صحیح بخاری 1462: باب الزَّكَاةِ عَلَى الأَقَارِبِ

(سعید) بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: زید (بن اسلم) نے مجھے بتایا۔ عیاض بن عبداللہ سے مروی ہے کہ انہوں نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ (حضرت ابو سعید خدریؓ نے کہا:) رسول اللہ ﷺ عید الاضحی یا عید الفطر میں عیدگاہ کو نکلے۔ پھر آپؐ (نماز پڑھ کر) مُڑے اور لوگوں کو وعظ کیا اور آپؐ نے انہیں صدقہ کا حکم دیا۔ آپؐ نے فرمایا: اے لوگو! صدقہ دیا کرو۔ پھر آپؐ عورتوں کے پاس سے گزرے اور فرمایا: اے عورتوں کی جماعت! تم بھی صدقہ کیا کرو۔ کیونکہ مجھ کو دکھلایا گیا ہے کہ تم دوزخیوں میں زیادہ تعداد میں تھیں۔ انہوں نے کہا: یہ کس لئے؟ یا رسول اللہ! فرمایا: تم لعنت بہت کرتی ہو اور خاوند کی ناشکری کرتی ہو۔ اے عورتوں کی جماعت! میں نے کم عقل اور ناقص دین اشخاص میں تم سے بڑھ کر ہوشیار مرد کی عقل کو کھونے والا کسی کو نہیں دیکھا۔ پھر آپؐ لوٹ آئے۔ جب آپؐ اپنے گھر پہنچے تو حضرت (عبداللہ) بن مسعودؓ کی بیوی حضرت زینب آئیں۔ آپؐ سے اندر آنے کی اجازت لی اور کہا گیا: یا رسول اللہ! یہ زینب ہے۔ آپؐ نے فرمایا: زینبوں میں سے کون سی زینب؟ آپؐ سے کہا گیا: ابن مسعودؓ کی بیوی۔ آپؐ نے فرمایا: اچھا اسے اجازت دو۔ چنانچہ اُنہیں اجازت دی گئی۔ حضرت زینبؓ نے کہا: اے اللہ کے نبی! آپؐ نے آج صدقہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ میرے پاس میرا یہی زیور ہے۔ میں نے ارادہ کیا تھا کہ یہی زیور صدقہ میں دے دوں۔ ابن مسعودؓ نے کہا: وہ اور ان کا بیٹا زیادہ حقدار ہیں اُن لوگوں سے جن کو میں نے صدقہ دیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ابن مسعودؓ نے درست کہا ہے۔ تیرا خاوند اور تیرا بیٹا ان سے زیادہ حق دار ہیں جن کو تو صدقہ دے۔

حَدَّثَنَا ابْنُ أَبِي مَرْيَمَ أَخْبَرَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ قَالَ أَخْبَرَنِي زَيْدٌ عَنْ عِيَاضِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ ـ رضى الله عنه ـ خَرَجَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فِي أَضْحًى أَوْ فِطْرٍ إِلَى الْمُصَلَّى ثُمَّ انْصَرَفَ فَوَعَظَ النَّاسَ وَأَمَرَهُمْ بِالصَّدَقَةِ فَقَالَ " أَيُّهَا النَّاسُ تَصَدَّقُوا ". فَمَرَّ عَلَى النِّسَاءِ فَقَالَ " يَا مَعْشَرَ النِّسَاءِ تَصَدَّقْنَ فَإِنِّي رَأَيْتُكُنَّ أَكْثَرَ أَهْلِ النَّارِ ". فَقُلْنَ وَبِمَ ذَلِكَ يَا رَسُولَ اللَّهِ قَالَ " تُكْثِرْنَ اللَّعْنَ وَتَكْفُرْنَ الْعَشِيرَ مَا رَأَيْتُ مِنْ نَاقِصَاتِ عَقْلٍ وَدِينٍ أَذْهَبَ لِلُبِّ الرَّجُلِ الْحَازِمِ مِنْ إِحْدَاكُنَّ يَا مَعْشَرَ النِّسَاءِ ". ثُمَّ انْصَرَفَ فَلَمَّا صَارَ إِلَى مَنْزِلِهِ جَاءَتْ زَيْنَبُ امْرَأَةُ ابْنِ مَسْعُودٍ تَسْتَأْذِنُ عَلَيْهِ فَقِيلَ يَا رَسُولَ اللَّهِ هَذِهِ زَيْنَبُ فَقَالَ " أَىُّ الزَّيَانِبِ ". فَقِيلَ امْرَأَةُ ابْنِ مَسْعُودٍ. قَالَ " نَعَمِ ائْذَنُوا لَهَا ". فَأُذِنَ لَهَا قَالَتْ يَا نَبِيَّ اللَّهِ إِنَّكَ أَمَرْتَ الْيَوْمَ بِالصَّدَقَةِ وَكَانَ عِنْدِي حُلِيٌّ لِي فَأَرَدْتُ أَنْ أَتَصَدَّقَ بِهِ فَزَعَمَ ابْنُ مَسْعُودٍ أَنَّهُ وَوَلَدَهُ أَحَقُّ مَنْ تَصَدَّقْتُ بِهِ عَلَيْهِمْ. فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " صَدَقَ ابْنُ مَسْعُودٍ زَوْجُكِ وَوَلَدُكِ أَحَقُّ مَنْ تَصَدَّقْتِ بِهِ عَلَيْهِمْ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

باب 44: باب الزَّكَاةِ عَلَى الأَقَارِبِ

آج 10 میں سے 10 باقی