صحیح بخاری 1568: باب التَّمَتُّعِ وَالإِقْرَانِ وَالإِفْرَادِ بِالْحَجِّ وَفَسْخِ الْحَجِّ لِمَنْ لَمْ يَكُ …
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ ابو شہاب نے ہمیں بتایا۔ وہ کہتے تھے: میں تمتع کی نیت سے عمرہ کا احرام باندھ کر مکے میں آیا۔ ہم آٹھویں ذوالحج سے تین دن پہلے (مکہ میں) پہنچے۔ اہل مکہ میں سے چند لوگوں نے مجھے کہا: آپ کا حج مکی ہو جائے گا۔ میں عطاء (بن ابی رباح) کے پاس ان سے مسئلہ پوچھنے کے لئے گیا۔ انہوں نے کہا: مجھ سے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما نے بیان کیا۔ انہوں نے نبی ﷺ کے ساتھ اس وقت حج کیا تھا کہ جب آپؐ اپنے ساتھ قربانی کے جانور لے گئے تھے اور لوگوں نے صرف حج کا ہی احرام باندھا تھا۔ آپؐ نے ان سے فرمایا: بیت اللہ کا طواف کرکے اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کر کے احرام کھول دو اور بال کٹالو۔ پھر اسی طرح بغیر احرام ٹھہرے رہو۔ یہاں تک کہ جب آٹھویں تاریخ ہو تو حج کا احرام باندھو اور جو تم نے پہلے کیا تھا اس کو تمتع کردو۔ انہوں نے کہا: ہم اسے تمتع کیسے کر دیں بحالیکہ ہم نے حج کا نام لیا تھا۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا: میں نے تم کو جو حکم دیا ہے، اسے کرو۔ اگر میں قربانی نہ لایا ہوتا تو میں بھی ویسا ہی کرتا جیسا میں نے تم کو حکم دیا ہے لیکن جب تک قربانی اپنے ٹھکانے نہ پہنچ جائے وہ کام جو کہ حقیقت میں حرام ہے مجھ سے اگر ہو جائے تو حلال نہیں ہوسکتا۔ چنانچہ انہوں نے احرام کھول ڈالے۔ {ابو عبداللہ نے کہا: ابو شہاب کی یہی ایک مستند حدیث ہے۔ }
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah