صحیح بخاری 2934: باب الدُّعَاءِ عَلَى الْمُشْرِكِينَ بِالْهَزِيمَةِ وَالزَّلْزَلَةِ
عبداللہ بن ابی شیبہ نے ہمیں بتایا۔ جعفر بن عون نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحق سے، ابواسحق نے عمرو بن میمون سے، عمرو نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ ایک دفعہ کعبہ کے سایہ میں نماز پڑھ رہے تھے۔ ابوجہل اور قریش میں سے کچھ لوگوں نے مشورہ کیا اور مکہ کی کسی جہت میں ایک اونٹنی ذبح کی گئی تھی۔ انہوں نے اس کی اوجھڑی منگوا بھیجی اور وہ آپؐ پر ڈال دی۔ حضرت فاطمہؓ آئیں تو انہوں نے وہ آپؐ سے اُتاری۔ آپؐ نے یہ دعا کی: اے اللہ! قریش کو تو ہی سمجھ۔ اے اللہ! قریش کو تو ہی سمجھ۔ اے اللہ! قریش کو تو ہی سمجھ۔ ابوجہل بن ہشام اور عتبہ بن ربیعہ اور شیبہ بن ربیعہ اور ولید بن عتبہ اور اُبیّ بن خلف اور عقبہ بن ابی مُعَیط کو۔ حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے کہا: میں نے ان کو خود بدر کے کنوئیں میں دیکھا وہ قتل کئے گئے تھے۔ ابو اسحاق نے کہا: میں ساتویں شخص کا نام بھول گیا۔ یوسف بن ابی اسحاق نے ابو اسحاق سے (کبھی اُبیّ بن خلف کی بجائے) امیہ بن خلف نقل کیا۔ اور شعبہ نے کہا: اُمیہ ہے یا اُبی۔ اور صحیح اُمیہ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 98: باب الدُّعَاءِ عَلَى الْمُشْرِكِينَ بِالْهَزِيمَةِ وَالزَّلْزَلَةِ