صحیح بخاری 2914: باب مَا قِيلَ فِي الرِّمَاحِ
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمر بن عبیداللہ کے آزاد کردہ غلام ابو نضر سے، ابو نضر نے حضرت ابو قتادہ انصاریؓ کے آزاد کردہ غلام نافع سے، نافع نے حضرت ابو قتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ وہ (حدیبیہ کے موقع پر) رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھے۔ مکہ کے ایک راستہ میں جب وہ پہنچے تو وہ اپنے چند ساتھیوں سمیت جو احرام باندھے ہوئے تھے پیچھے رہ گئے اور حضرت ابو قتادہؓ نے احرام نہیں باندھا تھا۔ حضرت ابو قتادہؓ نے ایک گورخر دیکھا اور وہ اپنے گھوڑے پر بیٹھ گئے اور اپنے ساتھیوں سے کہا کہ انہیں ان کا کوڑا دے دیں۔ انہوں نے نہ مانا۔ پھر انہوں نے ان سے اپنا بھالا مانگا۔ اس (کے دینے) سے بھی انہوں نے انکار کیا۔ پھر انہوں نے خود اسے اٹھا لیا اور اس کے بعد اس گورخر پر زور سے حملہ کیا اور اسے شکار کرلیا۔ نبی ﷺ کے بعض صحابہ نے اس کے گوشت میں سے کچھ کھایا اور بعض نے نہ کھایا۔ جب وہ رسول اللہ ﷺ سے آملے تو انہوں نے آپؐ سے اس کے متعلق پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ ایک کھانا ہی ہے جو اللہ نے تمہیں کھلایا ہے۔ اور زید بن اسلم سے بھی گورخر کے متعلق یہی بات مروی ہے۔ زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابو قتادہؓ سے۔ اس میں ابو نضر کی روایت کی طرح یہ الفاظ ہیں: آپؐ نے پوچھا: کیا تمہارے پاس اس کے گوشت سے کچھ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah