صحیح بخاری 2545: باب قَوْلِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ واصل اَحدب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے معرور بن سُوید سے سنا۔ کہتے تھے: میں نے حضرت ابوذر غفاریؓ کو دیکھا۔ وہ ایک نیا کپڑوں کا جوڑا پہنے تھے اور ان کا غلام بھی ویسا ہی نیا جوڑا پہنے ہوئے تھا، تو ہم نے اس کے متعلق ان سے پوچھا تو انہوں نے کہا: میں نے ایک شخص کو گالی دی تھی تو اس نے نبی ﷺ سے میری شکایت کر دی۔ نبی ﷺ نے مجھ سے فرمایا: کیا تم نے اس کو اس کی ماں کا طعنہ دیا ہے؟ پھر آپؐ نے فرمایا: تمہارے بھائی ہی تمہارے نوکر چاکر ہوتے ہیں جنہیں اللہ نے تمہارے ماتحت کر دیا ہے۔ اس لئے جس کا بھائی اس کے ماتحت ہو تو چاہیے کہ وہ اس کو اسی کھانے سے کھلائے جو وہ خود کھاتا ہو اور اسی کپڑے سے پہنائے جو وہ خود پہنتا ہو اور تم ان کو ایسے کاموں کی تکلیف نہ دیا کرو جو انہیں نڈھال کر دیں اور اگر تم ان کو ایسے کاموں کی تکلیف دو جو اُن پر گراں ہوں تو ایسے کاموں میں ان کو مدد دیا کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah