صحیح بخاری 2515: بَابُ إِذَا اخْتَلَفَ الرَّاهِنُ وَالْمُرْتَهِنُ وَنَحْوُهُ فَالْبَيِّنَةُ عَلَى الْمُدَّع …
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابو وائل سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ کہتے تھے: جس شخص نے قسم کھائی کہ کسی مال کو اس قَسم کے ذریعے سے اپنا بنا لے اور وہ اس قَسم میں جھوٹا ہو تو وہ اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ وہ اس سے ناراض ہوگا۔ پھر اللہ نے اس قول کی تصدیق نازل کی: جو لوگ اللہ کے عہد اور اپنی قسموں کے بدلے تھوڑا مول لیتے ہیں … دردناک عذاب ہے۔ (اخیر آیت) تک پڑھی۔ اس کے بعد حضرت اشعث بن قیسؓ ہمارے پاس آئے تو انہوں نے پوچھا: ابو عبدالرحمن تم سے کیا باتیں کر رہے تھے؟ (ابو وائل نے) کہا: ہم نے ان سے یہ حدیث بیان کی۔ کہتے تھے: انہوں نے کہا: ابو عبدالرحمن نے سچ کہا ہے۔ یہ آیت بخدا میرے متعلق ہی اتاری گئی۔ میرے اور کسی شخص کے درمیان ایک کنوئیں کے بارے میں جھگڑا تھا۔ ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس اپنا جھگڑا لے گئے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم اپنے گواہ لائو یا وہ قسم کھائے۔ میں نے کہا: وہ تو قسم کھا لے گا اور پروا نہیں کرے گا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو ایسی قسم کھائے کہ وہ اس کے ذریعہ کسی مال کو اپنا بنانا چاہتا ہو حالانکہ وہ اس میں جھوٹا ہو تو وہ اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ وہ اس سے ناراض ہوگا۔ پھر اللہ تعالیٰ نے اس کی تصدیق نازل کی۔ پھر (حضرت اشعثؓ نے) یہ آیت پڑھی: جو لوگ اللہ کے عہد اور اپنی قسموں کے بدلے تھوڑا مول لیتے ہیں … اور اُن کے لیے دردناک عذاب ہے۔ تک۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah