صحیح بخاری 3142
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے یحيٰ بن سعید سے، یحيٰ نے (عمر بن کثیر) بن افلح سے، ابن افلح نے ابومحمد سے جو حضرت ابوقتادہؓ کے غلام تھے۔ ابومحمد نے حضرت ابوقتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ وہ کہتے تھے: جس سال حنین کی جنگ ہوئی ہم نبی ﷺ کے ساتھ نکلے۔ جب ہماری مڈبھیڑ ہوئی تو مسلمان اِدھر اُدھر ہٹ گئے اور میں نے مشرکوں میں سے ایک شخص کو دیکھا کہ وہ ایک مسلمان شخص کے اوپر چڑھا ہوا ہے۔ میں گھوم کر پیچھے سے اس کے پاس آیا اور تلوار سے اس کے مونڈھے کی رَگ پر ایک ضرب لگائی۔ وہ مجھ پر لپکا اور اس نے مجھے ایسا دبوچا کہ میں نے موت کی بو سونگھی۔ مگر موت نے اس کو آپکڑا اور اس نے مجھے چھوڑ دیا۔ میں حضرت عمر بن خطابؓ سے جا کر ملا اور میں نے کہا: لوگوں کو کیا ہوگیا ہے؟ انہوں نے کہا: اللہ کا حکم۔ پھر اس کے بعد لوگ لوٹ آئے اور نبی ﷺ بیٹھ گئے اور فرمایا: جس نے کسی کو قتل کیا ہو اور اس کے پاس اس کا ثبوت بھی ہو تو اسی کا وہ سامانِ غنیمت ہے جو مقتول سے لیا گیا ہو۔ میں کھڑا ہوا اور میں نے کہا: میرے لئے کون گواہی دے گا؟ اور یہ کہہ کر میں پھر بیٹھ گیا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: جس نے کسی کو قتل کیا ہو اور اس کے پاس اس کا ثبوت بھی ہو تو اسی کا وہ سامانِ غنیمت ہے جو مقتول سے پایا ہو۔ میں کھڑا ہوا اور یہ کہہ کر میں پھر بیٹھ گیا۔ آپؐ نے تیسری بار پھر ایسے ہی فرمایا۔ میں پھر کھڑا ہوا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ابو قتادہ! تمہارا کیا معاملہ ہے؟ میں نے آپؐ سے سارا واقعہ بیان کیا۔ تو ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! اس نے سچ کہا ہے اور اس کا سامانِ غنیمت میرے پاس ہے۔ آپؐ میری طرف سے اسے راضی کردیں۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے کہا: بخدا! ایسا نہیں ہوگا کہ اس (کے شکار) کا کوئی اور قصد کرے۔ وہ تو اللہ کے شیروں میں سے ایک شیر ہے جو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی طرف سے لڑ رہا تھا۔ رسول اللہ ﷺ اس سے یہ سلوک نہیں کریں گے کہ اس کا سامانِ غنیمت تمہیں دے دیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ابوبکر نے سچ کہا ہے اور آپؐ نے وہ سامان مجھے دلایا۔ {میں نے ذرہ بیچی { اور }اس کی قیمت سے } بنو سلمہ کے محلے میں ایک باغ خریدا اور یہ پہلی جائیداد ہے جو میں نے اسلام میں پیدا کی۔