صحیح بخاری 2388: باب أَدَاءِ الدُّيُونِ
احمد بن یونس نے مجھ سے بیان کیا کہ ابو شہاب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے زید بن وہب سے، زید نے حضرت ابو ذر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: میں نبی ﷺ کے ساتھ تھا۔ جب آپؐ نے اُحد پہاڑ کو دیکھا تو آپؐ نے فرمایا: یہ (پہاڑ) میرے لئے سونا بنا دیا جائے تو بھی مجھے پسند نہیں کہ اس میں سے ایک دینار میرے پاس تین دن سے زیادہ رہے، بجز اُس دینار کے جو قرضہ ادا کرنے کے لئے رکھوں۔ پھر آپؐ نے فرمایا: جتنا زیادہ کوئی دولت مند ہے اُتنا ہی زیادہ وہ محتاج ہے، سوائے اُس شخص کے جو مال اس اس طرح خرچ کرے اور ابو شہاب نے اپنے سامنے اور اپنے دائیں اور اپنے بائیں اشارہ کیا اور ایسے بہت تھوڑے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: یہیں ٹھہرو اور خود تھوڑی دُور آگے گئے۔ میں نے کچھ آواز سنی اور چاہا کہ میں بھی آپؐ کے پاس جائوں۔ میں نے پھر آپؐ کی یہ بات یاد کی کہ یہیں ٹھہرو! یہاں تک کہ میں تمہارے پاس آ جائوں۔ جب آپؐ آئے، میں نے کہا: یا رسول اللہ! یہ میں نے جو سنا یا کہا: وہ آواز جو میں نے سنی (وہ کیا تھی؟) آپؐ نے فرمایا کیا تم نے (وہ آواز) سنی تھی؟ میں نے عرض کیا: جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: جبرائیل علیہ السلام میرے پاس آئے تھے اور انہوں نے کہا: جو شخص تیری امت میں سے ایسی حالت میں مر جائے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ کسی کو بھی شریک نہ ٹھہراتا ہو تو وہ جنت میں داخل ہو گا۔ میں نے کہا: خواہ وہ ایسے ایسے کام بھی کرے۔ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah