صحیح بخاری 2346: باب كِرَاءِ الأَرْضِ بِالذَّهَبِ وَالْفِضَّةِ
عمرو بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ربیعہ بن ابی عبدالرحمن سے، ربیعہ نے حنظلہ بن قیس سے، حنظلہ نے حضرت رافع بن خدیجؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میرے دونوں چچائوں نے مجھ سے بیان کیا کہ وہ نبی کریم ﷺ کے زمانے میں زمینوں کو اِس شرط پر ٹھیکہ پر دیتے تھے کہ جو پانی کی نالیوں کے قریب کی زمین میں پیداوار ہو، وہ ان کی ہوگی یا کچھ پیداوار مالکِ زمین اپنے لئے مخصوص کرلیتا تو نبی ﷺ نے اس سے منع کردیا۔ میں نے حضرت رافعؓ سے پوچھا: دینار اور درہم کے عوض لگان دینا کیسا ہے؟ تو حضرت رافعؓ نے کہا: دینار اور درہم کے بدلے زمین کے دینے میں کوئی برائی نہیں اور لیث نے کہا: جس بٹائی سے منع کیا گیا ہے، وہ ایسی ہے کہ اگر اس میں حلال و حرام سمجھنے والے غور کریں تو کبھی اس کو جائز قرار نہ دیں۔ کیونکہ اس میں دھوکا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah