صحیح بخاری 3207
ہدبہ بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی۔ اور خلیفہ (بن خیاط) نے مجھ سے کہا کہ یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا۔ سعید (بن ابی عروبہ) اور ہشام (دستوائی) دونوں نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت انس بن مالک نے حضرت مالک بن صعصعہ رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا، کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: ایک بار بیت اللہ کے پاس میں خواب اور بیداری کی حالت کے درمیان تھا، نہ بالکل سویا ہوا تھا نہ جاگتا۔ آپؐ نے ذکر کیا کہ آپؐ دو آدمیوں کے درمیان تھے کہ اتنے میں میرے پاس سونے کا ایک طشت جو حکمت اور ایمان سے بھرا ہوا تھا لایا گیا اور میرا سینہ گلے سے پیٹ کے نیچے تک چیرا گیا۔ پھر میرا پیٹ زمزم کے پانی سے دھویا گیا۔ اس کے بعد اسے حکمت اور ایمان سے بھر دیا گیا اور میرے سامنے ایک سفید جانور لایا گیا جو خچر سے چھوٹا اور گدھے سے بڑا تھا۔ یعنی براق۔ میں جبرائیل کے ساتھ چل پڑا۔ یہاں تک کہ ہم سب سے نچلے آسمان پر پہنچے۔ پوچھا گیا: یہ کون ہے؟ انہوں نے کہا: جبرائیل۔ پوچھا گیا: تمہارے ساتھ کون ہے؟ انہوں نے کہا: محمد (ﷺ) پوچھا گیا: کیا انہیں بلایا گیا؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ کہا گیا: خوشی سے آئیں۔ آپؐ کا آنا کیا ہی مبارک ہے۔ پھر میں آدمؑ کے پاس آیا اور میں نے انہیں السلام علیکم کہا۔ تو انہوں نے کہا: خوشی سے آئیں۔ بیٹے بھی ہو نبی بھی۔ ہم دوسرے آسمان پر پہنچے۔ پوچھا گیا: یہ کون ہے؟ انہوں نے کہا: جبرائیل۔ پوچھا گیا: آپ کے ساتھ کون ہے؟ انہوں نے کہا: محمد (ﷺ)۔ پوچھا گیا: کیا انہیں بلا بھیجا ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ کہا گیا: خوشی سے آئیں۔ آپ کا آنا کیا ہی مبارک ہے۔ پھر میں عیسیٰ اور یحيٰ کے پاس آیا۔ ان دونوں نے کہا: خوشی سے آئیں۔ آپؐ بھائی بھی ہیں اور نبی بھی۔ پھر ہم تیسرے آسمان پر پہنچے۔ پوچھا گیا: کون ہے یہ؟ کہا گیا: جبرائیل۔ پوچھا گیا: تمہارے ساتھ کون ہے؟ کہا: محمدؐ۔ پوچھا گیا: کیا انہیں بلایا گیا ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ کہا گیا: خوشی سے آئیں اور آپؐ کا آنا کتنا ہی بابرکت ہے۔ پھر میں یوسف ؑ کے پاس آیا۔ انہیں السلام علیکم کہا۔ انہوں نے کہا: خوشی سے آئیں۔ بھائی بھی ہیں اور نبی بھی۔ پھر ہم چوتھے آسمان پر پہنچے۔ پوچھا گیا: کون ہے؟ کہا: جبرائیل۔ پوچھا گیا: آپ کے ساتھ کون ہے؟ کہا گیا: محمد ﷺ۔ پوچھا گیا: کیا انہیں بلا بھیجا گیا ہے؟ جواب دیا: ہاں۔ کہا گیا: خوشی سے آئیں اور آپ کا تشریف لانا کتنا ہی اچھا ہے۔ پھر میں ادریس ؑ کے پاس آیا اور میں نے انہیں سلام کہا۔ انہوں نے کہا: خوش و خرم آئیں۔ بھائی بھی ہیں اور نبی بھی۔ پھر ہم پانچویں آسمان پر پہنچے۔ پوچھا گیا: یہ کون ہیں؟ کہا گیا: جبرائیل۔ پوچھا گیا: آپ کے ساتھ کون ہیں؟ جواب دیا گیا: محمدؐ۔ پوچھا گیا: کیا انہیں بلا بھیجا ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ کہا گیا: خوش و خرم آئیں اور آپؐ کا آنا کیا ہی اچھا ہے۔ پھر ہم ہارون کے پاس آئے اور میں نے انہیں سلام کیا۔ انہوں نے کہا: آپ خوش و خرم آئیں۔ بھائی بھی ہیں اور نبی بھی۔ پھر ہم چھٹے آسمان پر پہنچے۔ پوچھا گیا: کون ہے؟ جواب دیا گیا: جبریل۔ پوچھا گیا: آپ کے ساتھ کون ہیں؟ کہا گیا: محمد ﷺ۔ پوچھا گیا: کیا انہیں بلا بھیجا ہے؟ خوش و خرم آئیں۔ اور آپ کا تشریف لانا کیا ہی اچھا اور مبارک ہے۔ پھر میں موسیٰ کے پاس آیا۔ اور میں نے انہیں سلام کیا۔ انہوں نے کہا: خوش و خرم آئیں۔ بھائی بھی ہیں اور نبی بھی۔ جب میں آگے بڑھا تو وہ رونے لگے۔ ان سے پوچھا گیا: آپ کو کس بات نے رُلایا ہے؟ انہوں نے کہا: اے ربّ! یہ نوجوان جو میرے بعد مبعوث کیا گیا ہے، اس کی امت سے بہترین لوگ جنت میں داخل ہوں گے بہ نسبت میری امت کے۔ پھر ہم ساتویں آسمان پر پہنچے۔ پوچھا گیا: کون ہے یہ؟ کہا گیا: جبرائیل۔ پوچھا گیا: آپ کے ساتھ کون ہیں؟ جواب دیا گیا: محمدؐ۔ پوچھا گیا: کیا انہیں بلا بھیجا ہے؟ (جواب دیا گیا: ہاں۔ کہا:) خوش و خرم آئیں۔ آپ کی تشریف آوری کتنی ہی مبارک ہے۔ پھر میں ابراہیم ؑ کے پاس آیا۔ اور میں نے انہیں سلام کیا۔ انہوں نے کہا: خوش و خرم آئیں۔ آپؐ بیٹے بھی ہیں اور نبی بھی۔ پھر بیت المعمور دُور سے مجھے دکھائی دیا۔ میں نے جبرائیل سے پوچھا۔ انہوں نے کہا: یہ وہ بیت المعمور ہے جس میں ہر روز ستر ہزار ملائکہ نماز پڑھتے ہیں۔ جب وہاں سے وہ نکلتے ہیں تو پھر کبھی آخر تک وہاں لوٹ کر نہیں آتے اور مجھے دور سے سدرۃ المنتہیٰ دکھائی دیا گیا۔ دیکھتا ہوں کہ اس کے بیر ایسے ہیں جیسے ہجر کے مٹکے اور اس کے پتے اتنے بڑے ہیں جیسے ہاتھیوں کے کان۔ اس کی جڑ میں چار ندیاں ہیں۔ دو اَندر اور دو باہر۔ میں نے جبرائیل سے پوچھا۔ تو انہوں نے کہا: وہ جو اندر ہیں وہ جنت میں جا رہی ہیں اور جو باہر ہیں وہ نیل اور فرات ہیں۔ پھر پچاس نمازیں مجھ پر فرض کی گئیں اور میں وہاں سے چلا آیا۔ یہاں تک کہ موسیٰ کے پاس پہنچا۔ انہوں نے کہا: تم نے کیا بنایا۔ میں نے کہا: پچاس نمازیں مجھ پر فرض کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا: لوگوں کو آپؐ سے میں زیادہ جانتا ہوں۔ میں نے بنی اسرائیل کی اصلاح کرنے میں بہت ہی کوشش کی۔ آپؐ کی امت برداشت نہیں کرے گی۔ اس لئے اپنے ربّ کے پاس واپس جائیں اور (کم کرنے کے لئے) التماس کریں۔ چنانچہ میں واپس گیا اور میں نے اللہ تعالیٰ سے عرض کی تو اس نے اس کو چالیس کردیا۔ پھر اس کے بعد موسیٰ نے پہلے کی طرح مجھے واپس بھجوایا اور اللہ تعالیٰ نے تیس کردیں۔ پھر ایسا ہی کیا تو اس نے بیس کردیں۔ پھر ایسا ہی کیا تو دس کردیں۔ پھر میں موسیٰ کے پاس آیا تو پھر انہوں نے ویسے ہی تخفیف کرانے کے لئے کہا۔ تو اللہ تعالیٰ نے پانچ کردیں۔ پھر میں موسیٰ کے پاس آیا۔ تو انہوں نے پوچھا: تم نے کیا بنایا۔ میں نے کہا: اللہ تعالیٰ نے ان کو پانچ کردیا ہے۔ پھر انہوں نے اسی طرح کم کروانے کے لئے کہا۔ میں نے کہا: میں اچھی طرح قبول کرچکا ہوں۔ (اب نہیں جاتا) پھر یہ آواز آئی کہ میں نے اپنا فریضہ نافذ کردیا ہے اور اپنے بندوں سے بوجھ کو ہلکا کردیا ہے۔ میں نیکی کا بدلہ دس گنا دوں گا۔ اور ہمام نے قتادہ سے، قتادہ نے حسن (بصری) سے، حسن نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابو ہریرہؓ نے نبی ﷺ سے صرف بیت المعمور کے متعلق ہی نقل کیا۔