صحیح بخاری 1007
اور عثمان بن ابی شیبہ نے بھی ہم سے بیان کیا، کہا: جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم حضرت عبد اللہ (بن مسعودؓ) کے پاس تھے۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے جب دیکھا کہ لوگ روگردانی کر رہے ہیں تو آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! سات سالہ قحط۔ جیسا حضرت یوسفؑ کے وقت میں سات سالہ قحط ڈالا تھا، (ان پر ڈال) سو اُن پر ایسا قحط پڑا، جس نے ہر ایک چیز کو فنا کر دیا۔ یہاں تک کہ آخر انہوں نے کھال اور مردار اور بدبودار لاشیں بھی کھائیں اور ان میں سے کوئی جو آسمان کی طرف نظر کرتا تو بھوک کے مارے اسے دھواں ہی نظر آتا۔ ابوسفیان آپؐ کے پاس آئے اور انہوں نے کہا: محمد! آپؐ تو اللہ تعالیٰ کی فرمانبرداری اور صلہ رحمی کا حکم کرتے ہیں اور یہ دیکھو آپ کی قوم ہلاک ہو گئی ہے۔ اللہ سے ان کے لیے دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا تھا: {پس انتظار کر اُس دن کا جب آسمان ایک واضح دھواں لائے گا۔ ضرور تم (انہی باتوں کا) اعادہ کرنے والے ہو۔} جس دن ہم بڑی گرفت کریں گے۔ پس یہ بڑی گرفت بدر کے دن ہوئی۔ چنانچہ دھوئیں کا عذاب اور سخت گرفت اور لزاماً والی پیشگوئی اور روم کی پیشگوئی یہ سب باتیں ہو چکیں۔