صحیح بخاری 3145
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ جریر بن حازم نے ہمیں بتایا۔ حسن (بصری) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: حضرت عمرو بن تغلب رضی اللہ عنہ نے مجھے بتایا، کہا: ایک دفعہ رسول اللہ ﷺ نے (اموال یا قیدیوں میں سے) بعض لوگوں کو دیا اور بعض کو نہ دیا۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ جیسے وہ آپؐ سے ناراض ہیں۔ یہ دیکھ کر آپؐ نے فرمایا کہ میں بعض دفعہ ایسے لوگوں کو دیتا ہوں کہ جن سے مجھے اندیشہ ہوتا ہے کہ کہیں وہ ٹھوکر نہ کھائیں اور بے صبر نہ ہو جائیں اور بہت لوگوں کو اس بھلائی اور سیر چشمی کے سپرد کر دیتا ہوں جو اللہ نے ان کے دلوں میں پیدا کی ہے۔ ان میں سے عمرو بن تغلبؓ بھی ہیں۔ حضرت عمرو بن تغلبؓ کہتے ہیں: آنحضرت ﷺ نے میری نسبت جو یہ کلمہ فرمایا، اگر اس کے بدلے سرخ اونٹ مجھے ملتے تو میں اتنا خوش نہ ہوتا (جتنا آنحضرت ﷺ کے ارشاد پر ہوا) اور ابو عاصم نے جریر سے روایت کرتے ہوئے کچھ زیادہ بیان کیا، کہا: میں نے حسن سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت عمرو بن تغلبؓ نے ہم سے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس مال یا قیدی لائے گئے اور آپؐ نے انہیں تقسیم کیا۔ پھر یہی روایت بیان کی۔