صحیح بخاری 1665: باب الْوُقُوفِ بِعَرَفَةَ
فروہ بن ابی مغراء نے ہم سے بیان کیا۔ علی بن مسہر نے ہمیں بتایا کہ ہشام بن عروہ سے مروی ہے کہ عروہ نے کہا کہ زمانہ جاہلیت میں لوگ ننگے ہو کر طواف کیا کرتے تھے۔ سوائے حُمس کے اور حمس قریش اور اُن کی اولاد ہیں۔ قریش لوگوں کو خدا کے واسطے پہننے کے کپڑے دیا کرتے تھے۔ مرد مرد کو کپڑے دیتا کہ انہیں پہن کر طواف کرے اور عورت عورت کو کپڑے دیتی کہ انہیں پہن کر طواف کرے اور جسے قریشی کپڑے نہ دیتے؛ وہ بیت اللہ کا ننگے ہی طواف کرتا اور سب لوگ (وقوفِ) عرفات سے لوٹتے اور قریش مزدلفہ سے ہی لوٹ آتے۔ ہشام نے کہا کہ میرے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ یہ آیت حمس کے بارے میں ہی نازل ہوئی تھی۔ یعنی پھر تم (بھی) وہاں سے لوٹو جہاں سے لوگ لَوٹتے ہیں۔ (ہشام نے) کہا کہ وہ مزدلفہ سے لوٹا کرتے تھے تو انہیں عرفات تک جانے کے لئے کہا گیا کہ وہاں سے لوٹا کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah