صحیح بخاری 2434: باب كَيْفَ تُعَرَّفُ لُقَطَةُ أَهْلِ مَكَّةَ
یحيٰ بن موسیٰ نے ہمیں بتایا۔ ولید بن مسلم نے ہم سے بیان کیا کہ اوزاعی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: یحيٰ بن ابی کثیر نے مجھ سے بیان کیا، کہا: ابوسلمہ بن عبدالرحمن نے مجھ سے بیان کیا۔ کہتے تھے: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: جب اللہ نے اپنے رسول ﷺ کے لیے مکہ کو فتح کرادیا تو آپؐ لوگوں میں تقریر کرنے کے لئے کھڑے ہوئے اور اللہ کی حمد و ثنا کی۔ پھر آپؐ نے فرمایا کہ اللہ نے مکہ کو اَصحاب فیل کے حملہ سے محفوظ رکھا تھا اور اپنے رسول کو اور مومنوں کو اُس پر غلبہ دے دیا۔ مجھ سے پہلے کسی کے لئے وہ جائز نہ تھا اور میرے لئے بھی دن کی ایک گھڑی ہی جائز کیا گیا اور اب میرے بعد کسی کے لئے بھی جائز نہ ہوگا۔ اس لئے اس کا شکار نہ بھگایا جائے، اور نہ اس کے کانٹے توڑے جائیں، اور نہ اس کی گری پڑی چیز اُٹھانی جائز ہوگی مگر ایسے شخص کے لئے جو اس کی شناخت کرانے کے لئے اعلان کرے۔ اور جس کا کوئی عزیز مارا جائے تو اُسے دو باتوں کا اختیار ہے۔ یا تو دیت لے یا قصاص۔ حضرت عباسؓ نے کہا: اذخر کو مستثنیٰ فرمادیجئے کیونکہ ہم اس کو اپنی قبروں اور اپنے گھروں (کی چھتوں) پر ڈالتے ہیں۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا: اذخر گھاس مستثنیٰ کی جاتی ہے۔ پھر ابوشاہؓ کھڑے ہوئے جو اہل یمن میں سے تھے۔ وہ کہنے لگے: یارسول اللہ! (یہ خطبہ) مجھے لکھوادیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ابوشاہؓ کو (یہ) لکھ دو۔ میں نے اوزاعی سے پوچھا: ان کی اس بات کا کیا مطلب تھا کہ یا رسول اللہ! مجھے لکھوادیں۔ انہوں نے کہا: یہ خطبہ جو انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah