صحیح بخاری 2686: بَابُ الْقُرْعَةِ فِي الْمُشْكِلاَتِ
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) اعمش نے ہمیں بتایا۔ کہتے تھے: شعبی نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: وہ شخص جو اللہ تعالیٰ کی حدود کے بارے میں مداہنت سے کام لیتا ہو اور وہ جو اُن حدود میں پڑ جاتا ہے؛ اُن کی مثال ان لوگوں کی سی ہے جنہوں نے ایک جہاز میں جگہ لینے کے لئے قرعہ ڈالا۔ ان میں سے کچھ لوگ اس کے حصہ زیریں میں رہے اور کچھ اس کے بالائی حصہ میں۔ پھر وہ لوگ جو اس کے حصہ زیریں میں تھے، پانی لینے کے لئے ان لوگوں کے پاس سے گزرتے جو جہاز کے بالائی حصہ میں تھے۔ اس سے ان کو تکلیف ہوتی تو ایک شخص نے کلہاڑی لی اور اس جہاز کے زیریں حصہ میں سوراخ کرنے لگا۔ یہ دیکھ کر وہ آئے اور انہوں نے کہا: تمہیں کیا ہوگیا ہے؟ اس نے کہا: تم کو میرے آنے جانے سے تکلیف پہنچی ہے اور پانی کے بغیر میرے لئے کوئی چارہ نہیں۔ اب اگر وہ اس کے ہاتھ پکڑیں تو اس کو بھی بچا لیں اور اپنے آپ کو بھی بچا لیں اور اگر اس کو چھوڑ دیں تو اس کو بھی ہلاک کریں گے اور اپنے آپ کو بھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah