسکتی ہے اُس وقت تک کامیابی نہیں ہو سکتی۔پس پہلی نصیحت تو یہ ہے جس کے مخاطب والدین ہیں۔اور دراصل والد ہی ہیں کیونکہ اس
وقت یہاں عورتیں نہیں ہیں کہ بچوں کی دینی تربیت بچپن میں ہی کرو اور بچپن میں ہی ان کو دین
سکھاؤ تا کہ وہ حقیقی دیندار بنیں۔اس کے بعد میں بچوں کو مخاطب کرتا ہوں۔میں نے بتایا ہے کہ کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی
جب تک بعد میں آنے والے ترقی یافتہ نہ ہوں۔اس لئے مجھے قدرتا بچوں کی تربیت سے بہت
ہمدردی ہے۔لیکن کبھی کوئی کام عمدگی سے نہیں ہو سکتا جب تک اس کے کرنے کا طریق مد نظر نہ
رکھا جائے۔اور ہمارے ملک میں مشکل یہ ہے کہ اس طریق کو مد نظر نہیں رکھا جاتا جس سے کسی
کام میں کامیابی ہو سکتی ہے۔میرے نزدیک جس بات کی طرف سب سے پہلے توجہ کرنے کی
ضرورت ہے اور جو نہایت خطر ناک طور پر پھیلی ہوئی ہے وہ بے استقلالی ہے۔رسول کریم
صلی اللہ علیہ وسلم سے کسی نے پوچھا سب سے بڑی نیکی کا کام کون سا ہے؟ آپ نے فرمایا ماں |
باپ کی خدمت کرنا۔اس نے پھر پوچھا۔اور آپ نے پھر یہی جواب دیا 1 اسی طرح ایک شخص
نے یہی سوال کیا تو آپ نے اس کی حالت کے مطابق اسے جواب دیا۔اور جب تک وہ پوچھتا
رہا اسی کو دہراتے رہے 2۔اس کا یہ مطلب نہیں کہ یہی سب سے بڑی نیکیاں ہیں۔بلکہ یہ کہ
چونکہ ان میں اس کی خلاف ورزی سب سے بڑا نقص تھا اس لئے اسی کی طرف توجہ دلائی۔ہمارے ملک میں بھی ایک نقص ہے اور اگر کوئی مجھ سے پوچھے کہ سب سے بڑا کامیابی کا مگر کیا
ہے تو میں یہی کہوں گا کہ استقلال۔پھر پوچھے گا تو یہی کہوں گا۔پھر پوچھے گا تو بھی یہی بتاؤں گا۔اور اگر کوئی دوسرا آدمی آکر پوچھے گا تو اس کو بھی یہی جواب دوں گا اور تیسرے کو بھی یہی حتی کہ
جتنے پوچھتے جائیں گے اور جتنی بار پوچھیں گے یہی کہوں گا کہ ہر کام میں کامیابی حاصل کرنے کا

زریں ہدایات (برائے طلباء)
110
جلد سوم
گر استقلال ہے۔اس کے نہ ہونے کی وجہ سے ہر کام میں خرابیاں پیدا ہوتی ہیں۔ایک شخص
اٹھتا ہے اور کوئی کام شروع کرتا ہے پھر چھوڑ کر بیٹھ رہتا ہے۔اس طرح جو تھوڑا بہت
کیا کرایا ہوتا ہے وہ بھی ضائع ہو جاتا ہے۔پس جب تک استقلال کی عادت بچوں میں اور ان
کی تربیت کرنے والوں میں نہ ڈالی جائے اُس وقت تک ساری کوشش بے فائدہ ہے۔دیکھو آج تو یہاں جلسہ ہو رہا ہے لیکن اگر سال کے بعد اس کام سے متعلق کچھ بھی نہ ہو اور
اسے چھوڑ دیا گیا ہو تو اس کا بچوں پر زیادہ مضر اثر پڑے گا۔کسی کام کے شروع کرنے کا ایک اثر
ہوتا ہے مگر وہ عارضی ہوتا ہے۔اور کام کو چھوڑ دینے کا ایسا اثر ہوتا ہے کہ جن پر ہوتا ہے ان کو بھی
اس کا پتہ نہیں لگتا۔مگر نہایت خطرناک ہوتا ہے۔ہر کام جو شروع کر کے چھوڑ دیا جاتا ہے اس کا
اثر بچوں پر یہ ہوتا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں بڑے ہمیں یہ تعلیم دے رہے ہیں کہ کسی کام کو لگا تار نہیں کرنا
چاہئے اور اس طرح وہ کسی کام میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔لیکن اگر ان پر یہ اثر پڑے کہ جو
کام شروع کیا جائے اسے کرتے ہی جانا چاہئے تو وہ ہر کام میں استقلال اختیار کریں گے اور کبھی
نا کام نہ ہوں گے۔تو بے استقلالی ایک بہت بڑا نقص ہے۔یہ تو بچوں کی انجمن ہے۔اس نے مجھے بار بار
اپنے جلسہ میں شامل ہونے کے لئے لکھا اور میں آج سے قبل نہ آسکا۔لیکن ایک بڑوں کی انجمن
میں نے بنائی تھی۔پہلے پہلے میں اس میں خود شامل ہوتا رہا تا کہ کام چلنے لگ جائے۔لیکن جب
سے میں نہیں گیا اس کے جلسے بھی بند ہو گئے ہیں۔اس کے سیکر ٹری کا دوسروں کو استقلال سے
کام کرنے کا وعظ کرتے کرتے تو منہ خشک ہو جاتا ہوگا اور کام کرنے کی تجویزیں سوچتے سوچتے
دماغ پراگندہ ہو جاتا ہوگا۔مگر وہ کام جو شروع کیا تھا وہ نہ کر سکے اور چھوڑ دیا۔وہ تجویز میں تو بڑی
بڑی گورنمنٹوں کو بتانے کے لئے تیار ہوں گے مگر یہ چھوٹا سا کام بھی نہ کر سکے۔یہ ٹھیک ہے کہ
کوئی اکیلا آدمی کام نہیں چلا سکتا۔لیکن اگر استقلال اختیار کیا جائے تو اگر سب میں نہیں تو کچھ
آدمیوں میں ضرور استقلال پیدا ہو جائے گا۔اور ان کے استقلال کے ساتھ کام کرنے کا یہ نتیجہ
ہوگا کہ آگے اور لوگوں میں استقلال پیدا ہو جائے گا۔یورپ کے لوگوں نے اس بات کو خوب۔

زریں ہدایات (برائے طلباء)
111
جلد سوم
سمجھا ہے اور وہاں ایسی دکانیں اور اخباریں ہیں جو تین تین سو سال سے برابر چل رہی
ہیں۔جب سے خیال آیا کہ اخبار جاری کیا جائے یا اس قسم کی دکان نکالی جائے اُسی وقت سے وہ
چلی آرہی ہیں۔اسی طرح کئی مدر سے ہیں۔جب سے ان کا خیال آیا اُسی وقت سے چلے آرہے
ہیں۔اس کی وجہ یہی ہے کہ شروع کرنے والوں نے استقلال سے کام چلایا۔اس کا اثر اوروں
پر پڑا۔انہوں نے کام کرناشروع کر دیا پھر اوروں پر۔اسی طرح کام چلتا گیا۔تو والدین کے بعد کارکن اور بچوں کو نصیحت کرتا ہوں کہ استقلال سے کام کرو۔ماسٹر ( علی محمد ) صاحب نے کہا ہے کہ اس کام میں بچوں اور ان کے والدین نے مجھ سے تعاون
نہیں کیا اس لئے ایک دفعہ یہ کام شروع ہو کر بند ہو گیا تھا اب پھر جاری کیا گیا ہے۔میں کہتا
ہوں اگر وہ استقلال سے کام کرتے رہتے تو اس کا اثر ضرور ہوتا اور کام جاری رہتا۔انہوں نے
دوبارہ کام کیوں شروع کیا؟ اسی لئے کہ ان کے دل سے پہلی ناکامی کا اثر دور ہو گیا۔انہوں نے
سمجھ لیا تھا کہ کوئی مدد نہیں دیتا اس لئے کام جاری نہیں رہ سکتا۔مگر پھر شروع کر دیا۔اسی کا نام ہے
استقلالی ہے۔وہ پہلی باتوں کو بھول گئے اور پھر کام شروع کر دیا۔انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ
استقلال سے جب تک کام نہ ہوگا اُس وقت تک کامیابی نہ ہوگی۔اسی طرح والدین ہیں۔شروع میں وہ کہتے ہیں کہ فلاں شخص ہمارے بچوں کی نگرانی کرتا
ہے کیوں نہ ہم اس سے مل کر کام کریں اور اسے مدد دیں۔لیکن پھر ان کی حالت ایسی ہی ہو جاتی
ہے جیسے کہتے ہیں کوئی شخص دھوپ میں بیٹھا تھا۔کسی نے کہا سائے میں ہو جاؤ تو کہنے لگا کیا دو
گے؟ وہ سمجھتے ہیں فلاں شخص جو ہمارے بچوں کے پیچھے پڑا ہوا ہے تو اس کو ضرور کوئی فائدہ ہی ہوتا
ہوگا۔ایک مثال ہے کہتے ہیں ایک آدمی کو کسی نے بتایا کہ درزی سب چور ہوتے ہیں کپڑا چرا
لیتے ہیں۔وہ ایک دن ٹوپی سلانے کے لئے درزی کے پاس کپڑا لے گیا اور جا کر پوچھا کیا اس
کی ٹوپی بن جائے گی ؟ درزی نے کہا ہاں بن جائے گی۔اس نے سمجھا فی الواقعہ درزی چور
ہوتے ہیں۔اس نے کچھ کپڑا خود رکھنا ہوگا تبھی کہ دیا کہ بن جائے گی۔یہ سمجھ کر کہنے لگا کیا دو بن
جائیں گی ؟ درزی نے کہا ہاں دو بن جائیں گی۔اس پر تو اس نے سمجھا درزی کے چور ہونے میں

زریں ہدایات (برائے طلباء)
112
جلد سوم
کوئی شبہ نہیں رہ گیا۔اگر میں دو کے لئے نہ کہتا تو ایک خود رکھ لیتا اور ایک مجھے دے دیتا۔یہ
خیال کر کے کہنے لگا کیا چار بن جائیں گی ؟ درزی نے کہاں ہاں۔اس پر تو اُسے یقین ہو گیا کہ
ضرور یہ چوری کرتا ہے۔اور کہنے لگا کیا چھ بن جائیں گی ؟ درزی نے کہا ہاں چھ بن جائیں گی۔یہ سن کر اس نے سمجھا اب تو شاید اور نہ بن سکے لیکن چلو پوچھ تو لیں۔اور کہنے لگا کیا سات بن
جائیں گی ؟ درزی نے کہا ہاں سات بن جائیں گی۔اس سے زیادہ کی اسے امید تو نہ تھی لیکن کہنے
لگا کیا آٹھ بن جائیں گی؟ درزی نے کہا ہاں آٹھ بن جائیں گی۔اس کے بعد وہ چلا گیا۔دوسرے دن جب وہ آیا تو دیکھا کہ ذرا ذراسی آٹھ ٹوپیاں رکھی ہیں۔انہیں دیکھ کر درزی سے
کہنے لگا یہ کیا؟ درزی نے کہا اپنا کپڑا ناپ لو۔تم نے اس کی آٹھ ٹوپیاں بنانے کو کہا تھا میں نے بنا
دیں۔اسی طرح والدین سمجھتے ہیں کہ یہ جو مدرس بچوں کی نگرانی کرتا ہے تو اس کو ضرور کوئی فائدہ
ہوتا ہوگا ہم کیوں اسے فائدہ پہنچائیں۔یہ سمجھ کر وہ اس کی مدد کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔ماسٹر صاحب نے جو واقعہ سنایا ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ پہلے دونوں طرف سے بے استقلالی
ہوئی۔ماسٹر صاحب نے بھی بے استقلالی کی اور والدین نے بھی۔اور جب تک دونوں یہ نیت
نہ کرلیں کہ استقلال سے کام کریں گے اُس وقت تک کام نہیں چل سکے گا۔دونوں پورے
استقلال سے کام کرنے کا وعدہ کریں اور چاہے آندھی آئے چاہے مینہ اپنی بات پر قائم رہیں۔یورپ کے متعلق میں نے کئی بار پڑھا ہے کہ کلب میں جو لوگ جاتے ہیں وہ بیس بیس سال متواتر
جاتے رہے۔جب یورپ کے لوگ معمولی معمولی باتوں میں جو کھیل اور تفریح سے تعلق رکھتی
ہیں اس قدر استقلال دکھاتے ہیں تو کیوں ہم ان باتوں میں استقلال نہ دکھائیں جو ہماری ترقی
سے تعلق رکھتی ہیں۔اس کے بعد میں تربیت کے متعلق بعض موٹی موٹی باتیں بیان کرتا ہوں۔اول تو مجھے اس
بات سے صدمہ ہوا ہے کہ جتنے بچوں نے مضمون سنائے ہیں نیچی آواز سے سنائے ہیں۔مجھے
نیچی آواز سے سخت چڑ ہے اور بہت تکلیف ہوتی ہے۔میرے نزدیک بچہ کا یہ پیدائشی حق ہے کہ
ماں باپ اس کی آواز اونچی بنائیں تاکہ بچہ دنیا میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اپنی آواز سنا سکے۔

زریں ہدایات (برائے طلباء)
113
جلد سوم
جس بچہ کی آواز طوطی کی سی ہوگی وہ دنیا کے نقار خانہ میں اپنی آواز نہیں سنا سکے گا۔دیکھو کوئی نبی
ایسا نہیں ہوا جس کی آواز عمدہ اور اچھی نہ ہو۔اور یہ نہایت ضروری ہے کہ انسان کی آواز بلند ہو۔مگر ان بچوں کی آواز دھیمی اور کانپتی ہوئی تھی۔میرا تو یہاں تک خیال ہے کہ رشتہ چنتے وقت ایسا
رشتہ تلاش کرنا چاہئے جس کی آواز بلند ہو۔اور استادوں کو چاہئے بچوں کی آوازیں بلند کرنے
کے متعلق جو کتابیں ہیں انہیں پڑھیں اور جو طریق بتائے گئے ہیں ان کو کام میں لائیں۔میرا
چھوٹا بچہ منور احمد بہت آہستہ بولتا تھا۔اس کو قاری غلام یسین صاحب کے پاس قرآن کریم
پڑھنے کے لئے بھیجا گیا۔ایک دن گھر میں جب اس سے سبق سننے لگے تو اس نے شور ڈال دیا
اور بہت زور سے سنانے لگا۔مجھے اس پر تعجب ہوا اور میں نے وجہ پوچھی تو معلوم ہوا کہ قاری
صاحب چونکہ اونچا سنتے ہیں اس لئے ان کو زور سے سنانے کی وجہ سے اونچی آواز سے پڑھنے کی
عادت ہوگئی ہے۔میں گھر میں بیویوں کو پڑھاتا رہا ہوں اور اونچی آواز کرنے کے لئے اس طرح کرتا تھا کہ
اپنے سے دور بٹھاتا۔تا سنانے کے لئے زور سے پڑھیں۔اسی طرح جب میں مدرسہ احمدیہ میں
پڑھاتا تھا تو جولڑ کا نیچی آواز سے پڑھتا اس کو پرے بٹھا دیتا یا اپنی کرسی بہت پیچھے ہٹا لیتا اس پر
اُسے مجبور ازور سے پڑھنا پڑتا۔تو اونچی آواز کرنے سے اونچی ہو جاتی ہے اس کی ضرور کوشش
کرنی چاہئے۔دوسری بات یہ ہے کہ اخلاق کے متعلق جو بات مدنظر رکھنی چاہئے اور جو اعلیٰ خلق ہے اور
دوسرے اخلاق پر حاوی ہے وہ دلیری اور جرات ہے۔کوشش یہ ہونی چاہئے کہ بچوں کو بہادر اور
دلیر بنایا جائے۔ماسٹر صاحب نے مثال بیان کی ہے کہ ڈھاب میں نہانے سے جب بچوں کو
روکا جاتا تو ان کے والد مخالفت کرتے اور کہتے یہ تیرنا جانتے ہیں یہ نہیں ڈوبیں گے۔مگر وہ
دوسروں
کو تو ڈبوتے جو تیر نانہیں جانتے۔میرے نزدیک اگر بچے بے احتیاطی سے ڈوبتے ہیں تو
ان کو بچانا چاہئے۔لیکن اگر تیرنا سیکھتے ہوئے باوجود ممکن احتیاط کے ڈوبتے ہیں تو کیا حرج
ہے۔انگریزوں میں تیرنے کے مقابلے ہوتے ہیں، کشتیاں دوڑنے کا مقابلہ کرتی ہیں اور

زریں ہدایات (برائے طلباء)
114
جلد سوم
بعض اوقات ٹوٹتی اور ڈوبتی ہیں، جانیں بھی ضائع ہوتی ہیں لیکن یہ نہیں کہ آئندہ کے لئے مقابلہ
چھوڑ دیں۔پھر جاتے ہیں اور مقابلہ کرتے ہیں۔جب تک ماں باپ یہ نہ سمجھیں کہ بچہ کا دلیری اور جرأت کا کام کرتے ہوئے مرجانا اچھا
ہے بہ نسبت اس کے نکما بن کر زندہ رہنے کے اُس وقت تک اصلی جرات اور دلیری بچوں میں
پیدا نہیں کی جاسکتی۔مگر بڑی خرابی یہ ہے کہ ماں باپ خود بچہ کو نکھا اور بزدل بناتے ہیں۔ذرا
اندھیرا ہو تو کہتے ہیں باہر نہ جانا۔ذرا کوئی مشقت کا کام کرنے لگے تو روک دیتے ہیں۔وہ یہ
چاہتے ہیں کہ بچہ چھوٹی موٹی بنا ر ہے۔اور اس طرح بچے کسی کام کے نہیں رہتے۔ماں باپ کا تو
یہ کام ہونا چاہئے کہ جان بوجھ کر بچوں کو اندھیرے میں بھیجیں اور ہر طرح جرات اور دلیری۔سکھائیں۔وہ بچے جو تیر نا نہیں جانتے ان کو اکیلے پانی میں نہیں جانا چاہئے۔مگر تیرنے والے ان کو
اپنے ساتھ لے جائیں اور تیرنا سکھائیں۔یہ نہایت ضروری ہنر ہے اس لئے ضرور سکھانا چاہئے
اور اپنے بزرگوں کی پیروی کرنی چاہئے۔حضرت اسماعیل شہید کے متعلق لکھا ہے وہ ایک جگہ
گئے اور سنا کہ ایک سکھ ہے جو بہت تیرتا ہے اور کوئی مسلمان اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔یہ سن کر
انہوں نے تیر نا شروع کر دیا اور آخر اس سے بڑھ گئے۔تو ہر کام میں مومن کو دوسروں کا مقابلہ
کرنا چاہئے۔بشرطیکہ وہ شریفانہ ہنر ہو۔یہ نہیں کہ کوئی مسلمان کسی ڈاکو سے بڑھ کر ہو جائے یا
کسی چور سے بڑھ جائے۔بلکہ یہ کہ مثلاً کشتی لڑنا ، سواری کرنا، تیرنا وغیرہ جسمانی طاقت کے
کاموں میں بڑھنے کی کوشش کرنی چاہئے۔پس احمدی بچوں میں قوت اور بہادری پیدا کرنی چاہئے۔انگریزوں میں یہاں تک احتیاط
کی جاتی ہے کہ فٹ بال کھیلتے ہوئے یا کسی اور کھیل میں اگر کسی لڑکے کی ہڈی بھی ٹوٹ جائے تو
بھی کھیل بند نہیں کریں گے۔اس کو کھیل کے میدان سے اٹھا کر علیحدہ لے جائیں گے اور کھیل
برابر جاری رہے گی۔کیونکہ کھیل بند کرنے سے لڑکوں پر برا اثر پڑتا ہے اور ان کے دلوں میں
خوف اور بزدلی پیدا ہوتی ہے۔اسی تربیت کا نتیجہ ہے کہ انگریزوں کی چھوٹی سی قوم دنیا پر حکومت

زریں ہدایات (برائے طلباء)
115
جلد سوم
کر رہی ہے۔مگر ہمارے ہاں اگر کسی کو کھیل میں معمولی سی چوٹ آجائے تو آئندہ کھیل کو بند
کر دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔تو تیرنا بہت اچھا ہنر ہے۔ہاں اس ڈھاب کا پانی اس قدر
خراب ہے کہ اس میں بچوں کا تیر نا ان کی صحت کے لئے مضر ہے۔اس کا خیال رکھا جائے اور ایسے
دنوں میں انہیں تیرنا سکھا ئیں جبکہ پانی صاف ہو۔مجھے یاد ہے جب بچپن میں مجھے تیر نا نہیں آتا
تھا تو دوسروں
کو دیکھ کر میرے دل پر بہت برا اثر پڑتا تھا کہ کیوں نہیں آتا۔اور حضرت مسیح موعود
نے ہمیں تیرنے والوں کے سپر د کر دیا کہ تیر ناسکھائیں۔تو بچوں کو تیر ناضرور سکھانا چاہئے۔اور میرا تو دل چاہتا ہے کہ اگر خدا تعالیٰ روپیہ دے تو گھوڑے رکھے جائیں اور ان پر سر
بچوں کو سواری سکھائی جائے اور وہ پورے پورے سوار ہوں۔لیکن جب تک اتنا مال نہیں ملتا
بچوں کو دوسری کھیلوں کا کھلاڑی بنانا چاہئے۔کیونکہ اچھے کھلاڑی کے اخلاق بھی اچھے ہوتے
ہیں۔برخلاف اس کے جو بچے بچپن میں ان باتوں میں پڑتے ہیں جو بڑوں سے تعلق رکھتی ہیں
وہ بڑے ہو کر بالکل نکمے ثابت ہوتے ہیں۔ایک شخص جواب وکالت کرتا ہے اور سلسلہ سے اس
کو کوئی تعلق نہیں رہا طالب علمی کی حالت میں بڑی لمبی لمبی نمازیں پڑھتا اور نمازوں میں اتنا روتا
کہ چھینیں نکل جاتیں۔مولوی عبد الکریم صاحب مرحوم جن کے متعلق حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو
الہام ہوا تھا کہ مسلمانوں کا لیڈ ر 3 وہ کہتے میرا دل چاہتا کہ اسے مسجد سے اٹھا کر نیچے پھینک
دوں۔یہ کیوں روتا ہے۔اس نے کون سے گناہ کئے ہیں۔اسی طرح میاں عبد السلام حضرت
خلیفہ اول کے لڑکے جب دعا ہونے لگے تو رونے لگ جاتے۔حضرت مولوی صاحب روکتے
اور فرماتے یہ اعصابی کمزوری ہے۔بڑا آدمی تو سمجھتا ہے کہ میری عمر کا بڑا حصہ ضائع ہو گیا ہے،
مجھ سے کئی کوتاہیاں ہوئی ہیں خدا معاف کر دے اس لئے روتا ہے۔بچہ اگر اس رنگ میں روتا
ہے کہ میری انگلی عمر اچھی اور اعلیٰ ہو تو یہ جائز ہے۔اور اگر اس لئے روتا ہے کہ اس کے گناہ بخشے
جائیں تو وہ نقال ہے اس نے گناہ ہی کب کئے ہیں کہ بخشوا تا ہے۔ہاں اگر اس کی یہ خواہش اور |
امنگ ہے کہ دین کا خادم بنوں اور اس پر اسے رونا آتا ہے تو جائز ہے۔پس بچوں کے لئے کھیلنا کودنا بہت ضروری ہے۔ہاں کھیل میں اخلاق سکھانا چاہئیں۔مثلاً

زریں ہدایات (برائے طلباء)
116
جلد سوم
یہی کہ کہا جائے اگر کوئی گالی دے تو اس کو گالی نہ دی جائے۔اور پھر گروپ کے لڑکوں کے متعلق |
رپورٹ منگائی جائے کہ کون سے لڑکے ہیں جنہوں نے گالی کا جواب گالی دیا۔اگر کوئی ہو تو اس
سے توبہ کرائی جائے۔اسی طرح یہ کہ ہر ایک غریب اور مسکین کو مدد دیں۔اور اس قسم کے
واقعات آکر سنائیں کہ اس طرح کسی لڑکے کو مدد کرنے کا موقع ملا ہے مگر اس نے مدد نہیں کی۔مثلاً کوئی چھوٹا بچہ ہے ادھر گائے آئی ہے لڑکا پاس کھڑا تھا اسے چاہئے تھا کہ چھوٹے بچے کو پرے
ہٹالیہ مگر اس نے نہ ہٹایا تو اس کی باز پرس کی جائے۔یا مثلاً کوئی برقع پوش عورت تھی جس پر
جانور حملہ کرنے لگا تھا اور لڑ کا پاس کھڑا تھا مگر اسے بچانے کی کوشش کرنے کی بجائے ہنس رہا تھا
تو اس کو بھی تنبیہ کی جائے۔ایسے واقعات پر سرزنش کی جائے اور آئندہ کے لئے عہد لیا جائے کہ
ایسا نہ کریں گے۔اس طرح عملی طریق سے بچے اخلاق سیکھ سکتے ہیں۔ان کی مثال طوطے کی سی
ہوتی ہے جو کہتا ہے میاں مٹھو پچوری کھانی ہے۔مگر نہ یہ جانتا ہے کہ میاں مٹھو کیا ہے اور نہ اسے یہ
خبر ہوتی ہے کہ چوری کیا ہے
بچوں
کو اگر یوں کہا جائے کہ حاجت مند کی مدد کیا کرو۔تو کہیں گے ہاں کریں گے مگر انہیں
یہ نہیں معلوم ہوگا کہ کیا کرتا ہے۔لیکن جب عملی طور پر انہیں سکھایا جائے گا اور ہوشیار لڑکے امداد
دینے کے واقعات سنائیں گے تو دوسروں کو پتہ لگے گا کہ اس طرح مدد کرنی چاہئے۔سکاؤٹ بوائے کو
اسی طرح سکھایا جاتا ہے کہ پھونس کے گھر بنا کر اور ان میں ضروری اشیاء رکھ کر آگ لگاتے ہیں
اور پھر آگ کو بجھانا اور چیزوں کو بچانا سکھایا جاتا ہے۔تو سبقاً سبقاً بچوں
کو یہ باتیں سکھانی چاہئیں
اور گروپ میں ہی سکھائی جاسکتی ہیں الگ الگ ایسا انتظام نہیں ہو سکتا۔اسی طرح ڈوبتے کو بچانا
سکھانے کے لئے بھی گروپ ضروری ہے اور بچوں کو مشق کرانی چاہئے۔اس میں دوسرے لوگ |
بھی اگر دلچسپی لیں تو زیادہ مفید ہوسکتا ہے۔مگر ہمارے ملک کے اخلاق ایسے ہیں کہ اگر کوئی بڑی
صلى الله
عمر کا آدمی کھیل میں شامل ہو تو حیرت اور تعجب کا اظہار کیا جاتا ہے حالانکہ رسول کریم ﷺ کے
متعلق آتا ہے کہ آپ شامل ہو جاتے تھے۔ہاں باپ کو بھی چاہئے کہ بچوں کے اس قسم کے
کاموں میں کبھی کبھی شامل ہو جایا کریں۔پھر غریبوں اور مسکینوں کی مدد کرنا سکھانا چاہئے۔اس

زریں ہدایات (برائے طلباء)
117
چاند سوم
کا مطلب یہ نہیں کہ جیبیں بھری ہوں بلکہ یہ ہے کہ مثلاً اگر کوئی عورت تکلیف میں ہے، اندھی ہے
اور بچہ اس کے ساتھ ہے جسے وہ اٹھا نہیں سکتی تو لڑکا اٹھا لے۔اگر کوئی گر جاتا ہے تو اسے
اٹھائے۔اسی قسم کے اور بیسیوں کام ہیں۔چونکہ اب وقت زیادہ ہو گیا ہے اس لئے باقی باتیں
پھر کسی وقت بیان کر دی جائیں گی۔“
(الفضل 10 جولائی 1923ء)
:1 بخاری کتاب الادب باب من أحق الناس بحسن الصحبة صفحه 1045
حدیث نمبر 5971 مطبوعہ ریاض 1999ء الطبعة الثانية
2 بخاری کتاب الادب باب البر والصلة صفحہ 1045 حدیث نمبر 5970
مطبوعہ ریاض 1999ء الطبعة الثانية
3 تذکرہ صفحہ 323 ایڈیشن چہارم 2004 ء

آج 10 میں سے 10 باقی