صحیح بخاری 3239
ہمیں محمد بن بشار نے بتایا کہ ہم سے غندر نے کہا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی اور خلیفہ (بن خیاط) نے بھی مجھ سے کہا کہ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا۔ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے ابوالعالیہ سے روایت کی کہ تمہارے نبیؐ کے چچازاد یعنی (حضرت عبداللہ) بن عباس رضی اللہ عنہما نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جس رات میرے ساتھ اسراء کا واقعہ ہوا، میں نے حضرت موسیٰؑ کو دیکھا جو گندم گوں بہت لمبے گھونگریالے بالوں والے آدمی تھے۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ گویا وہ شنوء ۃ کے مردوں میں سے ہیں اور میں نے حضرت عیسیٰؑ کو دیکھا جو میانہ قد میانہ ڈیل ڈول کے آدمی تھے۔ رنگ سفید سرخی مائل، سر کے بال سیدھے۔ اور میں نے مالک کو دیکھا جو دوزخ کا داروغہ ہے اور دجال کو بھی دیکھا۔ الٰہی قدرتوں کے نمونوں کو جو اللہ نے آپؐ کو دکھائے اور یہ جو اللہ تعالیٰ نے سورئہ سجدہ میں فرمایا ہے: تو اس کی ملاقات سے شک میں نہ ہو۔ حضرت انسؓ اور حضرت ابو بکرہؓ نے نبی ﷺ سے نقل کیا ہے کہ ملائکہ دجال سے مدینہ کی حفاظت کریں گے۔