صحیح بخاری 1243: باب الدُّخُولِ عَلَى الْمَيِّتِ بَعْدَ الْمَوْتِ إِذَا أُدْرِجَ فِي كَفَنِهِ
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: خارجہ بن زید بن ثابت نے مجھے بتایا کہ حضرت امّ العلاءؓ نے جو ایک انصاری عورت تھیں جنہوں نے نبی ﷺ کی بیعت کی ہوئی تھی، انہیں بتایا۔ مہاجرین قرعہ ڈال کر تقسیم کر دئے گئے۔ حضرت عثمان بن مظعونؓ ہمارے حصہ میں آئے اور ہم نے ان کو اپنے گھروں میں مہمان رکھا۔ پھر وہ اس بیماری میں مبتلا ہوئے جس میں انہوں نے وفات پائی۔ جب وہ فوت ہوئے اور انہیں غسل دیا گیا اور وہ اپنے ہی کپڑوں میں کفنائے گئے تو رسول اللہ ﷺ اندر آئے۔ میں نے کہا: اے ابوالسائب (عثمان بن مظعونؓ)! تم پر اللہ کی رحمت ہو۔ تمہاری نسبت میری گواہی ہے کہ ضرور ہی اللہ تعالیٰ نے تمہیں عزت دی ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: کیا پتہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان کو عزت دی ہے؟ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میرا باپ آپؐ پر قربان۔ پھر اللہ اور کس کو عزت دے گا؟ تو آپؐ نے فرمایا: اس کی تو یہ حالت ہے کہ اس پر موت وارد ہو چکی ہے اور بخدا میں اس کے لئے بھلائی ہی کی امید رکھتا ہوں اور اللہ کی قسم مجھے بھی معلوم نہیں حالانکہ میں اللہ کا رسول ہوں کہ میرے ساتھ کیا گزرے گی۔ حضرت امّ العلاءؓ کہتی تھیں: بخدا اس کے بعد تو میں کسی کی نسبت کبھی نہیں کہوں گی کہ وہ پاک ہے۔
سعید بن عُفیر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) لیث نے ہمیں اس طرح بتایا اور نافع بن یزید نے عقیل سے روایت کرتے ہوئے یہ الفاظ نقل کئے (کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا:) میں نہیں جانتا کہ اس کے ساتھ کیا سلوک کیا جائے گا اور (عقیل کی طرح) شعیب اور عمرو بن دینار اور معمر نے بھی یہ حدیث بیان کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 3: باب الدُّخُولِ عَلَى الْمَيِّتِ بَعْدَ الْمَوْتِ إِذَا أُدْرِجَ فِي كَفَنِهِ