صحیح بخاری 3466: كتاب أحاديث الأنبياء
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا کہ ابوالزناد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عبدالرحمن سے روایت کی۔ عبدالرحمن نے ان کو بتایا کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ حضرت ابوہریرہؓ نے رسول اللہﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: ایک بار ایک عورت اپنے بیٹے کو دودھ پلا رہی تھی۔ اتنے میں ایک سوار اس کے سامنے سے گذرا اور وہ اس کو دودھ پلا رہی تھی۔ وہ بولی: اے اللہ! میرے بیٹے کو نہ ماریو جب تک کہ اس جیسا نہ ہوجائے۔ (یہ سن کر) وہ بچہ بولا: اے اللہ! مجھے اس جیسا نہ بنائیو۔ پھر وہ پستان سے دودھ پینے لگ گیا۔ پھر ایک عورت کو لے کر گذرے جسے گھسیٹ رہے تھے۔ اس سے ہنسی مخول کر رہے تھے۔ وہ کہنے لگی: اے اللہ! میرے بیٹے کو اس عورت جیسا نہ بنائیو۔ وہ بولا: اے اللہ! مجھے اس جیسا بنا۔ وہ بچہ کہنے لگا: وہ جو سوار ہے وہ تو کافر ہے اور یہ جو عورت ہے اس کو کہہ رہے ہیں کہ تو زنا کرتی ہے اور وہ کہتی ہے کہ اللہ ہی مجھے جانتا ہے کہ میں پاک دامن ہوں۔ اسی طرح لوگ کہتے ہیں کہ تو چوری کرتی ہے۔ وہ کہتی ہے کہ اللہ ہی مجھے جانتا ہے کہ میں نے ایسا فعل کبھی نہیں کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah