صحیح بخاری 1561
عثمان (بن ابی شیبہ) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے اسود سے، اسود نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ (وہ کہتی تھیں:) ہم نبی ﷺ کے ساتھ نکلے اور ہم یہی سمجھتے تھے کہ یہ حج ہے۔ جب ہم (مکے میں) پہنچے؛ ہم نے بیت اللہ کا طواف کیا۔ پھر نبی ﷺ نے حکم دیا: جو قربانی کا جانور نہ لایا ہو وہ احرام کھول ڈالے۔ چنانچہ جو قربانی نہیں لائے تھے انہوں نے احرام کھول ڈالے اور آنحضرت ﷺ کی ازواج قربانی نہیں لائی تھیں۔ اس لئے انہوں نے بھی احرام کھول ڈالے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں: مجھے حیض آگیا۔ اس لئے میں نے بیت اللہ کا طواف نہیں کیا۔ جب محصب کی رات ہوئی (حضرت عائشہؓ) نے کہا: یا رسول اللہ! لوگ تو عمرہ اور حج کر کے لوٹیں گے اور میں صرف حج ہی کرکے واپس ہوں گی۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم نے ان راتوں میں طواف نہیں کیا تھا جب ہم مکہ میں آئے تھے؟ میں نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اچھا تم اپنے بھائی کے ساتھ تنعیم تک جائو۔ وہاں سے عمرے کا احرام باندھ لو۔ پھر عمرے سے فارغ ہو کر فلاں جگہ پر مجھ سے مل جانا۔ (امّ المؤمنین) حضرت صفیہؓ کہنے لگیں: میں شاید آپؐ کو روک رکھوں گی۔ آپؐ نے فرمایا: اے بھلی مانس! کیا تم نے دسویں تاریخ طواف نہیں کیا تھا۔ کہنے لگیں: میں نے کہا کہ ہاں کیوں نہیں۔ (طواف تو کر چکی ہوں۔) آپؐ نے فرمایا: کوئی حرج نہیں؛ کوچ کرو۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں: پھر نبی ﷺ مجھ سے ملے اور آپؐ اس وقت مکہ سے چڑھائی پر جا رہے تھے اور میں مکہ کی طرف آرہی تھی یا کہا: میں چڑھائی پر جا رہی تھی اور آپؐ اُتر رہے تھے۔