صحیح بخاری 2728: باب الشُّرُوطِ مَعَ النَّاسِ بِالْقَوْلِ
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا۔ ان کو ابن جریج نے خبر دی، کہا کہ مجھے یعلی بن مسلم اور عمرو بن دینار نے سعید بن جبیر سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ ان میں سے ایک اپنے ساتھی سے کچھ زیادہ بیان کرتا تھا۔ (ابن جریج نے کہا:) مجھ سے یہ بات یعلی اور عمرو کے سوا اَوروں نے بھی بیان کی۔ (کہتے تھے:) میں نے ان کو سعید بن جبیر سے روایت کرتے ہوئے خود سنا۔ انہوں نے کہا: ہم (حضرت عبداللہ) بن عباس رضی اللہ عنہما کے پاس تھے کہ انہوں نے کہا: ابی بن کعب نے مجھ سے بیان کیا، کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ کے رسول موسٰیؑ۔۔۔ پھر آپؐ نے سارا واقعہ بیان کیا (جو قرآنِ مجید میں بیان ہوا ہے کہ خضرؑ نے موسٰیؑ سے) کہا: کیا میں نے نہیں کہا تھا کہ تم میرے ساتھ استقلال سے نہیں ٹھہر سکو گے۔ پہلی بات بھول کر ہوئی اور درمیان کی بات شرطیہ تھی اور تیسری بات جان بوجھ کر ہوئی۔ (موسٰیؑ نے) کہا: جو میں بھول گیا اس پر میری گرفت نہ کریں اور میری غلطی کی وجہ سے مجھے مشکلات میں نہ ڈالیں۔ وہ دونوں ایک لڑکے سے ملے تو خضرؑ نے اس کو مار ڈالا۔ دونوں آگے چلے اور پھر ان دونوں نے ایک دیوار پائی جو گرنے کو تھی۔ انہوں نے اس کو درست کر دیا۔ حضرت ابن عباسؓ نے یہ آیت یوں پڑھی ہے: اَمَامَھُمْ مَلِکٌ (بجائے وَرَآئَھُمْ مَلِکٌ کے۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah