صحیح بخاری 1638: باب طَوَافِ الْقَارِنِ
عبد اللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا۔ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ (کہتی تھیں:) رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ہم حجۃ الوداع میں نکلے اور ہم نے عمرہ کا احرام باندھا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: جس کے ساتھ قربانی کا جانور ہو تو وہ حج اور عمرہ کا احرام باندھ لے۔ پھر جب تک کہ دونوں سے فارغ نہ ہو جائے احرام نہ کھولے۔ میں جب مکہ میں پہنچی تو حائضہ تھی۔ جب ہم اپنا حج ادا کر چکے تو آپؐ نے مجھے عبدالرحمنؓ کے ساتھ تنعیم کی طرف بھیجا۔ میں نے (وہاں سے) عمرہ کیا۔ آپﷺ نے فرمایا: یہ (عمرہ) تمہارے اس عمرہ کی جگہ ہے۔ جن لوگوں نے عمرہ کا احرام باندھا تھا انہوں نے طواف کیا۔ اس کے بعد انہوں نے احرام کھول ڈالے اور پھر انہوں نے منیٰ سے لوٹنے کے بعد ایک اور طواف کیا اور جن لوگوں نے حج اور عمرہ اکٹھا کیا تھا تو انہوں نے صرف ایک ہی طواف کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah