صحیح بخاری 1305: باب مَا يُنْهَى عَنِ النَّوْحِ، وَالْبُكَاءِ، وَالزَّجْرِ، عَنْ ذَلِكَ
محمد بن عبداللہ بن حوشب نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدالوہاب (ثقفی) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) یحيٰ بن سعید (انصاری) نے ہم سے بیان کیا، کہا: عمرہ (بنت عبدالرحمن) نے مجھے بتایا۔ کہا: میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے سنا۔ وہ کہتی تھیں: جب حضرت زید بن حارثہؓ، حضرت جعفر (بن ابی طالبؓ) اور حضرت عبداللہ بن رواحہؓ کے شہید ہونے کی خبر آئی تو نبی ﷺ بیٹھ گئے۔ آپؐ کے چہرہ سے غم ظاہر تھا اور میں دروازے کی درز سے جھانک رہی تھی۔ اتنے میں آپؐ کے پاس ایک شخص آیا اور اس نے کہا: یا رسول اللہ! یہ دیکھیں جعفرؓ کی عورتیں اور پھر ان کے رونے کا ذکر کیا۔ آپؐ نے اس سے فرمایا: انہیں منع کرے۔ وہ شخص گیا۔ پھر واپس آیا اور اس نے کہا: میں نے انہیں منع کیا ہے اور بیان کیا کہ وہ تو اس کی نہیں مانتیں۔ آپؐ نے دوبارہ اسے فرمایا کہ منع کرے۔ وہ گیا۔ پھر آیا اور کہنے لگا: اللہ کی قسم! وہ میرے قابو سے باہر ہیں یا کہا: ہمارے قابو سے باہر ہیں۔ ان دونوں لفظوں کے متعلق شک محمد بن حوشب کی طرف سے ہے۔ (حضرت عائشہؓ) کہتی تھیں: کہ نبی ﷺ نے فرمایا: ان کے منہ پر مٹی ڈالو۔ میں نے کہا: اللہ تیری ناک خاک آلود کرے۔ بخدا نہ تو تم کچھ کر سکے اور نہ رسول اللہ ﷺ کو تکلیف دینے سے باز آئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 45: باب مَا يُنْهَى عَنِ النَّوْحِ، وَالْبُكَاءِ، وَالزَّجْرِ، عَنْ ذَلِكَ