صحیح بخاری 2424: باب الْمُلاَزَمَةِ
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) جعفر بن ربیعہ سے روایت ہے اور یحيٰ کے سوا اَور راویوں نے بھی کہا کہ لیث نے مجھے بتایا۔ وہ کہتے تھے: جعفر بن ربیعہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمن بن ہرمز سے، عبدالرحمن نے عبداللہ بن کعب بن مالک انصاری سے، انہوں نے حضرت کعب بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ حضرت عبداللہ بن ابی حَدْرَدْ اسلمیؓ کے ذمّہ ان کا کچھ قرضہ تھا۔ وہ عبداللہؓ سے ملے اور ان سے چمٹ گئے اور آپس میں باتیں کرنے لگے، یہاں تک کہ اُن کی آوازیں بلند ہوئیں۔ اتنے میں نبی ﷺ ان کے پاس سے گزرے۔ آپؐ نے فرمایا: کعبؓ! آپؐ نے ہاتھ سے اشارہ کیا۔ جس سے معلوم ہوتا تھا کہ آپؐ فرماتے ہیں کہ آدھا چھوڑ دو۔ چنانچہ حضرت عبداللہؓ کے ذمّہ جو قرضہ تھا۔ حضرت کعبؓ نے اُن سے آدھا لیا اور آدھا چھوڑ دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah