صحیح بخاری 1211: باب إِذَا انْفَلَتَتِ الدَّابَّةُ فِي الصَّلاَةِ
آدم نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) ازرق بن قیس نے ہمیں بتایا، کہا: ہم اہوز میں خارجیوں سے لڑ رہے تھے اور میں ایک نہر کے کنارے بیٹھا تھا۔ اتنے میں ایک شخص آیا اور نماز پڑھنے لگا اور اس وقت جانور کی لگام اس کے ہاتھ میں تھی۔ جانور اس کو کھینچنے لگا اور وہ اس کے پیچھے چلتا گیا۔ شعبہ کہتے تھے: یہ حضرت ابو برزہ اسلمیؓ تھے تو خارجیوں میں سے ایک شخص کہنے لگا: اے اللہ! اس بوڑھے کا ناس کر۔ جب وہ بوڑھا نماز سے فارغ ہوا تو اس نے کہا: میں نے تمہاری بات سن لی ہے۔ میں نے رسول اللہ ﷺ کی معیت میں چھ سات یا آٹھ جنگیں کی ہیں اور میں دیکھ چکا ہوں جو آسانی آپؐ دیا کرتے تھے اور مجھے تو یہ بات زیادہ پسند ہے کہ میں اپنے جانور کو لے کر واپس آؤں بہ نسبت اس کے کہ اسے چھوڑ دوں کہ وہ اپنی چراگاہ میں چلا جائے اور پھر یہ بات مجھے تکلیف دیتی رہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah