صحیح بخاری 2687: بَابُ الْقُرْعَةِ فِي الْمُشْكِلاَتِ
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: خارجہ بن زید انصاری نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت امّ علاءؓ جو انصاری عورتوں میں سے ایک خاتون تھیں؛ نبی ﷺ سے بیعت کر چکی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب انصار نے مہاجرین کے رہنے کے لئے قرعے ڈالے، حضرت عثمانؓ بن مظعون کا قرعہ سکونت کا ہمارے نام نکلا۔ حضرت امّ علاءؓ کہتی تھیں کہ حضرت عثمانؓ بن مظعون ہمارے پاس رہے۔ وہ بیمار ہوئے تو ہم نے ان کی خدمت کی اور جب وہ فوت ہوگئے اور ہم نے انہیں ان کے کپڑوں میں ہی کفنایا۔ نبی ﷺ ہمارے پاس آئے۔ میں نے کہا: اللہ کی رحمت ہو تم پر ابوسائب۔ میری شہادت تو تمہارے متعلق یہی ہے کہ اللہ نے تجھے ضرور عزت بخشی ہے۔ نبی ﷺ نے مجھ سے پوچھا۔ تمہیں کیسے معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے اسے ضرور عزت بخشی ہے؟ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میرے ماں باپ آپؐ پر قربان، مجھے معلوم نہیں۔ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عثمانؓ جو ہیں وہ تو اب فوت ہوگئے اور میں ان کے لئے بہتری کی ہی اُمید رکھتا ہوں۔ لیکن اللہ کی قسم! میں بھی نہیں جانتا کہ عثمانؓ کے ساتھ کیا ہوگا۔ میں اللہ کا رسول ہوں۔ یہ سن کر حضرت امّ علاءؓ نے کہا: بخدا اس کے بعد میں کسی کو بھی معصوم نہیں ٹھہرائوں گی اور مجھے اس بات نے غمگین کر دیا۔ کہتی تھیں: میں سو گئی اور مجھے خواب میں حضرت عثمانؓ کا ایک چشمہ دکھایا گیا جو بہہ رہا تھا۔ میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور میں نے آپؐ کو بتایا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ اُس کے عمل ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah