صحیح بخاری 3147
حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ حَدَّثَنَا الزُّهْرِيُّ قَالَ أَخْبَرَنِي أَنَسُ بْنُ مَالِكٍ أَنَّ نَاسًا مِنَ الأَنْصَارِ قَالُوا لِرَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم حِينَ أَفَاءَ اللَّهُ عَلَى رَسُولِهِ صلى الله عليه وسلم مِنْ أَمْوَالِ هَوَازِنَ مَا أَفَاءَ فَطَفِقَ يُعْطِي رِجَالاً مِنْ قُرَيْشٍ الْمِائَةَ مِنَ الإِبِلِ فَقَالُوا يَغْفِرُ اللَّهُ لِرَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يُعْطِي قُرَيْشًا وَيَدَعُنَا وَسُيُوفُنَا تَقْطُرُ مِنْ دِمَائِهِمْ قَالَ أَنَسٌ فَحُدِّثَ رَسُولُ اللَّهِ بِمَقَالَتِهِمْ فَأَرْسَلَ إِلَى الأَنْصَارِ فَجَمَعَهُمْ فِي قُبَّةٍ مِنْ أَدَمٍ وَلَمْ يَدْعُ مَعَهُمْ أَحَدًا غَيْرَهُمْ فَلَمَّا اجْتَمَعُوا جَاءَهُمْ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ " مَا كَانَ حَدِيثٌ بَلَغَنِي عَنْكُمْ ". قَالَ لَهُ فُقَهَاؤُهُمْ أَمَّا ذَوُو آرَائِنَا يَا رَسُولَ اللَّهِ فَلَمْ يَقُولُوا شَيْئًا وَأَمَّا أُنَاسٌ مِنَّا حَدِيثَةٌ أَسْنَانُهُمْ فَقَالُوا يَغْفِرُ اللَّهُ لِرَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يُعْطِي قُرَيْشًا وَيَتْرُكُ الأَنْصَارَ وَسُيُوفُنَا تَقْطُرُ مِنْ دِمَائِهِمْ. فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " إِنِّي أُعْطِي رِجَالاً حَدِيثٌ عَهْدُهُمْ بِكُفْرٍ أَمَا تَرْضَوْنَ أَنْ يَذْهَبَ النَّاسُ بِالأَمْوَالِ وَتَرْجِعُونَ إِلَى رِحَالِكُمْ بِرَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَوَاللَّهِ مَا تَنْقَلِبُونَ بِهِ خَيْرٌ مِمَّا يَنْقَلِبُونَ بِهِ ". قَالُوا بَلَى يَا رَسُولَ اللَّهِ قَدْ رَضِينَا. فَقَالَ لَهُمْ " إِنَّكُمْ سَتَرَوْنَ بَعْدِي أُثْرَةً شَدِيدَةً فَاصْبِرُوا حَتَّى تَلْقَوُا اللَّهَ وَرَسُولَهُ صلى الله عليه وسلم عَلَى الْحَوْضِ ". قَالَ أَنَسٌ فَلَمْ نَصْبِرْ.
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ زُہری نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: حضرت انس بن مالکؓ نے مجھے بتایا کہ جب اللہ نے اپنے رسول ﷺ کو ہوازن کے مالوں میں سے عطا کیا اور آپؐ قریش کے بعض آدمیوں کو سو سو اونٹ دینے لگے تو اس وقت بعض انصاری لوگوں نے (رسول اللہ ﷺ کی نسبت) کہا: اللہ رسول اللہ ﷺ سے درگزر فرمائے۔ قریش کو دیتے ہیں اور ہمیں چھوڑ رہے ہیں۔ بحالیکہ ہماری تلواروں سے ان کے خون ٹپک رہے ہیں۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ سے ان کی یہ بات بیان کی گئی تو آپؐ نے انصار کو بلا بھیجا اور انہیں چمڑے کے ایک بڑے خیمے میں جمع کیا اور ان کے سوا اور کسی کو بھی ان کے ساتھ نہ بلایا۔ جب وہ اکٹھے ہوگئے تو رسول اللہ ﷺ ان کے پاس آئے اور آپؐ نے فرمایا: یہ کیا بات تھی جو تمہاری نسبت مجھے پہنچی ہے۔ ان میں سے عقل مندوں نے آپؐ سے کہا: یا رسول اللہ! ہم میں سے جو اہل الرائے ہیں، انہوں نے تو کچھ نہیں کہا۔ لیکن کچھ لوگ ایسے ہیں جو نوعمر ہیں، انہوں نے کہا تھا کہ اللہ رسول اللہ ﷺ کو معاف کرے قریش کو دیتے ہیں اور انصار کو چھوڑ رہے ہیں بحالیکہ ہماری تلواروں سے ان کے خون ٹپک رہے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں ایسے آدمیوں کو دیتا ہوں جو زمانہ کفر سے قریب ہیں۔ کیا تم خوش نہیں ہوتے کہ لوگ تو مال لے کر جائیں اور تم رسول اللہ ﷺ کو لے کر اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہو۔ بخدا جسے لے کر تم لوٹو گے وہ اس چیز سے بہتر ہے جس کو لے کر وہ لوٹیں گے۔ انصار نے کہا: کیوں نہیں یا رسول اللہ۔ ہم خوش ہیں۔ پھر آپؐ نے ان سے فرمایا: عنقریب میرے بعد تم سخت خودغرضی کو دیکھو گے۔ سو اس وقت تک صبر کرنا کہ تم اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے حوض پر ملو۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: مگر ہم نے صبر نہ کیا۔
کتاب 19: بَابُ مَا كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُعْطِي الْمُؤَلَّفَةَ قُلُوبُهُمْ وَغَيْرَهُمْ مِنَ الْخُمُسِ وَنَحْوِهِ