صحیح بخاری 1478: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {لاَ يَسْأَلُونَ النَّاسَ إِلْحَافًا} وَكَمِ الْغِنَى
محمد بن غریر زہری نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے صالح بن کیسان سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عامر بن سعد نے مجھے خبر دی کہ انہوں نے اپنے باپ (حضرت سعد بن ابی وقاصؓ) سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) رسول اللہ ﷺ نے کچھ لوگوں کو مال دیا اور میں بھی اُنہی میں بیٹھا ہوا تھا۔ (حضرت سعدؓ) کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے ان میں سے ایک آدمی کو چھوڑ دیا۔ آپؐ نے اس کو نہیں دیا اور اُن لوگوں میں سے وہی مجھے زیادہ پسند تھا۔ میں رسول اللہ ﷺ کے پاس اُٹھ کر گیا اور آپؐ سے راز میں بات کی۔ فلاں سے متعلق آپؐ کا کیا خیال ہے؟ اللہ کی قسم! میں تو اُسے مومن سمجھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: یا مسلم۔ حضرت سعدؓ کہتے تھے: میں تھوڑی دیر خاموش رہا۔ پھر اُس کی نسبت جو میرا علم تھا، اُس نے مجھے بے بس کر دیا اور میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے فلاں کو کیوں چھوڑ دیا؟ بخدا میں تو اُسے مومن ہی سمجھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: یا مسلم۔ حضرت سعدؓ کہتے تھے: میں تھوڑی دیر خاموش رہا۔ پھر جو حال اُس کا جانتا تھا؛ اُس نے مجھ پر غلبہ کیا اور میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے فلاں کو کیوں چھوڑ دیا ہے؟ بخدا میں تو اُسے مومن سمجھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: یا مسلم۔ تین بار یہی ہوا۔ آپؐ نے فرمایا: میں ایک شخص کو دیتا ہوں۔ حالانکہ دوسرا شخص اُس سے زیادہ مجھ کو پیارا ہوتا ہے۔ اس لئے کہ میں ڈرتا ہوں کہ کہیں وہ آگ میں اوندھے منہ نہ گرایا جائے۔ اور (یعقوب نے) اپنے باپ سے، ان کے باپ نے صالح سے، صالح نے اسماعیل بن محمد سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے اپنے باپ (محمد بن سعد) سے سنا۔ وہ بھی یہی بیان کرتے تھے اور انہوں نے اپنی روایت میں یہ کہا: رسول اللہ ﷺ نے اپنا ہاتھ مارا اور میری گردن اور کندھے کے درمیانی حصے کو اپنے ہاتھ میں مضبوط پکڑ لیا اور اُس کے بعد فرمایا: سعد! اِدھر آئو۔ میں ایک شخص کو دیتا ہوں۔ (آخر حدیث تک بیان کیا۔) ابوعبداللہ (بخاریؒ) نے کہا: فَکُبْکِبُوْا کا لفظ جو (سورۃ الشعراء میں) آیا ہے اس کے معنی ہیں: اوندھے گرا دیئے گئے اور (سورۃ الملک) میں جو مُکِبًّا کا لفظ ہے وہ اَکَبَّ الرَّجُلُ سے ہے جبکہ اَکَبَّ کا فعل دوسرے پر واقع نہ ہو۔ (یعنی فعل لازم ہو) اور جب یہ فعل متعدی ہو تو تُو کہے گا: اللہ تعالیٰ نے اُسے اوندھے منہ گرا دیا اور میں نے اُسے اوندھے (منہ) گرایا۔ ابو عبد اللہ نے کہا: صالح بن کیسان؛ زہری سے بڑے ہیں اور وہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہم سے ملے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 53: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {لاَ يَسْأَلُونَ النَّاسَ إِلْحَافًا} وَكَمِ الْغِنَى