صحیح بخاری 1284: باب قَوْلِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم: «يُعَذَّبُ الْمَيِّتُ بِبَعْضِ بُكَاءِ أَهْلِهِ …
عبدان اور محمد (بن مقاتل) نے ہم سے بیان کیا۔ ان دونوں نے کہا: عبداللہ (بن مبارک) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عاصم بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ ابوعثمان (عبدالرحمن نہدی) سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما نے مجھ سے بیان کیا، کہا: نبی ﷺ کی بیٹی نے آپؐ کو کہلا بھیجا کہ میرا بچہ حالتِ نزع میں ہے، ہمارے پاس آئیں تو آپؐ نے کہلا بھیجا اور فرمایا: اللہ ہی کا ہے جو لے لے اور اسی کا ہے جو عنایت کرے اور ہر بات کا اس کے ہاں ایک وقت مقرر ہے۔ اس لئے تم صبر کرو اور اللہ تعالیٰ کی رضامندی چاہو۔ انہوں نے پھر آپؐ کو بلا بھیجا اور آپؐ کو قسم دی کہ ان کے پاس ضرور آئیں۔ آپؐ اٹھے اور آپؐ کے ساتھ حضرت سعد بن عبادہؓ، حضرت معاذ بن جبلؓ، حضرت ابی بن کعبؓ، حضرت زید بن ثابتؓ اور کئی آدمی تھے۔ نبی ﷺ کے پاس بچہ اٹھا کر لایا گیا اور وہ دم توڑ رہا تھا (اور ایسی آواز آ رہی تھی) عثمان کہتے تھے میرا خیال ہے اسامہ نے کہا: جیسے پرانی مشک (ٹھکرانے سے آواز دیتی ہے۔) آپؐ کے آنسو بہنے لگے۔ حضرت سعدؓ نے کہا: یا رسول اللہ! یہ کیا ہے؟ آپؐ نے جواب دیا: یہ رحمت ہے جو اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کے دلوں میں پیدا کی ہے اور اللہ بھی اپنے بندوں میں سے اُنہی پر رحم کرتا ہے جو دوسروں پر رحم کرتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah