صحیح بخاری 2834: باب التَّحْرِيضِ عَلَى الْقِتَالِ
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا کہ معاویہ بن عمرو نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) ابواسحق نے ہمیں بتایا کہ حمید سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ خندق کی طرف نکلے (جو مدینہ کے گرد کھودی جارہی تھی) تو کیا دیکھتے ہیں کہ مہاجر اور انصار سردی میں صبح کے وقت خندق کھود رہے ہیں اور ان کے پاس غلام نہیں تھے کہ وہ ان کے لئے کام کرتے۔ جب آپؐ نے ان کو بھوک اور تکان کی حالت میں دیکھا تو (یہ شعر) پڑھا: زندگی تو آخرت ہی کی زندگی ہے یا الٰہی انصار اور مہاجرین کی پردہ پوشی فرماتے ہوئے ان کی کمزوریوں سے درگزر فرما اس پر انصار اور مہاجرین نے بھی آپؐ کے جواب میں (یہ شعر) پڑھا: ہم وہ لوگ ہیں جنہوں نے محمد ﷺ سے بیعت کی ہے کہ جب تک ہم زندہ رہیں گے جہاد کرتے رہیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah