صحیح بخاری 3364: باب {يَزِفُّونَ} النَّسَلاَنُ فِي الْمَشْىِ
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے (بھی) ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سختیانی اور کثیر بن کثیر بن مطلب بن ابی وداعہ سے روایت کی۔ یہ دونوں ایک دوسرے سے کچھ زیادہ بیان کرتے تھے۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے روایت کی کہ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: عورتوں نے جو پہلے پہل کمر کی پیٹی باندھنا شروع کی تو یہ حضرت اسماعیلؑ کی والدہ کی طرف سے ہوا تھا۔ انہوں نے کمر میں پٹہ باندھا تاکہ وہ سارہ کے لئے اپنے قدموں کے نشان مٹا دیں۔ اس کے بعد حضرت ابراہیمؑ انہیں اور ان کے بیٹے حضرت اسماعیلؑ کو جنہیں وہ دودھ پلاتی تھیں لائے اور ان کو بیت اللہ کے قریب ایک بڑے درخت کے قریب بٹھا دیا جو زمزم کے اوپر مسجد کی بلند جانب میں تھا اور مکہ میں ان دِنوں کوئی بھی نہ تھا اور نہ ہی اس میں پانی تھا۔ حضرت ابراہیمؑ نے ان دونوں کو وہاں چھوڑ دیا اور ایک تھیلہ جس میں کھجوریں تھیں اور ایک مشکیزہ جس میں پانی تھا ان کے پاس رکھ دیا۔ پھر حضرت ابراہیمؑ واپس چلے آئے اور حضرت اسماعیلؑ کی ماں ان کے پیچھے گئیں اور انہوں نے کہا: ابراہیمؑ کہاں جاتے ہو اور ہمیں اس جنگل میں چھوڑ رہے ہو، جہاں نہ کوئی انسان ہے اور نہ کوئی چیز۔ حضرت ہاجرہ نے حضرت ابراہیمؑ سے یہ کئی بار کہا اور وہ ان کی طرف مڑ کر دیکھتے بھی نہ تھے۔ آخر حضرت ہاجرہ نے ان سے کہا: کیا اللہ نے آپؑ کو ایسا حکم دیا ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا: ہاں۔ کہنے لگیں: پھر وہ ہمیں ضائع نہیں کرے گا اور یہ کہہ کر واپس آئیں۔ حضرت ابراہیمؑ چلے گئے یہاں تک کہ جب وہ اس گھاٹی کے قریب پہنچے جہاں وہ نہیں دیکھ سکتے تھے، انہوں نے بیت اللہ کی طرف منہ کیا اور ہاتھ اٹھا کر ان الفاظ میں دعا کی: اے میرے ربّ میں نے اپنی اولاد کو ایک ایسے میدان میں ٹھہرایا ہے جہاں کچھ بھی نہیں اُگتا۔۔۔۔ تاکہ وہ شکر کریں۔ اور حضرت اسماعیلؑ کی ماں حضرت اسماعیلؑ کو دودھ پلانے لگیں اور اس پانی سے خود بھی پیتی رہیں (اور حضرت اسماعیلؑ کو بھی پلاتی رہیں) یہاں تک کہ مشکیزہ میں جو پانی تھا جب ختم ہوگیا تو وہ پیاسی ہوئیں اور ان کے بیٹے کو بھی پیاس لگی اور اس کو دیکھنے لگیں کہ وہ مارے پیاس کے پیچ و تاب کھا رہا ہے، یا کہا کہ وہ تڑپ رہا ہے۔ وہ گئیں کیونکہ اس کو ایسی حالت میں دیکھنا انہیں گوارا نہ ہوا اور اس علاقہ میں صفا ہی نزدیک ترین پہاڑ تھا جو انہوں نے دیکھا کہ ان کے بالکل قریب ہے، اس پر وہ کھڑی ہوئیں اور اس وادی کی طرف منہ کرکے دیکھنے لگیں کہ آیا کوئی انہیں نظر آتا ہے۔ مگر انہوں نے کسی کو نہ دیکھا اور صفا سے وہ نیچے اتر آئیں۔ جب نالے میں پہنچیں اپنی قمیص کا کنارہ اُٹھایا۔ پھر وہ اس طرف دوڑیں جیسے مصیبت زدہ انسان بھاگتا ہے۔ یہاں تک کہ وہ اس نالے کے پار گئیں۔ پھر وہ مروہ پہاڑ پر آئیں اور اس پر کھڑی ہوئیں اور نظر ڈالی کہ آیا کوئی انہیں دکھائی دیتا ہے۔ مگر انہوں نے کسی کو بھی نہ دیکھا۔ اسی طرح انہوں نے سات بار کیا۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: یہی وجہ ہے کہ لوگ ان دونوں ٹیلوں کے درمیان دوڑتے ہیں۔ پھر جب وہ مروہ پر چڑھ کر جھانکیں تو انہوں نے کوئی آواز سنی۔ کہنے لگیں: چپ۔ یہ بات وہ اپنے آپ کو ہی کہتی تھیں۔ پھر کان لگا کر سننے کی کوشش کی۔ {پھر انہوں نے اسی طرح آواز سنی}۔ تب وہ بولیں: میں نے تمہاری آواز سن لی ہے۔ اگر تم نے کچھ مدد کرنی ہے تو کرو۔ کیا دیکھتی ہیں کہ فرشتہ ہے زمزم کی جگہ کے قریب۔ اس نے اپنی ایڑی سے یا کہا: اپنے بازو سے زمین کرید ڈالی۔ یہاں تک کہ پانی نکل آیا۔ اس پر حضرت ہاجرہ نے وہاں حوض بنانا شروع کردیا۔ اور اپنے ہاتھ سے اس طرح منڈیر بنایا اور چلو سے پانی لے کر اپنے مشکیزے میں ڈالنے لگیں۔ چلو سے پانی لے چکتیں کہ وہ جوش مارتا اور نکل آتا۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ اسماعیل کی ماں پر رحم کرے۔ اگر وہ زمزم کو (اپنی حالت پر) چھوڑ دیتیں یا فرمایا: اگر پانی چلو بھر بھر کر نہ لیتیں تو زمزم اب ایک بہتا ہوا چشمہ ہوتا۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: چنانچہ حضرت ہاجرہ نے پانی پیا اور اپنے بچے کو دودھ پلایا اور ان کو اس فرشتے نے کہا: مت ڈرو کہ تم ضائع ہوجاؤ گے۔ کیونکہ یہاں بیت اللہ ہے۔ یہ لڑکا اور اس کا باپ اسے بنائیں گے اور اللہ اپنے گھر والوں کو ضائع نہیں کرے گا اور اس وقت وہ گھر زمین سے اوپر قدرے اُٹھا ہوا تھا، جیسے ٹبہ ہوتا ہے۔ سیلاب وہاں آتے اور اس کے دائیں اور بائیں جانب سے کچھ نہ کچھ بہا کر لے جاتے تھے۔ حضرت ہاجرہ اسی حالت میں تھیں کہ اتنے میں جرہم کا ایک قافلہ یا کہا جرہم کا ایک قبیلہ کداء کے راستے سے آتے ہوئے ان کے پاس سے گزرا اور انہوں نے مکہ کے نشیب میں ڈیرہ لگایا۔ انہوں نے ایک پرندہ گھومتے ہوئے دیکھا۔ کہنے لگے: یہ پرندہ تو یقینا پانی پر گھوم رہا ہے۔ ہم اس نالے سے خوب واقف ہیں۔ پانی تو اس میں کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے ایک یا دو خادم بھیجے تو کیا دیکھتے ہیں کہ وہاں پانی ہے۔ وہ لوٹ آئے اور ان کو خبر دی۔ اس پر وہ آئے۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا اور حضرت اسماعیلؑ کی ماں پانی کے پاس ہی تھیں۔ انہوں نے کہا: ہمیں تم اجازت دیتی ہو کہ تمہارے پاس ڈیرہ لگائیں۔ حضرت ہاجرہ نے کہا: ہاں (اجازت ہے۔) مگر پانی میں تمہارا کوئی حق نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا: اچھا۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: یہ اجازت حضرت اسماعیلؑ کی ماں سے اتفاق سے ایسے وقت میں مانگی گئی جبکہ وہ چاہتی تھیں کہ یہاں آدمی آباد ہوں۔ وہ اُتر پڑے اور اپنے بال بچوں کو بلا لیا اور وہ بھی ان کے ساتھ ٹھہرے۔ جب وہاں کئی گھرانے ہوگئے اور وہ لڑکا جوان ہوا اور اس نے ان سے عربی سیکھی اور حضرت اسماعیلؑ جب جوان ہوئے تو وہ انہیں بہت پیارے تھے۔ جب وہ بالغ ہوگئے تو جرہم نے اپنے میں سے ایک عورت کے ساتھ ان کی شادی کردی اور حضرت اسماعیلؑ کی ماں فوت ہوگئیں اور حضرت ابراہیمؑ حضرت اسماعیلؑ کے شادی کرنے کے بعد آئے۔ جنہیں وہ چھوڑ گئے تھے انہیں دیکھنے کے لیے آئے۔ اور حضرت اسماعیلؑ کو (گھر میں) نہ پایا۔ تو انہوں نے ان کی بیوی سے ان کے متعلق دریافت کیا۔ اس نے کہا: باہر گیا ہے، ہمارے لئے روزی تلاش کررہا ہے۔ پھر حضرت ابراہیمؑ نے اس سے ان کی گزران اور حالت سے متعلق پوچھا۔ اس نے کہا: ہم بری حالت میں ہیں۔ تنگی اور تکلیف میں ہیں۔ پس اس نے ان سے شکایت کی۔ حضرت ابراہیمؑ نے کہا: جب تمہارا خاوند آئے، اسے سلام کہیو اور اسے کہنا کہ اپنے دروازہ کی دہلیز بدل دے۔ جب حضرت اسماعیلؑ آئے تو انہوں نے کہا کہ کیا کوئی تمہارے پاس آیا تھا؟ جیسے انہوں نے کوئی غیر معمولی بات دیکھی۔ اس نے کہا: ہاں ہمارے پاس ایک بوڑھا آیا تھا، ایسا ایسا تھا۔ اس نے ہم سے تمہارے متعلق دریافت کیا تھا۔ میں نے اس کو بتا دیا اور اس نے مجھ سے پوچھا تھا: ہمارا گزران کیسا ہے؟ میں نے اسے بتایا کہ ہم تنگی اور تکلیف میں ہیں۔ حضرت اسماعیلؑ نے پوچھا: کیا تمہیں کچھ فرمایا تھا؟ اس نے کہاں: ہاں۔ مجھے فرمایا تھا کہ میں تمہیں سلام کہوں اور وہ کہتا تھا کہ تم اپنے دروازے کی دہلیز بدل ڈالو۔ انہوں نے کہا: یہ میرے باپ تھے (اور) انہوں نے مجھے حکم دیا ہے کہ میں تمہیں چھوڑ دوں۔ اپنے گھر والوں کے ہاں چلی جاؤ اور انہوں نے اس کو طلاق دے دی اور ان میں سے ایک اور سے شادی کرلی۔ پھر حضرت ابراہیمؑ جب تک اللہ نے چاہا ان کے پاس نہیں آئے۔ (اپنے علاقہ میں ہی رہے۔) پھر کچھ عرصہ بعد ان کے پاس آئے اور انہوں نے حضرت اسماعیلؑ کو نہ پایا۔ وہ ان کی بیوی کے پاس اندر آئے اور اس سے ان کے متعلق دریافت کیا۔ کہنے لگی: ہمارے لئے روزی تلاش کرنے کو باہر گئے ہیں۔ انہوں نے پوچھا: تم کیسے ہو؟ اور ان کی گزران اور حالت سے متعلق اس سے پوچھا۔ اس نے کہا: الحمد للہ۔ ہم خیریت سے ہیں۔ ہر بات کی کشائش ہے۔ انہوں نے پوچھا: تمہاری خوراک کیا ہے؟ اس نے کہا: گوشت۔ انہوں نے پوچھا: اور تم پیتے کیا ہو؟ اس نے کہا: پانی۔ حضرت ابراہیمؑ نے کہا: اے اللہ ان کے لئے گوشت اور پانی میں برکت دے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ان دِنوں ان کے پاس اناج نہیں ہوتا تھا اور اگر ہوتا تو وہ اناج کی بابت بھی ان کے لئے دعا کرتے۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: مکہ کے سوا دوسری جگہوں میں ان دو چیزوں پر آدمی گزارہ نہیں کرسکتا۔ یہ غذا ضرور ناموافق ہوتی ہے۔ حضرت ابراہیمؑ نے کہا: جب تمہارا خاوند آئے تو اسے سلام کہیو اور کہیو کہ وہ اپنے دروازے کی دہلیز قائم رکھے۔ جب حضرت اسماعیلؑ آئے تو انہوں نے پوچھا: کیا تمہارے پاس کوئی آدمی آیا تھا؟ ان کی بیوی نے کہا: ہاں ایک بوڑھے آئے تھے۔ اچھی وضع اور شکل تھی اور اس نے ان کی تعریف کی اور کہا: انہوں نے مجھ سے آپؑ کے بارہ میں دریافت کیا۔ میں نے انہیں بتا دیا۔ پھر انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ ہمارا گزارا کیسا ہے؟ میں نے انہیں بتایا کہ اچھی حالت میں ہیں۔ حضرت اسماعیلؑ نے پوچھا: تو کیا انہوں نے تمہیں کچھ فرمایا تھا؟ اس نے کہا: ہاں۔ آپؑ کو سلام کہتے تھے اور فرماتے تھے کہ اپنے دروازے کی دہلیز قائم رکھے۔ انہوں نے کہا: وہ میرے باپ ہیں اور تم ہی وہ دہلیز ہو۔ انہوں نے مجھے فرمایا ہے کہ میں تمہیں رہنے دوں۔ پھر حضرت ابراہیمؑ جتنی دیر اللہ نے چاہا ان کے پاس نہ آئے۔ (اپنے ملک ہی میں ٹھہرے۔) پھر اس کے بعد وہ آئے اور حضرت اسماعیلؑ اس وقت زمزم کے قریب ایک بڑے درخت کے نیچے (بیٹھے) اپنے لئے تیر تراش کر بنا رہے تھے۔ جب حضرت اسماعیل ؑ نے ان کو دیکھا، وہ اُٹھ کر ان سے ملے اور جیسا باپ بیٹے سے اور بیٹا باپ سے پیش آتا ہے وہ دونوں ایک دوسرے سے پیش آئے۔ پھر حضرت ابراہیمؑ نے کہا: اسماعیلؑ اللہ نے مجھے ایک بات کا حکم دیا ہے۔ حضرت اسماعیلؑ نے کہا: جو حکم اللہ نے آپؑ کو دیا ہے بجا لائیں۔ انہوں نے کہا: اور تم میری مدد کروگے؟ حضرت اسماعیلؑ نے کہا: میں آپؑ کی مدد کروں گا۔ حضرت ابراہیمؑ نے کہا: اللہ نے مجھے حکم دیا ہے کہ میں یہاں ایک گھر بناؤں اور انہوں نے ایک اونچے ٹیلے کی طرف اشارہ کیا۔ یعنی اس کے ارد گرد جو جگہ اس پر تھی۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: اس وقت ان دونوں نے بیت اللہ کی بنیادیں اُٹھائیں۔ حضرت اسماعیلؑ پتھر لانے لگے اور حضرت ابراہیمؑ بناتے تھے۔ یہاں تک کہ جب عمارت اونچی ہوگئی تو حضرت اسماعیلؑ یہ پتھر لائے اور اسے حضرت ابراہیمؑ کے لئے وہاں رکھ دیا۔ وہ اس پر کھڑے ہوکر عمارت بناتے تھے اور حضرت اسماعیلؑ انہیں پتھر پکڑاتے جاتے تھے اور وہ دونوں ساتھ ساتھ یہ دعا بھی مانگتے تھے: اے ہمارے ربّ! ہم سے یہ قبول کیجئے۔ تو ہی خوب سنتا ہے، خوب جانتا ہے۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: غرض وہ دونوں اس طرح بناتے رہے۔ بیت اللہ کے ارد گرد پھرتے تھے اور یہ کہتے جاتے تھے: اے ہمارے ربّ ہم سے یہ قبول کیجئے۔ تو ہی خوب سنتا ہے، خوب جانتا ہے۔