صحیح بخاری 3169: باب إِذَا غَدَرَ الْمُشْرِكُونَ بِالْمُسْلِمِينَ هَلْ يُعْفَى عَنْهُمْ

عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: سعید نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: جب خیبر فتح کیا گیا تو نبی ﷺ کو (ایک بھنی ہوئی) بکری ہدیہ بھیجی گئی جو زہر آلود تھی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: جو یہودی یہاں ہوں ان کو اکٹھا کرکے میرے پاس لے آئو۔ چنانچہ وہ آپؐ کے پاس لائے گئے۔ آپؐ نے فرمایا: میں تم سے ایک بات پوچھتا ہوں۔ کیا تم اس بارہ میں مجھ سے سچ کہو گے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ نبی ﷺ نے ان سے فرمایا: تمہارا باپ کون ہے؟ یہود نے کہا: فلاں شخص۔ آپؐ نے فرمایا: تم نے جھوٹ کہا ہے۔ بلکہ تمہارا باپ تو فلاں ہے۔ انہوں نے کہا: آپؐ نے سچ کہا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم مجھ سے سچ بات بیان کرو گے اگر میں تم سے وہ پوچھوں؟ انہوں نے کہا: ہاں، ابوالقاسم۔ اور اگر ہم نے جھوٹ بولا تو آپؐ ہمارے جھوٹ کو پہچان لیں گے۔ جیسا کہ باپ سے متعلق ہمارا جھوٹ پہچان گئے ہیں۔ آپؐ نے ان سے پوچھا: آگ میں پڑنے والے کون ہیں؟ انہوں نے کہا: تھوڑی دیر تو ہم اس میں رہیں گے۔ پھر ہمارے بعد تم لوگ اس میں رہ جاؤ گے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: چلو دور ہو۔ تم ہی اس میں رہو گے۔ بخدا! ہم اس میں کبھی بھی تمہارے جانشین نہیں ہوں گے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: کیا تم مجھ سے سچ بات بیان کرو گے، اگر میں تم سے وہ پوچھوں؟ انہوں نے کہا: ہاں، ابوالقاسم۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم نے اس بکری میں زہر ملایا ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے پوچھا: تمہیں کس بات نے اس پر آمادہ کیا؟ انہوں نے کہا: {ہم چاہتے تھے کہ} اگر تم کاذب ہوئے تو ہم تم سے آرام پائیں گے اور اگر تم نبی ہوئے تو یہ زہر تمہیں نقصان نہ دے گا۔ أطرافہُ: ۴۲۴۹، ۵۷۷۷۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ حَدَّثَنَا اللَّيْثُ قَالَ حَدَّثَنِي سَعِيدٌ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ لَمَّا فُتِحَتْ خَيْبَرُ أُهْدِيَتْ لِلنَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم شَاةٌ فِيهَا سُمٌّ فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " اجْمَعُوا إِلَىَّ مَنْ كَانَ هَا هُنَا مِنْ يَهُودَ ". فَجُمِعُوا لَهُ فَقَالَ " إِنِّي سَائِلُكُمْ عَنْ شَىْءٍ فَهَلْ أَنْتُمْ صَادِقِيَّ عَنْهُ ". فَقَالُوا نَعَمْ. قَالَ لَهُمُ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " مَنْ أَبُوكُمْ ". قَالُوا فُلاَنٌ. فَقَالَ " كَذَبْتُمْ بَلْ أَبُوكُمْ فُلاَنٌ ". قَالُوا صَدَقْتَ. قَالَ " فَهَلْ أَنْتُمْ صَادِقِيَّ عَنْ شَىْءٍ إِنْ سَأَلْتُ عَنْهُ " فَقَالُوا نَعَمْ يَا أَبَا الْقَاسِمِ وَإِنْ كَذَبْنَا عَرَفْتَ كَذِبَنَا كَمَا عَرَفْتَهُ فِي أَبِينَا. فَقَالَ لَهُمْ " مَنْ أَهْلُ النَّارِ ". قَالُوا نَكُونُ فِيهَا يَسِيرًا ثُمَّ تَخْلُفُونَا فِيهَا. فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " اخْسَئُوا فِيهَا وَاللَّهِ لاَ نَخْلُفُكُمْ فِيهَا أَبَدًا ـ ثُمَّ قَالَ ـ هَلْ أَنْتُمْ صَادِقِيَّ عَنْ شَىْءٍ إِنْ سَأَلْتُكُمْ عَنْهُ ". فَقَالُوا نَعَمْ يَا أَبَا الْقَاسِمِ. قَالَ " هَلْ جَعَلْتُمْ فِي هَذِهِ الشَّاةِ سُمًّا ". قَالُوا نَعَمْ. قَالَ " مَا حَمَلَكُمْ عَلَى ذَلِكَ ". قَالُوا أَرَدْنَا إِنْ كُنْتَ كَاذِبًا نَسْتَرِيحُ وَإِنْ كُنْتَ نَبِيًّا لَمْ يَضُرَّكَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

باب 7: باب إِذَا غَدَرَ الْمُشْرِكُونَ بِالْمُسْلِمِينَ هَلْ يُعْفَى عَنْهُمْ

آج 10 میں سے 10 باقی