صحیح بخاری 3141: بَابُ مَنْ لَمْ يُخَمِّسِ الأَسْلاَبَ
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یوسف بن ماجشون نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح بن ابراہیم بن عبدالرحمن بن عوف سے، صالح نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ان کے دادا سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں بدر کی لڑائی میں صف میں کھڑا تھا کہ میں نے اپنے دائیں بائیں نظر ڈالی تو کیا دیکھتا ہوں کہ دو اَنصاری لڑکے ہیں۔ ان کی عمریں چھوٹی ہیں۔ میں نے آرزو کی کہ کاش میں ایسے لوگوں کے درمیان ہوتا جو ان سے زیادہ جوان تنومند ہوتے۔ اتنے میں ان میں سے ایک نے مجھے ہاتھ سے دبا کر پوچھا: چچا! کیا آپؓ ابوجہل کو پہچانتے ہیں؟ میں نے کہا: ہاں۔ بھتیجے تمہیں اس سے کیا کام ہے؟ اس نے کہا: مجھے بتلایا گیا ہے کہ وہ رسول اللہ ﷺ کو گالیاں دیتا ہے اور اس ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے اگر میں اس کو دیکھ پائوں تو میری آنکھ اس کی آنکھ سے جدا نہ ہوگی جب تک ہم دونوں میں سے وہ نہ مر جائے جس کی مدت پہلے مقدر ہے۔ مجھے اس سے تعجب ہوا۔ پھر دوسرے نے مجھے ہاتھ سے دبایا اور اس نے بھی مجھ سے اسی طرح پوچھا۔ ابھی تھوڑا عرصہ گزرا ہوگا کہ میں نے ابوجہل کو لوگوں میں چکر لگاتے دیکھا۔ میں نے کہا: دیکھو یہ ہے وہ تمہارا ساتھی جس کے متعلق تم نے مجھ سے دریافت کیا تھا۔ یہ سنتے ہی وہ دونوں جلدی سے اپنی تلواریں لئے اس کی طرف لپکے اور اسے اتنا مارا کہ اس کو جان سے مار ڈالا اور پھر لوٹ کر رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور آپؐ کو خبر دی۔ آپؐ نے پوچھا: تم میں سے کس نے اس کو مارا ہے؟ دونوں نے کہا: میں نے اس کو مارا ہے۔ آپؐ نے پوچھا: کیا تم نے اپنی تلواریں پونچھ کر صاف کر لی ہیں؟ انہوں نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے تلواروں کو دیکھا۔ آپؐ نے فرمایا: تم دونوں نے ہی اس کو مارا ہے۔ اس کا سامانِ غنیمت معاذ بن عمرو بن جموح کو ملے گا اور ان دونوں کا نام معاذ تھا۔ معاذ بن عفرائ اور معاذ بن عمرو بن جموح۔ محمد نے کہا: یوسف نے صالح سے سنا اور ابراہیم نے اپنے باپ حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ سے سنا۔