صحیح بخاری 2328: باب الْمُزَارَعَةِ بِالشَّطْرِ وَنَحْوِهِ
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا کہ انس بن عیاض نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، انہوں نے نافع سے روایت کی کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے انہیں بتایا: نبی ﷺ نے (یہودیوں کو) خیبر کی زمین نصف پیدا وار لینے کی شرط پر دی تھی۔ خواہ پھل ہوں یا اناج۔ پھر آپؐ اپنی ازواج کو سَو وسق دیا کرتے تھے؛ اَسّی وسق کھجور کے اور بیس وسق جَو کے۔ حضرت عمرؓ نے (اپنی خلافت کے زمانہ میں یہودیوں کو نکال کر) خیبر کی زمین تقسیم کردی تو نبی ﷺ کی ازواج کو اختیار دیا کہ اگر وہ چاہیں تو عمرؓ اُن کو زمین اور پانی کا حصہ دے دیں (اور کاشت کا انتظام وہ خود کریں) یا جس طرح پہلے ان کو پیدا وار ملا کرتی تھی، ویسی ملتی رہے۔ ازواج مطہرات میں سے بعض نے زمین پسند کی اور بعض نے وسق اور حضرت عائشہؓ نے زمین لینی پسند کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah